اخبار جامعہ
ادارہ
مکتب تعلیم القرآن کے اساتذہ میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کا بیان
26 ذوالقعدہ بروز ہفتہ13 اکتوبر کو ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ کراچی حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ناخدا مسجد، ٹاور تشریف لے گئے ، جہاں مکتب تعلیم القرآن کے مشہور دینی، تعلیمی اور تربیتی نصاب کے حوالے سے معلمین مدارس کے لیے ایک معلوماتی تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا، حضرت نے اساتذہ میں بیان فرمایا۔
حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اور دیگر اساتذہ جامعہ کا سفر حج
18 اکتوبر یکم ذوالحجہ بروز جمعرات حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ سفر حج پرروانہ ہوئے، جامعہ فاروقیہ کراچی کے اساتذہ کرام میں حضرت مولانا عبدالزراق صاحب ، مولانا فہیم الدین صاحب اور ادارہ الفاروق کراچی سے جناب محمدیوسف رانا صاحب بھی حج کے لیے تشریف لے گئے۔
یک ماہی امتحانات
23,22 اکتوبر بمطابق6,5 ذوالحجہ بروز پیر منگل کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں یک ماہی امتحانات کا انعقاد کیا گیا، جس میں درجہ رابعہ تک تقریری اور باقی تمام درجات کا تحریری امتحان ہوا۔
عیدالاضحی اور دوبارہ آغاز
جامعہ فاروقیہ کراچی میں عیدالاضحی کے مبارک موقع پر اجتماعی قربانی اور چرم قربانی کا اہتمام کیاجاتا ہے، اس سال بھی اس حوالے سے بھرپور خدمات انجام دی گئیں، 17ذوالحجہ3 نومبر سے دوبارہ تعلیمی اسباق کا آغاز ہوا۔
طلبہ مدارس کی جامعہ فاروقیہ آمد
چوں کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کا دورانیہ جامعہ فاروقیہ کراچی میں دیگر مدارس کی بنسبت کم ہوتا ہے ، اس لیے جامعہ فاروقیہ کراچی میں اسباق شروع ہوتے ہی دیگر مدارس کے طلبہ کرام موقع غنیمت جانتے ہوئے، حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ ( تلمیذ حضرت اقدس شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی رحمة الله علیہ ) کے سبق میں حاضر ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ اور تین دن حاضر رہ کر سلسلہ ذہبّیہ کی مشہور اور عالی سند حاصل کرتے ہیں۔ اس سال بھی جوں ہی اسباق کا آغاز ہوا تو جامعہ فاروقیہ میں کراچی کے دیگر مدارس کے طلبہ کرام کا تانتا بندھ گیا۔
مُدرسین جامعہ کے لیے خوشی کے لمحات
14 ذوالحجہ31 اکتوبر کو ناظم آباد میں حضرت مولانا قاری محمد طلحہ قیصر قاسمی صاحب کے ہاں صاحبزادی کی رخصتی اور بیٹے کے ولیمے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں اساتذہ جامعہ نے شرکت کی۔
16ذوالحجہ2 نومبر بروز جمعہ ناظم تعلیمات جامعہ فاروقیہ حضرت مولانا خلیل احمد صاحب کے صاحبزادوں مولانا رفیق احمد اور عزیز احمد کے ولیمے کی تقریب لانڈھی میں منعقد ہوئی۔
اسی طرح23 ذوالحجہ9 نومبربروز جمعہ مفتی ثناء الله صاحب مدرس جامعہ ورفیق دارالتصنیف کے نکاح کی تقریب جامعہ احسن العلوم کراچی میں منعقد ہوئی۔ مولانا عرفان علی صاحب مدرس جامعہ فاروقیہ کراچی بھی رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے بروز بدھ14 نومبر26 ذوالحجہ کو دعوت ولیمہ کا انعقاد کیا گیا۔
سانحات جامعہ اشرف المدارس و احسن العلوم
3ماہ قبل21 رمضان بمطابق10 اگست بروز جمعہ ایک ”جھوٹی اطلاع“ پر رینجرز نے جامعہ دارالعلوم کراچی پر چھاپہ مارا۔
اور اب حال ہی میں 20 ذوالحجہ بروز منگل 6نومبر کو رینجرز اور پولیس اہلکاروں اور مسلح دہشت گردوں نے مل کر جامعہ اشرف المدارس پر رات ایک بجے کے بعد چھاپہ مارا، جس میں نفری کی تعداد 100 کے قریب تھی اور بیسیوں موبائلوں اور سول گاڑیوں نے حصہ لیا، واقعے کا حیرت انگیز اور خطرناک پہلو پولیس کی جانب سے فرقہ وارانہ، معتصبانہ نعروں اور شدید فائرنگ او راگلے روز تمام سیکورٹی اداروں کا اس آپریشن سے لاعلمی کا اظہار کرنا ہے۔ابھی قوم اس المیے سے نکلی ہی نہ تھی کہ 24 ذوالحجہ بروز ہفتہ 10 نومبر کو جامعہ احسن العلوم کے 7 طلبہ کرام کو ہوٹل میں فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا۔
21 ذوالحجہ بروز بدھ ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ کراچی حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے اشرف المدارس کا دورہ کیا اس موقع پر مفتی معاذ خالد صاحب اور مولانا عمار خالد صاحب بھی حضرت کے ہمراہ تھے۔
حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب اورصاحبزادہ مفتی محمد ابراہیم صاحب نے ان حضرات کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
جامعہ اشرف المدارس میں وفاق المدارس العربیہ کا ہنگامی اجلاس
24 ذوالحجہ 11 نومبر بروز ہفتہ جامعہ اشرف المدارس میں وفاق المدارس کا ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں دینی مدارس اور وفاق المدارس کے اراکین سمیت دینی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی، جس میں حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ پاکستان، مولانا عثمان یار خان صاحب، مولانا اورنگزیب فاروقی صاحب بھی شریک ہوئے، جامعہ فاروقیہ کراچی کی جانب سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب مفتی معاذ خالد صاحب اور مولانا عمار خالد صاحب نے شرکت کی۔
جامعہ احسن العلوم میں اساتذہ جامعہ فاروقیہ کی آمد ورفت
جامعہ احسن العلوم میں طلبہ کرام کی شہادت کے واقعے کے فوراً بعد حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب جامعہ احسن العلوم تشریف لے گئے۔
اگلے روز حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب ، حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب اور مولانا عمار خالد صاحب بھی جامعہ احسن العلوم تشریف لے گئے اور جامعہ احسن العلوم کے ذمہ داران سے تعزیت کی۔
جامعہ فاروقیہ کراچی میں تعزیتی اجلاس
بروز اتوار25 ذوالحجہ بمطابق11 نومبر جامعہ فاروقیہ کراچی میں جامعہ احسن العلوم کے شہید طلبہ کرام کے لیے تعزیتی اجلاس ہوا، جس میں دعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا محمد یوسف افشانی صاحب نے فرمایا، کہ یہ غم صرف حضرت مفتی زرولی خان صاحب یا احسن العلوم کا غم نہیں بلکہ یہ ہم سب کا غم ہے، اس لیے کہ مسلمانوں کی مثال تو ایک جسم کی مانند ہے ، کسی ایک عضو میں تکلیف سے سارا جسم متاثر ہو کر رہتا ہے، مزید برآں حضرت نے طلبہ کرام کو موجودہ حالات کی سنگینی، احتیاط او رمسنون اعمال میں لگنے کی ترغیب بھی فرمائی۔
وفاق المدارس اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کا اجلاس
26ذوالحجہ بمطابق12 نومبر بروز پیر اسلام آباد وزارت داخلہ میں اتحاد تنظیمات مدارس سمیت دیگر مذہبی جماعتوں کا اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی کی تازہ لہر جس کا نشانہ مدارس دینیہ اور طلبہ وعلماء بنے ہیں کہ حوالے سے نیز محرم الحرام میں امن وامان کی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے صدر اور صدر وفاق المدارس حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب بھی شریک ہوئے۔
اگلے روز حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب کی زیر صدارت اسلام آباد میں وفاق المدارس العربیہ کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا اور اشرف المدارس وجامعہ احسن العلوم کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا، دہشت گردی کے ان حالیہ واقعات کو عالمی استعماری سازشوں کا شاخسانہ قرار دے کر حکومت سے اپنی پوزیشن واضح کرنے کا عندیہ دیا گیا نیز ناظم اعلیٰ حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری اور قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب کو مذہبی اور سیاسی جماعتوں سمیت آرمی چیف، وزیراعظم اور صدر سے ملاقاتوں کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔
صدمہ وفات
جامعہ اشرف المدارس کے سابق معلم قرآن جناب قاری سرفراز علوی صاحب جو جامعہ فاروقیہ کراچی کے پڑوس ہی میں رہا کرتے تھے انتقال فرما گئے، ان کی نماز جنازہ جامعہ فاروقیہ میں ادا کی گئی۔
جامعہ فاروقیہ کراچی کے دیرینہ محسن اورپڑوسی جناب حبیب الرحمن (سرور چاچا) بھی انتقال فرما گئے، جامعہ میں ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی، بعدازاں جامعہ سے جناب ڈاکٹر عبدالرحمن صاحب ، مولانا عمار خالد صاحب، مفتی حماد خالد صاحب او رمولانا ولی الرحمن صاحب ان کے گھر تشریف لے گئے اور رشتہ داروں سے تعزیت کی۔