Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی رجب المرجب ۱۴۳۲ھ -جولائی ۲۰۱۱ء

ہ رسالہ

11 - 11
نقدونظر !
نقدونظر
نوٹ
(تبصرے کے لیے ہرکتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے)

خطبات عثمانی تین جلد
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہ، صفحات جلد اول: ۳۲۰، جلد دوم: ۳۰۴ جلد سوم: ۲۹۶، قیمت: درج نہیں، ملنے کا پتہ: میمن اسلامک پبلشرز کراچی۔موبائل فون: ۲۴۱۸۸۲۰-۰۳۲۲
حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی دامت برکاتہم کو اللہ تبارک وتعالیٰ نے گوناگوں صفات سے متصف فرمایاہے، آپ کے ہفتہ واری دوبیانات ہوتے ہیں اور یہ سلسلہ سالہا سال سے جاری ہے۔ اصلاحی خطبات کے نام سے ۱۸ جلدوں پر مشتمل آپ کے بیانات کا ایک مجموعہ پہلے سے موجود ہے جو علماء، خطباء اور طلباء میں داد تحسین وصول کرچکا ہے۔ اب کچھ عرصہ سے حضرت مفتی صاحب نے قرآن کریم کی مختلف سورتوں کی تفسیر اور تشریح کا سلسلہ شروع فرمایاہے، جسے آپ کے محبین نے ضبط کرکے خطبات عثمانی کے نام سے قارئین تک پہنچانے کی سعی مشکور فرمائی ہے۔
جلد اول سورہٴ فاتحہ، سورہٴ فلق اور سورہٴ ناس کی تفسیر وتشریح ۲۱ بیانات پر مشتمل ہے ۔
جلد دوم سورہٴ ماعون، سورہٴ کوثر، سورہٴ الکافرون، سورہٴ نصر ، سورہٴ لہب اور سورہٴ اخلاص کی تفسیر اور تشریح کے علاوہ واقعہ معراج، ماہ شعبان کی فضیلت، موجودہ حالات اور ہماری ذمہ داری اور اللہ والوں کی پہچان کے بیانات پر مشتمل ہے۔ جلد سوم سورہٴ فیل اور سورہٴ قریش کی تفسیر اور تشریح کے ساتھ ساتھ ۱۷ بیانات پر مشتمل ہے۔ امید ہے کہ اہل علم اصلاحی خطبات کی طرح خطبات عثمانی کو بھی اسی طرح شرف قبولیت اور پذیرائی سے نوازیں گے ۔
کتاب ہراعتبار سے قابل قدر اور لائق مطالعہ ہے۔
روئیداد مناظرہ حیات الانبیاء
مولانا جمیل الرحمن عباسی، صفحات:۱۲۸، قیمت: درج نہیں۔ ناشر ادارہ اشاعت الخیر بیرون بوہڑگیٹ ملتان، موبائل فون:۰۳۰۰۷۳۰۱۲۳۹
علمائے دیوبند کے اکابرین کا ہمیشہ سے جمہور اہل سنت والجماعت کی پیروی میں یہ مسلک رہا ہے کہ انبیائے کرام علیہم الصلوٰة والسلام وفات کے بعد اپنی اپنی قبروں میں اسی دنیوی جسم کے ساتھ حیات ہیں۔جب کہ ایک گروہ نے اس اجماعی عقیدہ کا نہ صرف انکار کیا ،بلکہ سادہ لوح عوام کو اکابر علمائے دیوبند کے عقائد سے متنفر اور گمراہ کرنے کے لئے اشتہاری بازی اور مناظروں کا چیلنج بھی دینے لگا۔
زیر تبصرہ کتاب ایسے ہی ایک مناظرہ کی حقیقی روئیداد ہے اور اس کے شروع میں اس موضوع پر حضرت مولانا منیر احمد منور دامت برکاتہم کے بہت علمی اور مفید نکات کو بھی شامل اشاعت کیا گیا ہے ۔اس موضوع پر مناظرہ کرنے والوں کے لئے یہ رسالہ ایک علمی سوغات ہے۔
اصحاب محمدصلی اللہ علیہ وسلم کا مدبرانہ دفاع
مولانا بشیر احمدحامد حصاری، صفحات:۳۶۰، قیمت: ۳۵۰ روپے، ناشر: مکتبة الفیض،۵غرنی اسٹریٹ اردو بازار لاہور۔
حضرت مولانا بشیر احمدحامد حصاری دامت برکاتہم محدث العصر حضرت مولانا سید محمد یوسف بنوری نوراللہ مرقدہ کے تلمیذ رشید اور تربیت یافتہ ہیں۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ کو مسلک حقہ کی حقانیت اور ترجمانی کا بہت ہی عمدہ ذوق عطا فرمایا ہے۔ دینی فتنوں کے مقابلہ میں آپ کا قلم سیف بے نیام ہے۔ آپ جس موضوع پر لکھتے ہیں، اس کا حق ادا کردیتے ہیں۔
مولاناموصوف مدظلہ کی زیر تبصرہ کتاب کا سبب تالیف ایک استفتاء ہے، جو درج ذیل پانچ سوالوں پر مشتمل تھا:
۱…مشاجرات صحابہ کے بارہ میں کون سا نظریہ صحیح اور مسلک اہل سنت والجماعت کے مطابق ہے ۔
۲…قرآن پاک کی موعودہ خلافت (جو آیت استخلاف میں مذکور ہے) اور حدیث پاک کی خلافت نبوت (جس کی مدت تیس برس بیان کی گئی ہے) میں کیا فرق ہے؟
۳…آیت استخلاف کا حکم قیامت تک کے لئے عام ہے یا نزول آیت کے موجود مسلمانوں کے لئے خاص؟ اگر عام ہے تو اس کے تحت اب تک کتنے خلفاء گزرے ہیں؟ اور اگرخاص ہے تو کن کن خلفاء کے لئے؟ نیز آیت میں مذکور ”منکم “سے کیا مراد ہے؟
۴… حضرت حسن، حضرت معاویہ اور حضرت عمر بن عبدالعزیز کی خلافتیں آیت استخلاف میں داخل ہیں یا نہیں؟
۵…یزید کو خلیفہ راشد کہنا کیسا ہے؟ نیز اس کے کفر وفسق اور اس پر لعن کرنے کے بارہ میں جمہور اہل سنت والجماعت کا نظریہ کیا ہے؟یہ کتاب استفتاء مذکور کے پانچ سوالوں میں سے صرف پہلے سوال کا جواب ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ مشاجرات صحابہ کے بارہ میں قلم اٹھانا اور اس کا حق ادا کرنا ہرایک کے بس میں نہیں،اس لئے کہ لکھنے والے محض روایات کے رخ پر چلتے ہیں اور روایات میں رطب ویابس اور صحیح وغلط سب موجود ہوتا ہے۔ اب صحیح روایات کا تتبع اور تلاش اور پھر ان میں تطبیق کوئی آسان کام نہیں۔ ماشاء اللہ مؤلف موصوف نے ان روایات اور واقعات کے سلسلے میں ایسے اہم اور بنیادی اصول کتاب میں بیان کردیئے ہیں جن کو سامنے رکھنے سے ساری الجھنیں ختم ہوجاتی ہیں۔
کتاب ہر اعتبار سے قابل قدر اور لائق مطالعہ ہے ۔اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے اور تحقیقی کام کرنے والے حضرات کے لئے یہ کتاب ایک علمی خزانہ سے کم نہیں۔
دعوت وتبلیغ کے فضائل
مولانا محمد حنیف عبد المجید، صفحات: ۴۷۸، عام قیمت: ۳۰۰ روپے، ناشر: مکتبہ بیت العلم فدا منزل ،نزد مقدس مسجد، اردو بازار کراچی،موبائل فون: ۰۳۲۲۲۵۸۳۱۹۹
حضورصلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں اور آپ کالایا ہوا دینِ اسلام، اللہ تعالیٰ کا آخری دین ہے، انبیاء کرام علیہم الصلاة والسلام نے اپنے اپنے زمانے میں اپنے قول، فعل اور عمل سے انسانوں کو دعوت دی ہے اور آپ کی ختم نبوت کی برکت سے آپ کی امت کے سپرد یہ کام لگا ہے۔
دعوت وتبلیغ کے فضائل ،اس کی حقیقت، اس کے اصول وآداب اور بزرگوں کے ارشادات کو اس کتاب میں جمع کیا گیا ہے۔ یہ کتاب ہرلائبریری اور ہرگھر کی بنیادی ضرورت ہے۔ کتاب، کاغذ، ٹائٹل اور طباعت ہراعتبار سے قابل قدر ہے ۔ امید ہے اہل ذوق اس کتاب کی قدردانی فرمائیں گے۔
اشاعت ۲۰۱۱ ماہنامہ بینات , رجب المرجب:۱۴۳۲ھ -جولائی: ۲۰۱۱ء, جلد 74, شمارہ 
Flag Counter