Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ذوالقعدہ 1430ھ

ہ رسالہ

14 - 15
***
مبصر کے قلم سے
تبصرہ کے لئے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لئے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)
مسائل قربانی
تالیف: مولانا محمد عبدالمعبود
صفحات:230 سائز:23x36=16
ناشر : القاسم اکیڈمی، خالق آباد، نوشہرہ، صوبہ سرحد
یہ کتاب مشہور بزرگ مصنف اور مؤلف حضرت مولانا محمد عبدالمعبود صاحب کی تالیف ہے،جس میں قربانی کی تاریخی وشرعی حیثیت ، ایام قربانی، احکام قربانی، ذبح کے جدید آلات ، قرآن وحدیث اور حضرات فقہائے کرام کے اقوال کی روشنی میں تفصیلی بحث کی گئی ہے، کتاب کے اندر جو مسائل اور مباحث لکھے گئے ہیں ، ان کے حوالے جلد اور صفحہ نمبر کے ساتھ درج کیے گئے ہیں۔
کتاب کی اشاعت اور طباعت درمیانے درجے کی ہے۔
معارف مفتی اعظم
ترتیب: سید محمد اکبر شاہ بخاری
صفحات:540 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
اس کتاب میں جناب سید محمد اکبر شاہ بخاری صاحب نے مفتی اعظم پاکستان، حضرت مفتی محمد شفیع صاحب رحمة الله علیہ کے تحریری سرمایہ سے ایک گلدستہ تیار کیا ہے، حضرت کے علمی ، فقہی ، تبلیغی اور اصلاحی مواعظ ومقالات اور ملفوظات وارشادات سے انتخاب کیا گیا ہے۔
کتاب کے شروع میں حضرت مفتی اعظم کے حالات زندگی پر مختصر مضمون بھی شامل اشاعت ہے کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔
عکس پیغمبر صدیق اکبر
تالیف: ابوالحسن مفتی محمود احمد قریشی
صفحات:340 سائز:23x36=16
جیسا کہ نام سے واضح ہے اس کتاب میں خلیفہ اول حضرت صدیق اکبر رضی الله عنہ کے حالات نسبةً تفصیل کے ساتھ بیان کیے گئے ہیں۔
کتاب کے سات باب ہیں پہلے باب میں ذاتی زندگی، فکرو کردار، دوسرے باب میں دور نبوت اور دور خلافت میں مشابہت کے واقعات، تیسرے باب میں نزول آیات قرآنی کے واقعات میں مماثلث، چوتھے باب میں اولاد اور عزیز واقارب میں مشابہت، پانچویں باب میں سفر ہجرت کے واقعات، چھٹے باب میں سفر آخرت اور ساتویں باب میں حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم اور حضرت صدیق اکبر کے نائبین میں مشابہت کے واقعات لکھے گئے ہیں۔
کتاب کا اسلوب ادیبانہ اور سلیس ہے، البتہ حوالوں کے جدید تقاضوں کی پوری رعایت نہیں کی گئی ، مؤلف لکھتے ہیں:
”عکس پیغمبر…“ کی اس تالیف کا اہم مقصد یہ ہے کہ امت مسلمہ، تاریخ اسلام کے عظیم کردار حضرت صدیق اکبر کی عظمت اور قربانی سے آگاہ ہو کر صرف نظام خلافت کو اپنا مطمح نظر بنانے اور نظام خلافت کو قائم کرنے کے لیے اپنی تمام ترتوانیاں صرف کرے تاکہ تباہی کے دہانے پر پہنچنے والے انسانوں کو پھر سے عروج نصیب ہو ۔“
کتاب کی اشاعت اور طباعت درمیانے درجے کی ہے۔
سوانح حیات امام مسلم
ترجمہ: پیر زادہ مولانا مفتی شمس الدین
صفحات:397 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ النور، مسجد عمر فاروق اس کے بی زید کالج، ڈیفنس کراچی
امام مسلم رحمہ الله کا نام محتاج تعارف نہیں، ان کی مرتب کردہ کتاب ”صحیح مسلم“ صحیح بخاری شریف کے بعد، حدیث کی مستند ترین کتاب ہے، امام رحمہ الله، پایہ کے محدث اور بڑ رتبے کے امام ہیں ، امام مسلم رحمہ الله کی سوانح حیات پر اردن کے ایک محقق عالم ابوعبیدہ مشہور بن حسن نے کتاب لکھی جس میں انہوں نے بڑی تفصیل کے ساتھ ، امام مسلم رحمہ الله کے حالات وسوانح، واقعات، صحیح مسلم کا منہج اور طرز وانداز کا محققانہ تعارف کرایا گیا ہے یہ کتاب انہوں نے1996ء میں لکھی ہے اور اس کا نام انہوں نے ”الإمام مسلم بن حجاج ومنھجہ فی الصحیح وأثرہ فی علوم الحدیث“ رکھا۔
مولانا شمس الدین پیززادہ صاحب نے اس کتاب کے پہلے حصہ بلکہ اس حصہٴ کتاب کا ترجمہ کیا ہے جس کا تعلق امام کے حالات زندگی سے ہے، انہوں نے اس میں کچھ مناسب حذف واضافہ بھی کیا ہے امام مسلم رحمہ الله کی تالیفات اور تصانیف کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا ہے۔
کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے!
مقامات حریری
ترجمہ: مولانا صدیق احمد انوردی
صفحات:136 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
مقامات، مشہور عربی ادیب علامہ حریری کی ادیبانہ تصنیف ہے جس میں انہوں نے عربی زبان وادب کی ایک خاص صنف”مقامہ“ کی صورت میں اپنی ادبی صلاحیتوں کا حیران کن مظاہرہ کیا ہے اور وقت تالیف سے آج تک امت میں یہ بڑی مقبول اور معروف رہی ہے اس کے مختلف زبانوں میں ترجمے ہوئے ہیں اور شروح لکھی گئی ہیں، ہمارے درس نظامی میں بھی یہ صدیوں سے داخل نصاب ہے۔
زیر نظر کتاب دس مقاموں کے اردو ترجمہ اور مختصر تشریح ہے جو مولانا صدیق احمد انوردی نے لکھی ہے، ترجمہ متن کے ساتھ سطرا ًدیا گیا ہے ہے اور حواشی میں الفاظ کی لغوی تحقیق وتشریح کی گئی ہے، البتہ تشریح اور ترجمہ میں کافی غلطیاں رہ گئی ہیں، شاید پروف اہتمام کے ساتھ نہیں پڑھے گئے۔، کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔

Flag Counter