Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق محرم الحرام 1434ھ

ہ رسالہ

16 - 16
مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

گلدستہٴ گلزار سعدی
اس رسالے میں شیخ سعدی رحمة الله علیہ کی معروف فارسی کتابوں گلستان، بوستان اور کریما سے پندونصائح اور دلچسپ وحیرت انگیز حکایات کا انتخاب اردو زبان میں پیش کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور فارسی زبان سے نابلد اردو داں طبقہ شیخ سعدی رحمة الله علیہ کی پند ونصائح او راخلاقی قدروں کی حامل عبرت انگیز حکایات وواقعات سے مستفید ہو کر اپنے اخلاق واحوال کی اصلاح کر سکے۔ دارالعلوم زکریا جنوبی افریقہ کے استاذ مولانا محمد کونڈھوی نے اسے مرتب کیا ہے اور زمزم پبلشرز کراچی نے اسے عمدہ کاغذ پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے، یہ رسالہ80 صفحات پر مشتمل ہے۔

نظام تربیت
تالیف: مولانا محمد اسماعیل صادق بلاسپوری
صفحات:228 سائز:20x30=16
ناشر: مکتبہ حبیبیہ مدنیہ، منصور آباد، فیصل آباد، صوبہ پنجاب
مولانا مفتی مہربان علی بڑوتوی رحمة الله علیہ نے اپنے مدرسے میں طلبہ کی تربیت کے لیے ایک عملی نظام ترتیب دیا تھا جس میں طلبہ کو اسلام کے بنیادی عقائد وارکان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی علمی مشق بھی کرائی جاتی تھی، اس نظام کے بہتر نتائج سامنے آئے اور ہندوستان کے کئی اداروں نے اس تربیتی نظام کو اپنے ہاں رائج کیا ۔ مولانا محمد اسماعیل بلاسپوری نے زیر نظر کتاب میں عملی مشق کے اس نظام کو نہایت سہل انداز میں مرتب کیا ہے اور اس کا نام انہوں نے ”نظام تربیت“ رکھا ہے۔

کتاب کو دو حصوں میں اس طرح تقسیم کیا گیا ہے کہ حصہ اول میں عقائد وایمانیات، طہارت ونماز، مسنون دعائیں اور سیرت نبوی کا مختصر بیان ہے ، حصہ دوم میں میت کے احکام، عیادت وتعزیت کا بیان، روزہ واعتکاف کے مسائل ، عیدین وقربانی، عقیقہ، زکوٰة، صدقہ فطر، حج وعمرہ ، نکاح اور ان کے علاوہ دیگر ضروری واہم مسائل اور اسلامی معلومات کو اس میں جمع کیا گیا ہے ، جب کہ آخر میں اس تربیتی نظام کا طریقہ عمل بھی دیا گیا ہے کہ کن مسائل واحکامات کو کس طرح اور کتنے دنوں میں یاد کرنا چاہیے اور طلبہ سے کس طرح اس کی عملی مشق کرانی چاہیے۔

ضروری مسائل واحکام کی عملی مشق کا یہ طریقہ کار اس لیے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ طالب علمی کے زمانے میں اگر علمی مشق نہ ہو تو پھر بعد میں بسا اوقات پوری زندگی گزر جاتی ہے لیکن ان مسائل پر عمل کرنے کی نوبت ہی پیش نہیں آتی جسکی وجہ سے مسائل کا استحضار بھی نہیں ہوتا او رمعاشرے میں کام کرتے ہوئے کئی مسائل میں ایک عالم دین کو الجھن او رپریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

کتاب کا ورق درمیانہ ہے اور غیر مجلد چھپی ہے۔

نسخہٴ سکون
اس رسالے میں بیماری او راس کے مادی وروحانی علاج کے سلسلے میں اسلامی ہدایات اور ماثور دعائیں نقل کی گئی ہیں۔ ماہنامہ ”الہلال“ مانچسٹر کے مدیر مولانا محمد اقبال رنگونی نے اسے تالیف کیا ہے اور ادارہ اشاعت الاسلام، یوکے نے56 صفحات پر اچھے کاغذ کے ساتھ چھاپا ہے۔ 
Flag Counter