Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق محرم الحرام 1435ھ

ہ رسالہ

16 - 17
اخبار جامعہ

ادارہ
	
حضرت شیخ الحدیث زیدمجدہ کی زیر صدارت اہم اجلاس
بروز اتوار22 ذوالقعدہ1434ھ30 ستمبر2013ء کو حضرت شیخ الحدیث صدر وفاق المدارس العربیہ مولانا سلیم الله خان زید مجدہ اسلام آباد تشریف لے گئے، جہاں ملک کے صف اول کے اکابر علمائے کرام کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں تمام شرکائے اجلاس نے حکومت پاکستان، افواج پاکستان اورتحریک طالبان ، پاکستان سے الله ورسول کے نام پر دردمندانہ اپیل کی کہ ” وہ موجودہ ملکی صورت حال کی نزاکتوں کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر تمام جارحانہ اقدامات ترک کرکے صرف اور صرف مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اور مملکت خداداد کو دہشت وبربریت کے اس گرداب سے نکالیں۔“

جید علماء کرام کی اپیل کو تمام حلقہائے سیاست وصحافت وسپاہ میں قدر وعظمت او رانتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے، تمام قارئینسے درخواست ہے کہ اپنی دعاؤں، عبادات اور اعمال میں خوب اضافہ کرکے الله پاک کی مدد ونصرت کے طالب بن جائیں اور اسلام ومسلمانوں کے لیے نصرت ،رحمت اور عافیت مانگیں۔

سفر حج
حضرت شیخ الحدیث زیدمجدہ اسلام آباد اجلاس سے واپسی پر حسب پروگرام حج بیت الله کی سعادت حاصل کرنے حرمین شریفین تشریف لے گئے، اس موقع پر آپ کے داماد محترم بھی ہم راہ تھے،مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ودیگرمقامات پر دوران قیام ملک وملت کے عظیم علمائے کرام، مقتدر سیاسی شخصیات ودیگر معتقدین وارادت مند حضرات ملاقات کے لیے تشریف لاتے رہے، 18 ذوالحجہ بروز جمعرات بمطابق24 اکتوبر ادائیگی مناسک مکمل کرکے حضرت واپس ہوئے اور صبح آٹھ بجے کراچی ائیرپورٹ پراترے اورجامعہ تشریف لے آئے۔

تکمیل حفظ
مولانا خادم الرحمن صاحب (ناظم کتب خانہ جامعہ) کے صاحب زادوں عبیدالرحمن اور ولی الرحمن نے حفظ قرآن مجید مکمل کیا۔

یک ماہی امتحانات
جامعہ فاروقیہ کراچی مرکز اور فیزII میں بروز ہفتہ6 ذوالحجہ1434ھ بمطابق12 اکتوبر2013 کو درجہ رابعہ تک کے یک ماہی تقریری امتحانات، جب کہ 13 اکتوبر بروز اتوار فوقانی درجات کے تحریری امتحانات منعقد ہوئے۔

دعوت
مولانا ولی الرحمن صاحب مدرس جامعہ وناظم شعبہ مطبخ نے اپنی شادی خانہ آبادی اور بھتیجے انس گل کے حفظ قرآن کی تکمیل کی خوشی میں 21اکتوبر2013،16 ذوالحجہ کو تمام اساتذہ جامعہ اور دیگر عملے کے لیے پُرتکلف دعوت طعام کا اہتمام کیا۔

تعلیمی تعطیلات اور اسباق کا آغاز
8 ذوالحجہ بروز پیر سے آٹھ روزہ تعلیمی تعطیلات کا آغاز ہوا۔ جن میں اساتذہ جامعہ اور طلبہ کرام کی بڑی تعداد نے اجتماعی قربانی اور چرم قربانی مہم میں بھرپور طریقے سے حصہ لیا، چناں چہ حلقوں میں ہنڈ بل، احکام ومسائل کے کتابچوں کی تقسیم، کھالوں کی وصولی اور مویشیوں کی خریداری ودیگر انتظامی ومالی معاملات الحمدلله نہایت خوبی سے طے پائے اور یقینا یہ بات قارئین کے لیے مسرت کا سبب ہو گی کہ اس سال تمام دینی ومستحق فلاحی اداروں تک لوگوں کی اکثریت نے بلاخوف وخطر بخوشی ورضا قربانی کی کھالیں گزشتہ سالوں کی بنسبت زیادہ پہنچائیں ۔16 ذوالحجہ بروز منگل سے دوبارہ اسباق کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

صدمہ
مولانا عمار خالد صاحب مسئول شعبہ حفظ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سسر جناب سعد فاروقی صاحب کے والد جناب حاجی اختر فاروقی صاحب انتقال فرما گئے، انا لله وانا الیہ راجعون․

حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ان کے جنازے میں شرکت کے لیے نارتھ کراچی تشریف لے گئے، الله پاک مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماند گان کو صبر عطا فرمائے۔ آمین

جداری مجلّات
رواں تعلیمی سال میں جامعہ میں جداری مجلّات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، عربی جداریے ”صوت الجامعہ“ کے نگران حضرت مولانا حبیب الله زکریا صاحب ہیں، جب کہ اردو مجلہ” نوشتہٴ دیوار“ مفتی عطاء الرحمن صاحب اور ”روشنی“ مفتی محمد راشد ڈسکوی صاحب کے زیر نگرانی ہیں۔

جامعہ فاروقیہ کے یہ طالب العلمانہ مجلات دراصل وہ پلیٹ فارم ہیں جہاں سے دینی صحافت اور تصنیف وتالیف کے اچھے اچھے شہوار ابھرے اور انہوں نے ان شعبوں میں بڑی خدمات انجام دی ہیں۔

Flag Counter