Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی رجب المرجب۱۴۲۷ھ اگست۲۰۰۶ء

ہ رسالہ

12 - 12
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)

جامع الاخلاق:
حضرت مولانا عاشق الٰہی میرٹھی رحمہ اللہ‘صفحات:۱۶۰‘قیمت: درج نہیں ‘پتہ:زمزم پبلشر شاہ زیب سینٹر‘ نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔
اس رسالہ میں آنحضرت ا کے وہ ارشادات جمع کئے گئے ہیں‘جن میں آپ ا نے مکارم اخلاق کی تعلیم اور امتِ مسلمہ کو ایمانی واخلاقی ذمہ داریوں سے باخبر فرمایا‘ کتاب اور اس کے اسلوبِ بیان اور اعتماد واستناد کیلئے محترم مؤلف کا نام نامی اسم گرامی ہی کافی ہے۔ قر آن کریم نے آنحضرت ا کے اسوہٴ حسنہ کی پیروی کا حکم دیا ہے‘ عبادات کی حد تک تو ہم کسی نہ کسی حد تک اتباع کی کوشش کرتے ہیں‘ لیکن ہماری معاشرتی زندگی میں آپ ا کے اسوہٴ حسنہ کی کوئی جھلک محسوس نہیں ہوتی ‘ حالانکہ صرف انفرادی زندگی میں ترقی کرنا کمال نہیں‘ بلکہ اجتماعی زندگی کے امتحان میں پورا اترنا کمال ہے‘ مگر افسوس کے اس کمال کو ماننے والے بہت ہی کم لوگ ہوتے ہیں‘ اسی ضرورت کے پیش نظر حضرت مولانا عاشق الٰہی میرٹھی رحمہ اللہ نے ”جامع الاخلاق“ کے نام سے معاشرتی زندگی کے اصول وآداب تحریر فرمائے ‘ حقیقت یہ ہے کہ یہ کتاب ہر مسلمان کے گھر کی ضرورت ہے اوراس کا مطالعہ ہرمسلمان کے لئے مفیدہے۔ اللہ تعالیٰ زمزم پبلشرز کے احباب کو جزائے خیر دے جنہوں نے نبوی اخلاق کی اس تصویر کو حسنِ طباعت کے معیاری فریم میں سجاکر منصہٴ شہود پر رکھ دیا ہے (نصیب رہتا رہتا قسمت رہتی رہتی) تمام مسلمانوں کو اس کتاب سے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے اور اپنے اجتماعی ومعاشرتی اعمال کو آنحضرت ا کے اسوہٴ حسنہ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
اسماء حسنی:
دو جلد صفحات:۸۸۴‘جمع وترتیب:محمد حنیف عبد المجید ومعاونین‘ناشر: بیت العلم ٹرسٹ کراچی قیمت: درج نہیں۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ آنحضرت ا کاارشاد گرامی نقل فرماتے ہیں کہ آپ نے فرمایا اللہ تعالیٰ کے ننانوے اسماء گرامی ہیں‘ جس مسلمان نے ان کا ”احصاء“ کیا وہ بڑی عظمت کے ساتھ جنت کے اعلیٰ مراتب پر فائز ہوگا۔ ملا علی قاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ اسماء حسنی کے ”احصاء“ کا مطلب ان پر ایمان لانا‘ اخلاص کے ساتھ ان کا وردکرنا‘ ان کے الفاظ ومعانی کو یاد کرنا اور تخلق باخلاق اللہ کی عملی تصویر پیش کرنا ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے یہ بہترین اقدام ہے‘ کتاب میں اللہ تعالیٰ کے ذاتی وصفاتی اسماء حسنی کی تشریح وتفہیم بہت اچھے انداز میں فرمائی گئی ہے‘ اس بہتری اور عمدگی کا راز یہ ہے کہ درحقیقت اسماء گرامی سے متعلق مطالب ومفاہیم اسلاف کی تحریرات سے مأخوذ ہیں‘ حوالہ جات کی زینت سے اعتماد واستناد کا بخوبی اندازہ‘ بلکہ فائدہ عیاں ہے۔ اللہ تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ جو شخص اخلاصِ نیت کے ساتھ اس کتاب کے مطالعہ کا اہتمام کرے گا وہ حضرت ابوہریرہ  کی مندرجہ بالا حدیث کا مصداق ٹھہرے گا‘ اخروی نجات کاملہ کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی خیر وبرکت سمیٹنے والا بن سکے گا‘ ہمارے خیال میں یہ کتاب ہرگھرکی ضرورت ہے‘ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اپنی اور اپنے محبوب ا کی سچی محبت نصیب فرمائے۔
ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کارعظیم کے مرتبین ومعاونین کو آخرت کی سرخروئی اور دنیا کی خیر وبرکت سے مالا مال فرمائے‘ اعمال میں اخلاص‘ جہود ومساعی میں تسلسل مقدر فرمائے۔
اسوة الرسول الاکرم ا :
الدکتور محمد عبد الحی الصدیقی : راجعہ وخرج احادیثہ وترجمہ عن الاردویہ: اختر حسن السید الحسینی‘ صفحات: ۶۴۶‘ قیمت: ۳۰۰ روپے پتہ: الرحیم اکادمی اکرام آباد لیاقت آباد کراتشی‘ باکستان۔
پیش نظر کتاب قطب الارشاد حضرت اقدس ڈاکٹر عبد الحی عارفی قدس سرہ کی مشہور عام کتاب اسوہ رسول اکرم ا کا عربی ایڈیشن ہے‘ جس میں جناب سید اختر حسن حسینی صاحب احادیث مبارکہ کی تخریج ومراجعت کے ساتھ ساتھ اس کا عربی میں ترجمہ کرکے عربی دان حضرات کے لئے اس عظیم علمی ذخیرہ سے مستفید ہونے کی راہ ہموار کی ہے۔ کتاب پر کچھ لکھنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ دراصل ہمارے اکابر کی مفید ترکتب عموماً مقامی زبان اردو میں ہوتی ہیں تو عرب دنیا ان سے اور ان کے فاضل مؤلفین کی علمی حیثیت سے ناآشنا رہتی ہے‘ اس لئے غالباً سید اختر حسن حسینی صاحب نے اس عظیم کتاب کے نفع کو عام کرنے کے لئے یہ انقلابی قدم اٹھاکر علمائے پاکستان کی جانب سے فرض کفایہ ادا کیا ہے۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کو امت کے لئے نافع اور مفید بنائے‘ آمین
الہدیٰ انٹرنیشنل کیا ہے؟ (مکمل دونوں حصے):
مولانا مفتی محمد اسماعیل طورو:صفحات:۳۰۰ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: شعبہ نشر واشاعت دار الافتاء جامعہ اسلامیہ صدر کامران مارکیٹ راولپنڈی۔
دور حاضر‘ بلاشبہ فتنوں کا دور ہے‘ اس دور میں شیطان ملعون نے ہرایک کو ہواپرستی کی پٹڑی پر ایسا چڑھایاہے کہ اس سے منزل مقصود ہی اوجھل ہوگئی ہے‘ وہ سمجھتا ہے کہ جہاں میں ہوں وہی منزل مقصود ہے اور مجنون ومخبوط الحواس کی مانند جو اسے اس کی غلطی سے آگاہ کرنے کوشش کرتاہے‘ وہی اس کے غیظ وغضب کا نشانہ بنتاہے۔ پیش نظر کتاب میں بھی دور حاضر کی ایک ایسی ہی فاضلہ کے افکار کی نشاندہی کی گئی ہے جو خیر سے اپنے علاوہ کسی کو ہدایت یافتہ ہی کہنے کو تیار نہیں‘ اس نے اپنے نام کے ساتھ ”الہدیٰ“ کا عنوان بھی غالباً اسی صفتِ استخدام کے طور پر لگایاہے۔ مصنف موصوف جناب مولانا مفتی محمد اسماعیل طورو صاحب لائقِ تحسین ہیں کہ انہوں نے اس عنوان پر سب سے پہلے تحریری مواد پیش کیا۔ یہ اس کتاب کا ساتواں ایڈیشن ہے‘ اس سے پہلے اس کتاب میں بینات کے انہی صفحات میں تعارف آچکا ہے۔ کتاب قابلِ قدر اور لائقِ مطالعہ ہے۔
تذکرہ وسوانح علامہ شبیر احمد عثمانی :
اشاعت خاص ماہنامہ ”القاسم “ نوشہرہ،صفحات :۴۳۹، قیمت :درج نہیں ، ناشر : القاسم اکیڈمی ، جامعہ ابوہریرہ ، برانچ پوسٹ آفس ، خالق آباد ، نوشہرہ۔
مولانا عبد القیوم حقانی صاحب زید مجدہ اس سے قبل بھی اکابرین کے تذکرے وسوانح شائع کرچکے ہیں اور پیش نظر کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، کتاب آٹھ ابواب پر مشتمل ہے ، ابواب کے عنوانات پر اجمالی نظر ڈالنے سے کتاب کے مضامین کی افادیت کا اندازہ ہوجاتاہے : باب اول : تذکرہ وسوانح اور جامعیت ، باب دوم :سیرت وکردار ، باب سوم : اوصاف وکمالات ، باب چہارم : تفسیر عثمانی :عظمت وافادیت ، باب پنجم : سیاسیات ، باب ششم :افادات ، باب ہفتم :سفر آخرت ، باب ہشتم : منظوم خراج عقیدت۔ کتاب ہر لحاظ سے قابل قدر اور لائق مطالعہ ہے ۔
بیان یسیر اردو تقریر نحو میر :
افادات :مولانا مفتی احتشام الحق صاحب ، مرتب : مولانا محمد الیاس عادل ، صفحات :۹۳، قیمت :درج نہیں ، ناشر :فاروقیہ پبلشرز ، مکتبہ فاروقیہ ، ہزارہ روڈ حسن ابدال ، ضلع اٹک ۔
پیش نظر کتابچہ میں ترجمہ وتشریح کے ساتھ ساتھ تمام نحو ی اصطلاحات کو وجہ حصر اور نقشوں کے ذریعے اور تمام اشکالات کو سوال وجواب کی صورت میں حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، اگر نحو میر کے بجائے نحو کی کسی اور کتاب پر علمی انداز سے کام ہوتا تو زیادہ مناسب ہوتا ۔ چہل حدیث :تالیف :مولانا فضل اللہ شامزئی ، صفحات:۱۱۱، قیمت : درج نہیں ، ناشر : مکتبہ قمر المعارف ، ہنگرو ڈھیری ، مینگورہ ، سیدو شریف ۔ پیش نظر رسالے میں جمعة المبارک کی اہمیت وفضیلت ، آداب واحکام اور اوصاف وخصائص کے بارے میں چالیس احادیث مبارکہ کو جمع کردیا گیا ہے ،رسالے میں کاغذ بہت ہلکا استعمال کیاگیا ہے ، پیش نظر نسخے میں ایک کاپی یعنی ۸ صفحات الٹے جلد ہوگئے ہیں ، اور رسالے کی فولڈنگ میں بھی کافی نقص ہے ،احادیث مبارکہ کے مضامین پر مشتمل کتاب میں احتیاط ہر اعتبار سے نہایت ضروری ہے
اشاعت ۲۰۰۶ ماہنامہ بینات, رجب المرجب۱۴۲۷ھ اگست۲۰۰۶ء, جلد 69, شمارہ 
Flag Counter