مبصر کے قلم سے
ادارہ
حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ کی ملتان سے واپسی
14 شعبان کو صدر وفاق حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب وفاق المدارس ملتان کے سفر سے واپس کراچی تشریف لائے۔ اس سفر میں جناب مولانا ساجد احمد صدوی صاحب ( نگران شعبہ تخصص فی الحدیث) بھی حضرت شیخ کے ہمراہ تھے۔ وفاق المدارس کے دفتر میں پرچوں کی چیکنگ کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر حضرت کے بیانات کا سلسلہ بھی رہا۔
جامعہ میں مہمانوں کی آمد
شعبان ورمضان میں جب کہ مدارس میں تعطیلات کا سلسلہ ہوا کرتا ہے تو بہت سے اساتذہٴ مدارس اور دورہ حدیث کے فیض یافتہ فضلاء کرام کا قیمتی مشغلہ حضرات مشائخ او راکابر علماء کرام کی زیارت او راجازت حدیث کا حصول ہوا کرتا ہے، چناں چہ ان دِنوں جامعہ فاروقیہ کراچی میں بھی بیرون اور اندرون ملک سے آئے ہوئے معزز علماء کرام کی چہل پہل رہتی ہے۔ اس مرتبہ بھی جب حضرت اقدس ملتان کے سفر سے واپس تشریف لائے تو حضرت شیخ سے ملاقات کے لیے علماء کرام اور طلبہ کرام کی ایک کثیر تعداد جامعہ آنا شروع ہو گئی اور وقتاً فوقتاً ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔
مدرسہ زکریا(جنوبی افریقا) کے فاضل علماء کرام جامعہ تشریف لائے ” حضرت شیخ سے ملاقات کی اسی طرح امریکاسے جناب مفتی شمس العارفین صاحب کے صاحبزادے تشریف لائے اور حضرت شیخ سے ملاقات کی اور اجازت حدیث حاصل کی۔
15 شعبان کو قاضی مولانا محمود الحسن اشرف صاحب مسئول وفاق المدارس آزادکشمیر جامعہ تشریف لائے حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی۔
حضرت مولانا مفتی محمد صاحب( رئیس دارالافتاء جامعة الرشید) اور حضرت مولانا محمد انور صاحب( استاذ حدیث جامعہ فاروقیہ) نے حضرت شیخ سے ملاقات فرمائی۔
شعبہ ناظرہ کے طلبہ کا مسابقہ برائے ”تربیتی نصاب“
موجودہ زمانے میں ”مکتب میں پڑھنے والے بچوں“ کی ذہنی استعداد، تعلیمی ضروریات، ذخیرہ معلومات، تعلیمی مزاج نیز تفریحی رحجانات، ماضی بعید تو کیا ماضی قریب سے بھی قدرے مختلف نظر آتے ہیں یہی وہ عوامل ہیں جو کہ موجودہ دور میں مکاتب قرآنیہ کے نظامہائے تعلیم وتربیت میں کچھ اضافات اور ترمیمات کے متقاضی ہیں۔ چناں چہ اس حوالے سے متعلقہ تعلیمی اداروں کی جانب سے انتہائی مثبت اور مناسب اقدامات دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
مکتب تعلیم القرآن بیت العلم ٹرسٹ بھی انہی اداروں میں سے ایک ہے ، چناں چہ ان حضرات کا مرتب کردہ تربیتی نصاب جو کہ قاعدہ، ناظرہ اورحفظ کے طلبہ کی عمر، ذہنی استعداد اور ذخیرہ معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے چار حصوں پر مشتمل ایک جامع او رمکمل تعلیمی اور تربیتی نصاب ہے۔ جامعہ فاروقیہ کراچی میں چوں کہ شعبہ حفظ وناظرہ کا طریقہ تعلیم وتربیت ہمیشہ سے ارباب جامعہ کی خصوصی توجہ میں رہا ہے، لہٰذا ایک سال سے تربیتی نصاب یہاں بھی مستقل طور پررائج کیا گیا ہے۔
اور مولانا عمار خالد صاحب ( نگران شعبہ تحفیظ وناظرہ جامعہ فاروقیہ کراچی، مسئول وفاق المدارس شعبہ تحفیظ کراچی) کی نگرانی میں حفظ وناظرہ کی درس گاہوں میں درساً بڑھایا جاتا ہے۔
8 جولائی بروز اتوار کو تربیتی نصاب پڑھنے والے تمام طلباء کرام کے درمیان مسابقہ کے اہتمام کے لیے ایک پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا، تقریب حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ کی سرپرستی میں جامعہ کی مسجد فاروقی میں منعقد کی گئی، نظامت کے فرائض مولانا عمار خالد صاحب (نگران شعبہ تحفیظ) نے خود انجام دیے جامعہ کی طرف سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، مولانا مفتی عبدالباری صاحب، مفتی سمیع الله صاحب، مولاناساجد صدوی صاحب اور مفتی عبداللطیف صاحب شریک ہوئے۔
رفاہ عام ملیر سے مولانا عبدالله صاحب، قاری محمد امین صاحب، قاری اعجاز صاحب بھی تشریف لائے، نیز مکتب تعلیم القرآن سے مفتی ابراہیم صاحب مولانا جمال ناصر صاحب، اور مولانا ریاض صاحب بھی شریک ہوئے۔
اسی طرح شرکاء میں طلبہ کرام کے والدین، اعزہ اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔
بچوں کی جانب سے تقریب میں تلاوت کلام پاک، حمد ونعتیں، نظمیں، مختلف موضوعات پر تقاریر اور ایمانیات، عبادات، سیرت، اخلاق اور عربی لینگویج سے متعلقہ مواد کو سوال جواب اور مکالموں کی صورت میں پیش کیا گیا۔
حاضرین مجلس بچوں کی کارکردگی کو سراہتے رہے اور سبحان الله ماشاء الله کے ذریعے داد دیتے رہے۔
حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے موقع کی مناسبت سے انتہائی مؤثر اور پُر مغز گفتگو اور نصائح ارشاد فرمائیں۔
تقریب کے آخر میں انتظامیہ جامعہ کی جانب سے سالانہ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے، مستقل حاضریوں کااہتمام کرنے والے نیز عبادات وغیرہ میں کامل رہنے والے اور وفاق المدارس کے امتحان میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات ، تحائف اور شیلڈز سے نوازا گیا۔تقریب کا اختتام حضرت مولانا محمدیوسف افشانی مدظلہ کے اختتامی کلمات اور دعا پر ہوا۔
سفر سے واپسی
30 جولائی کو حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب خلیجی ریاستوں اور عمرے کے سفر سے بخیر وعافیت واپس تشریف لائے۔
جامعہ کے غیر وفاقی امتحانات کے نتائج کا اعلان
شعبہ تخصص فی الفقہ
اول: محمد بن خالد خان، دوم: محمد عظمان شفیق بن محمد شفیق، سوم: دلشاد احمد بن محمد طاہر۔
تخصص فی الحدیث
اول: بلال احمد بن حافظ خلیل احمد، دوم: محمدیونس بن محمد اکبر، سوم: محمد صہیب بن نور محمد۔
خامسہ معہد
اول: رشید احمد بن مولوی رحمت الله، دوم: خان افصل بن میر شاہ جان، سوم: بخت محمد بن فتح محمد۔
خامسہ نظامی
اول: محمد ناصر خان بن محمد انور، دوم: محمد زبیر بن محمد ہارون، سوم: مسعود عظمت بن محمد عظمت۔
ثالثہ معہد
اول:، عبدالقیوم بن علی نواز لاشاری، دوم: قربان الله بن نیک زادہ، سوم: محمد آصف بن فردوس شاہ۔
ثالثہ نظامی
اول: محمد شعیب بن خلیل احمد، دوم: محمدفرمان الله بن حسین الدین، سوم: محمد عثمان بن خان میر۔
اولیٰ معہد
اول: واجد علی شاہ بن محمد حسین شاہ ، دوم: مشتاق خان بن زرد علی خان، سوم: جہانزیب سعید بن عبدالصمد شاہین۔
اولیٰ نظامی
اول: جاوید بن حمید حسین، دوم: عبدالکریم بن محمد حکیم، سوم: عبدالحفیظ بن اختر منیر۔
متوسطہ دوم
اول: ممتاز احمد بن خدا بخش، دوم: محمد اویس شاہ بن محمد ادریس شاہ، سوم: محمد عمر بن میر خواص خان۔
متوسطہ اول
اول: حسن اسماعیل بن محمد اسماعیل، دوم: محمد مسعود بن سعید احمد، سوم: یعقوب اکبر بن محمد اکبر۔
وفاق المدارس کے امتحانی نتائج
28 شعبان بروز جمعرات وفاق المدارس العربیہ، پاکستان کے امتحانی نتائج کا اعلان کردیاگیا، جامعہ فاروقیہ کراچی کے درجہ سادسہ کے طالب علم عامر منیر بن منیر احمد نے وفاق المدارس کے امتحان میں 600 میں سے 566 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔