Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ذوالقعدہ 1433ھ

ہ رسالہ

14 - 14
مبصر کے قلم سے
ادارہ
نفیس تشریح السراجی
افادات: مولانا سید وقار علی ، مرتب: مفتی محمدعلی حسن نہٹوری
صفحات:264 سائز:23x36=16
ناشر: ادارہ تالیفات اشرفیہ، ملتان

درس نظامی کے نصاب میں داخل علم فرائض کی معروف کتاب ”سراجی“ کو الله تعالیٰ نے بہت مقبولیت عطا کی ہے اور یہ کتاب صدیوں سے اسلامی مدارس کے نصاب کا حصہ رہی ہے ۔ زیر نظر کتاب اس کی اردو شرح ہے جو مظاہر علوم ( وقف) سہارن پور کے ناظم تعلیمات حضرت مولانا سید وقار علی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے درسی افادات کا مجموعہ ہے اور اسے ان کے تلمیذ رشید او رمظاہر علوم (وقف) سہارن پور کے استاد مولانا مفتی محمد علی حسن نہٹوری نے مرتب کیا ہے۔ اس میں عربی متن پر اعراب لگائے گئے ہیں، عبارت کا ترجمہ کیا گیا ہے ، الفاظ کی لغوی تحقیق پیش کی گئی ہے ،مسائل کی تشریح خوب صورت اور نہایت سہل انداز میں کی گئی ہے اور میراث کے مسائل کے ساتھ نقشے بھی دیے گئے ہیں، یہ شرح سراجی کے باب المناسخہ تک کی ہے ۔ اس کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ صاحب افادات نے تقریباً نصف صدی تک ”سراجی“ کی تدریس کی ہے اور سینکڑوں علماء وطلبہ نے ان سے استفادہ کیا ہے تو یہ شرح ان کے نصف صدی کے تجربات کا نچوڑ ہے۔

کتاب کا ورق درمیانہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

تسہیل اصطلاحات حدیث
تالیف: سید عبدالماجد غوری
صفحات:184 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

جیسا کہ کتاب کے نام سے ظاہر ہے کہ اس کتاب میں فن حدیث کی اصطلاحات کو آسان اسلوب میں مرتب کیا گیا ہے ۔ مؤلف کتاب نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے پیش لفظ میں لکھا ہے کہ :
”اصول حدیث کی بحث خالص علمی بحث ہوتی ہے اور عام فہم زبان میں اس کی تسہیل وتشریح دشوار ہوتی ہے ، مؤلف کو دمشق میں اپنے زمانہٴ طالب علمی کے دوران اصول فقہ اور اصول حدیث کی مشہور کتابوں کو وہاں کے معروف اساتذہ وشیوخ سے پڑھنے کی سعادت حاصل رہی اور اسی اثنا میں وہاں ابتدائی درجات کے طلباء کو اصول حدیث پڑھانے کا موقع بھی ملا، جنہیں متقدمین کی خالص اصولی ومنطقی تعریفات کو سمجھنا دشوار ہوتا ہے، مؤلف نے متقدمین کی کتابوں سے استفادہ کرتے ہوئے عام فہم زبان میں اصول حدیث کو از سر نو ترتیب دے کر المدخل إلی دراسة علوم الحدیث“ (مطبوعہ دارابن کثیر، دمشق) کے نام سے ایک کتاب تصنیف کی تھی، جس کو ان طلباء نے بے حد مفید پایا ، اسی مذکورہ کتاب کے بعض ابحاث کے اردو ترجمے کو او رمؤلف کی ایک مشترک تالیف” علوم حدیث: تاریخ وتعارف“ کی چند ابحاث کو بالاختصار اس کتاب میں پیش کیا جارہا ہے ، جس میں سہل اسلوب میں حدیث کی اصطلاحات کو مع امثلہ وشواھد بیان کرنے کا حدد رجہ اہتمام کیا گیا ہے۔“

کتاب کو چار فصول میں تقسیم کیا گیا ہے اور پھر ان میں سے پہلی دو فصلوں کو چار قسموں میں تقسیم کیا گیا ہے او رابتداء میں علم مصطلح الحدیث کے تعارف واہمیت اور اس کے تدریجی ارتقاء پر مختصر گفت گو بھی کی گئی ہے ۔

کتاب کی کمپوزنگ عمدہ، کاغذ ہلکا اور ٹائٹل کارڈ کا ہے۔

قواعد الضبط للقرآن الکریم
حضرت مولانا قاری عبدالملک صاحب مدظلہم جامعہ دارالعلوم کراچی کے شعبہ تجوید وقراء ات کے صدر مدرس ہیں اور اس وقت انہوں نے دارالعلوم کراچی میں ”تخصص فی القراء ات وعلوم القرآن“ کی نگرانی سنبھالی ہوئی ہے۔ زیر نظر رسالے میں انہوں نے قرآن کریم کی علامات ونشانات، حرکات وسکنات اور مدّ وشد وغیرہ کے قواعد وضوابط کو مختصر انداز میں تحریر کیا ہے ، تاکہ قرآن کریم کے کلمات کے صحیح تلفظ اور درست کتابت میں صحیح راہ نمائی مل سکے۔

حضرت قاری صاحب نے پیش لفظ میں لکھا ہے کہ میری معلومات کے مطابق پروفیسر احمد یار صاحب کے ضبط کے موضوع پر ایک معلوماتی مضمون کے علاوہ اردو زبان میں قواعد علم الضبط پر باقاعدہ کوئی تصنیف نہیں ہے۔ حالاں کہ یہ موضوع انتہائی اہم ہے جو براہ راست الله تعالیٰ کی کتاب قرآن مجید کے تلفظ وکتابت سے متعلق ہے اور حضرت قاری صاحب نے اس پرقلم اٹھا کر قرآن کریم کی اہم خدمت سر انجام دی ہے اور طلبہ واہل علم پر احسان کیا ہے ۔ الله تعالیٰ ان کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ اس رسالے کو دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا قاری خلیل الرحمن صاحب نے مرتب کیا ہے ۔ یہ رسالہ چونسٹھ صفحات پر مشتمل ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ ادارة المعارف کراچی سے شائع ہوا ہے۔

امداد الأصول
مولانا مہربان علی بڑوتوی نے اس رسالے میں اصول فقہ کے قواعد وضوابط او رمضامین واصطلاحات کومبتدی طلبہ کی سہولت وآسانی کے لیے عام فہم اسلوب میں جمع کیا ہے ۔ یہ دراصل درس نظامی کے نصاب میں داخل اصول فقہ کی معروف کتاب ” اصول الشاشی“ کی تسہیل و تلخیص ہے تاکہ مبتدی طلبہ اس فن کی کسی بڑی کتاب کو پڑھنے سے پہلے اس مختصر سے رسالے کو پڑھیں تو فن کے اصول وضوابط اور اصطلاحات کو سمجھنے میں ان کے لیے سہولت وآسانی ہو اور فن کے سمجھنے میں عموماً طلبہ کو جومشکل پیش آتی ہے اس سے وہ بچ سکیں۔

یہ رسالہ چھوٹے سائز کے 68 صفحات پر مشتمل ہے اور ناشر کا پتہ ہے : مظہر بک ڈپو، محبوب کارنر، نزد گول مارکیٹ، ناظم آباد، کراچی۔

رہورِ فارسی شرح اردو رہبر فارسی
”رہبر فارسی“ مبتدی طلبہ کو فارسی زبان سکھانے کا مختصر او رنہایت مفید رسالہ ہے۔ جامعہ اشرف العلوم بیت المکرم کے ناظم ومدرس مولانا حسان محمود صاحب نے اس کی شرح لکھی ہے او راس کا نام ” رہورِ فارسی“ رکھا ہے اس پر مولانا سحبان محمود رحمة الله علیہ او رمولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقاریظ بھی ہیں۔ حضرت مفتی صاحب نے شرح کی متعلق فرمایا ہے کہ:

”عزیزِ محترم مولانا حسان محمود صاحب نے ( جو میرے استاد زادے ہیں یعنی مخدوم معظم حضرت مولانا سحبان محمود صاحب علیہ الرحمة کے فرزند ارجمند) اس کتاب کی اردو شرح تالیف فرمائی ہے ، تاکہ وہ طلبہ کو اس کتاب سے استفادے میں معاون ہو۔ احقر نے ان کی یہ تالیف جستہ جستہ مقامات سے دیکھی اور یہ دیکھ کر دل مسرور ہوا کہ انہوں نے اس شرح میں ایک مبتدی طالب علم کی تمام ضروریات کوپورا کرنے کی کام یاب کوشش کی ہے ۔ پوری کتاب کے اردو ترجمے کے ساتھ ساتھ انہوں نے مشکل الفاظ کی لغوی تحقیق بھی کی ہے ، صیغوں کی بھی نشان دہی کی ہے ، اکثر الفاظ کے بارے میں یہ بھی بتایا ہے کہ ان کی اصل کیا تھی اور وہ کہاں سے مشتق ہوئے؟ نیز جس لفظ کے پڑھنے میں مبتدی طالب علم کے غلطی کرنے کا امکان تھا، اُس کی حرکات بھی صراحت کے ساتھ بتادی ہیں ۔ اس طرح یہ فارسی سیکھنے والوں کے لیے ایک مفیدکتاب بن گئی ہے۔“

128 صفحات پر مشتمل یہ شرح نیوز پیپر پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ میمن اسلامک بکس، لیاقت آباد، کراچی سے چھپی ہے۔

عنایات رحیم درتجوید قرآن کریم
تالیف: قاری محمد شفیق رحیمی
صفحات:192 سائز:20x26=8
ناشر: جامعہ رشیدیہ جھنگ، قاسمی کالونی، جھنگ روڈ، جھنگ صدر

اس کتاب میں تجوید کے ضروری قواعد وضوابط کو ابتدائی طلبہ کے لیے سوال وجواب کی صورت میں نہایت سہل وآسان اسلوب میں پیش کیا گیا ہے، اس میں بعض قواعد کو سمجھانے کے لیے نقشے بھی دیے گئے ہیں کتاب کے مؤلف مولانا قاری محمد شفیق رحیمی پانی پتی کا شمار حضرت مولانا قاری رحیم بخش صاحب رحمة الله علیہ کے خاص تلامذہ میں ہوتا ہے اور انہوں نے اپنے استاد محترم کی طرف انتساب کرتے ہوئے کتاب کا نام بھی ”عنایات رحیم“ رکھا ہے۔ اس میں متعدد علماء اور قراء کی تقاریظ بھی شامل کی گئی ہیں۔ کتاب کا مطالعہ معلمین ومتعلمین دونوں کے لیے یکساں مفید وکار آمد ہے۔

کتاب کی طباعت اشاعت درمیانے درجے کی ہے۔

صحیح بخاری شریف کا آخری درس
صحیح بخاری شریف کے اختتام پر عموماً تفصیلی تقریر کی جاتی ہے ۔ زیر نظر کتابچہ صحیح بخار ی کے آخری درس کی اسی طرح کی ایک تقریر پر مشتمل ہے،یہ تقریر درالعلوم لندن، یوکے کے شیخ الحدیث مولانا مفتی عمر فاروق صاحب نے مدرسہ البنات لندن کے پہلے ختم بخاری شریف کے موقع پر کی ہے ، جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل کے استاد مولانا الیاس لوہاروی نے اسے مرتب کیا ہے اور اس میں حذف واضافے بھی کیے ہیں ، بخاری کے آخری درس کے موقعہ پر عموماً جو مباحث بیان کی جاتی ہیں ان کا اس میں احاطہ کیا گیا ہے ، البتہ نصائح کے حصے کو حذف کر دیا گیا ہے۔

یہ کتابچہ130 صفحات پر مشتمل ہے اور اعلیٰ ورق پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ جامعہ ابوہریرہ، کو سمبا، گجرات، انڈیا سے چھپا ہے۔

آب رواں
یہ تجوید کے بعض ضروری قواعد پر مشتمل ”تجوید الصبیان“ نامی رسالے کا فارسی ترجمہ ہے، اس کے مؤلف مولانا قاری فضل کریم عارف صاحب ہیں اور فارسی ترجمہ مولانا قاری عبدالرحمن خلفی پشاوری نے کیا ہے ۔ یہ رسالہ چھوٹے سائز کے کل اڑتالیس صفحات پر مشتمل ہے اور اسے مکتبہ امدادیہ ، محلہ جنگی ، قصہ خوانی بازار ، پشاور نے شائع کیا ہے ۔

قرآنی اعمال
جناب ابراہیم یوسف باوا صاحب مرحوم نے اس رسالے میں قرآنی آیات کی تلاوت کے برکات اور ان کے دنیوی واخروی فوائد وثمرات کو مرتب کیا ہے تاکہ لوگ مصائب وآلام اور پریشانیوں میں ادھر ادھر بھٹکنے کے بجائے قرآن مجید کے قریب آئیں او رجاہل روحانی معالجوں کی دسترس سے دور ہوں۔ اس رسالے کو ادارہ اشاعت الاسلام برطانیہ نے 64 صفحات پر شائع کیا ہے۔

ابتدائی دینی نصاب
اس رسالے میں مساجد ومدارس اور اسکول میں پڑھنے والے مسلمان بچوں کے لیے ابتدائی دینی نصاب تیار کیا گیا ہے ، جس میں چھ کلمے ہیں ، نماز کا طریقہ ہے ، چالیس مسنون دعائیں ، نماز جنارہ ، چالیس احادیث ، ایمان مفصل ومجمل اور دیگر اہم وضروری اسلامی معلومات بھی یکجا کی گئی ہیں، نماز کا طریقہ با تصویر بھی دیا گیا ہے او رساتھ ساتھ بچوں کو پڑھانے کے لیے ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ رسالے کے کل صفحات64 ہیں اور اس کی اشاعت کا اہتمام ادارة الصدیق اسلام آباد نے کیا ہے۔
Flag Counter