اخبار جامعہ
ادارہ
سانحہٴ ارتحال حضرت مولانا عبدالرحمن اشرفی
22 جنوری17 صفر المظفر1432ھ کو شیخ الحدیث ونائب مہتمم جامعہ اشرفیہ، لاہور حضرت مولانا عبدالرحمن اشرفی صاحب طویل علالت کے بعد انتقال فرماگئے۔ یوں تو آخری عمر کے کئی سال بیماری میں مبتلا رہے مگر گزشتہ تین ماہ سے شدید علالت کا شکار تھے۔ حضرت دارالعلوم دیوبند کے قدیم فاضل اور بین الاقوامی سطح کے مبلغ، واعظ اور مناظر تھے۔ خدائے پاک حضرت رحمة الله علیہ کو مغفرت کے خزانواں سے وافر حصہ عطا فرمائے۔ آمین ۔ جامعہ فاروقیہ میں بھی حضرت کے لیے دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔
حضرت شیخ الجامعہ کی برما وبنگلہ دیش میں مصروفیت
برما میں حضرت شیخ زید مجدہ اور فقاء کا8 روز قیام رہا، جس میں برما کے تین بڑے شہروں رنگون، پیو بوئے اور مانڈلے جانا ہوا، رنگون میں جامعہ دارالعلوم (ٹاموے) مدرسہ صادقیہ حفظ القرآن اڑتالیس گلی میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ کا بیان اور مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن میں درس بخاری ہوا، جب کہ جامعہ شوکت اسلام اور مدرسہ امدادیہ تحفیظ القرآن اشرفیہ للبنات کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ ثانی الذکر تقریب میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے بھی بیان فرمایا، رنگون میں قیام کے دوران شہر کے اکابر علما ئے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ رہا، جن میں مفتی محمد سورتی صاحب فاضل مظاہر العلوم، مولانا نو رمحمد صاحب،الحاج داؤد ہاشمی یوسف صاحب مفتی اعظم برما، مولانا محمود مامسا صاحب ، مولانا محمد قاسم صاحب ( تلمیذ حضرت مدنی) مولانا احمد سورتی ، جمعیت علماء اسلام کے سکریٹری مولانا جلال الدین صاحب او رمولانا حٰم صاحب قابل ذکر ہیں ۔رنگون کی قدیم او رعظیم الشان”سورتی مسجد“ میں حضرت شیخ زید مجدہ نے جمعہ کا بیان بھی فرمایا۔
برما کے دوسرے شہر پیوبوئے میں مدرسہ مظاہر العلوم میں حضرت شیخ زید مجدہ کا بیان ہوا اس موقع پر مدرسے کے دارالحدیث للبنات، دارالتصنیف ، علماء کرام، طلباء کرام اور عوام سے بھرے ہوئے تھے۔ مظاہر العلوم کے مضافات میں ایک مسجد کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔
تیسرے شہر مانڈلے میں جامعہ کوثر الاسلام اور شہرکے ایک اسلامک ایجوکیشن سینٹر کا دورہ کیا ، برما کے سفر کے دوران یہ حضرات ایک بڑے تبلیغی اجتماع میں بھی شریک ہوئے۔ یہاں بھی شہر کی عظیم الشان”سورتی مسجد“ میں حضرت شیخ زید مجدہ کا عشاء کی نماز کے بعد بیان ہوا۔
بنگلہ دیش کے11 روزہ قیام میں یہ مبارک قافلہ ملک کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں قیام پذیر رہا، اس موقع پر ملک بھرکے نامور علماء کرام او راہم دینی شخصیات سے ملاقاتیں رہیں، جن میں مولانا حبیب الرحمن صاحب ، مفتی عبدالمالک صاحب فاضل بنوری ٹاؤن، وتلمیذ شیخ عبدالفتاح ابوغدہ اور مولانا محمود الحسن صاحب سر فہرست ہیں، بعد ازاں بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والا ٹنگی کا عالمی تبلیغی اجتماع بھی سفر کا اہم حصہ تھا چناں چہ یہ حضرات اجتماع میں بھی شریک ہوئے اور دوران اجتماع دعوت وتبلیغ کی مرکزی اور عالمی شوریٰ کے ارکان سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی رہا۔
26صفر المظفرمطابق31 جنوری2011ء بروز پیر حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سفر برما وبنگلہ دیش سے واپس ہوئے۔22 دن جاری رہنے والے اس عظیم اور یاد گار سفر میں یہ حضرات دونوں ملکوں کے مشہور مدارس، اہم علمی اور مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں سمیت، بڑے بڑے دینی اجتماعات میں شریک رہے۔
اس سفر میں مفتی معاذ خالد صاحب اور جناب تحسین منظر صاحب بھی شریک سفر رہے ۔
مہمانوں کی جامعہ آمد
8 فروری بروز منگل بمطابق6 ربیع الاول امیر اہل سنت حضرت مولانا احمد لدھیانوی صاحب ، مولانا اورنگزیب فاروقی صاحب اور مولانا تاج حنفی صاحب مع احباب بعد نماز مغرب جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ سے ملاقات کی اس موقع پر باہمی مشاورت اور اہم امور پر گفت گو ہوئی۔
حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کا دورہ فیزII
13 ربیع الاول بروز جمعرات حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے جامعہ فاروقیہ فیزII کا دورہ کیا اور تعمیراتی اور تعلیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب اور اہم مہمانانِ گرامی بھی حضرت کے ساتھ تھے۔
نصف سنوی امتحان
15 ربیع الاول بروز ہفتہ سے جامعہ میں نصف سنوی امتحانات کا آغاز ہوا، ترتیب کے مطابق شرکاء امتحان کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔
درجہ خامسہ اور اس سے اوپر کے درجات نے صبح کے وقت جب کہ تحتانی درجات کے طلبہ نے ظہر کے بعد امتحان دیا، جامعہ فاروقیہ فیزII میں بھی نصف سنوی امتحان جامعہ ہی کے ساتھ منعقد ہوا۔
شعبہ حفظ وناظرہ کے امتحانات
درس نظامی کے ساتھ ساتھ جامعہ کے مرکز اور تمام شاخوں میں حفظ اور ناظرہ کے نصف سنوی امتحان کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ جس میں مرکز اور جامعہ کے اساتذہ کرام نے طلبہ سے امتحان لیا۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں فراہمی بجلی وگیس کی سرگرمیاں
الله پاک کے فضل سے جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں سوئی گیس کی فراہمی کے تمام مراحل مکمل ہو چکے ہیں اور 15 ربیع الاول سے گیس پائپ لائن کی تنصیب کے لیے باقاعدہ کھدائی کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، اسی طرح P.M.T لگ جانے کے بعد برقی کیبل کی ترسیل بھی اب آخری مراحل میں ہے۔ قارئین دعا فرمائیں کہ یہ سہولیات بھی طلبہٴ عزیز کو جلد از جلد میسر آجائیں۔