Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شعبان المعظم 1433ھ

ہ رسالہ

13 - 14
اخبار جامعہ
ادارہ
طلباء معہدعربی کے لیے تربیتی نشست
16 جمادی الثانیہ بروز منگل جامعہ فاروقیہ مرکز میں معہد عربی کے تمام طلبہ کرام کی تربیتی نشست منعقد کی گئی۔ جس میں حضرات اساتذہ کرام نے عربی ذوق کی اہمیت اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی ، نیز عربی تکلم، تحریر اور جدید عربی کتب اور رسائل سے کلی استفادہ ، یہ تمام امور اس مجلس میں موضوع بحث رہے۔

داعی قرآن حضرت مولانا اسلم شیخوپوری صاحب کی شہادت
21 جمادی الثانیہ بروز پیر کراچی میں داعی قرآن، مبلغ اسلام حضرت مولانا محمد اسلم شیخوپوری صاحب کو شہید کر دیا گیا۔ حضرت مولانا جامعہ بنوریہ سائٹ کراچی میں تقریباً پچیس سال مدرس رہنے کے بعدکئی سالوں سے اپنے آپ کو دعوت قرآن کی مبارک محنت کے لیے وقف کیے ہوئے تھے۔ دوسرے لفظوں میں فناء فی القرآن شخصیت تھے، ایک بہترین خطیب ، صاحب طرز کالم نگار، ایک عظیم مفسر اور بیسیوں کتابوں کے مصنف مولانا اسلم شیخوپوری دونوں ٹانگوں سے معذور تھے، مگر انہوں نے اس کمزوری کو کسی موقع پر بھی دعوت دین کی راہ میں رکاوٹ بننے نہ دیا۔ اور علمی، ادبی، دعوتی اور انقلابی نوعیت کا اس قدر سرمایہ امت میں منتقل فرمایا کہ بڑی بڑی اکیڈمیاں بھی شاید اتنا کام نہ کر سکیں۔

جامعہ فاروقیہ کے اساتذہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب نے مولانا کی مسجد او رگھر جاکر مولانا مرحوم کے صاحبزادوں سے تعزیت کی۔

جامعہ فاروقیہ فیزII میں تقریب ختم قرآن
28 جمادی الثانیہ بروز اتوار کو جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں تقریب ختم قرآن مجید حفظ وناظرہ منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے فرمائی، اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ حدیث حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، مولانا محمد انور صاحب اور مولانا خلیل احمد صاحب بھی موجود تھے۔

جامع مسجد صیانة المسلمین میں تقریب ختم قرآن
5 رجب المرجب بروز اتوار جامع مسجد صیانة المسلمین شاہ فیصل کالونی کراچی میں ختم قرآن حفظ وناظرہ کی تقریب جامعہ فاروقیہ کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے بیان فرمایا، اس موقع پر جامعہ سے حضرت مولانا زر محمد صاحب (نگران وخطیب مسجد صیانة المسلمین) مفتی محمد واحد صاحب اور مفتی محمد راشد ڈسکوی صاحب بھی موجود تھے۔

فضلائے کرام کی دستار بندی
10 رجب المرجب بمطابق31 مئی بروز جمعرات جامعہ فاروقیہ کراچی میں فارغ التحصیل علماء کرام کے سروں پر دستار فضیلت رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی ، تقریب کا آغاز تلاوت کلام مجید اور نعت سے ہوا، تلاوت کے فرائض قاری حبیب الله اورقاری عطاء الحق نے انجام دیے جب کہ فصیح الدین اور منیر احمد نے حمد اور الوداعی نظمیں پیش کیں۔

حضرت شیخ الحدیث صدر وفاق المدارس مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے فضلائے کرام کے سامنے الوادعی نصائح ارشاد فرمائیں، جس میں سے چند درج ذیل ہیں۔
1...اپنے علاقوں میں درس قرآن (پندرہ بیس منٹ) کا ضرور اہتمام کریں۔
2... تدریس کے ساتھ حتی الوسع تعلق قائم رکھا جائے۔
3... دعوت وتبلیغ میں بھی وقتاً فوقتاً نکلا جائے۔
4...اہل الله کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کیا جائے۔

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر پنجاب
حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ جمعرات ہی کے دن مورخہ10 رجب کو پنجاب کے سفر پر روانہ ہوئے۔ اس سفر میں حضرت مولانا خلیل احمد صاحب حضرت شیخ کے ہمراہ تھے۔

اولاً یہ حضرات فیصل آباد پہنچے اور جامعہ فاروق اعظم میں قیام فرمایا جہاں مولانا خلیل احمد صاحب نے جمعہ کا بیان فرمایا، نماز جمعہ کے بعد دستار بندی کی تقریب حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی صدارت میں منعقد ہوئی، ہفتے کے روز سرگودھا میں جامعہ مفتاح العلوم میں بعد نماز عشاء حضرت نے دورہ حدیث کے فضلاء کرام میں الوداعی نصائخ ارشاد فرمائیں، اتوار کے روز دارالعلوم کبیر والا میں بعد نماز عصر حضرت شیخ الحدیث نے مدرسہ کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کی صدارت فرمائی، جب کہ بعد از مغرب حضرت کا بیان ہوا۔

اسی طرح وہاڑی میں واقع مدرسہ خالد بن ولید میں حضرت شیخ زید مجدہ نے دوپہر کے وقت بیان فرمایا، اس کے بعد بہاولپور میں مدرسہ اسعد بن زرارہ میں تقسیم اسناد وانعامات کی تقریب میں شرکت کی اور حضرت شیخ کا بیان ہوا۔

سفر کے آخر میں حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کہروڑ پکا تشریف لے گئے جہاں باب العلوم کہروڑ پکا میں شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالمجید لدھیانوی صاحب دامت برکاتہم سے ملاقات فرمائی اور مدرسے کی ترقی کے لیے دعا فرمائی۔

غیر وفاقی امتحانات
6 جون بروز بدھ بمطابق 16 رجب سے جامعہ میں غیر وفاقی امتحانات کا آغاز ہوا۔

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر اندرون سندھ
6 جون بروز بدھ جامعہ حسینیہ شہداد پور کے نائب مہتمم حضرت مولانا محمد سلیم صاحب جامعہ فاروقیہ کراچی تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب سے ملاقات کی اور جامعہ حسینیہ میں جلسہ دستار فضیلت کی سرپرستی کے لیے عرض کیا ، چناں چہ اگلے روز حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ مولانا محمد سلیم صاحب کے ہمراہ علی الصبح شہداد پور روانہ ہوئے، اس سفر میں مفتی عبدالواحد صاحب اور مفتی معاذ خالد صاحب بھی ہمراہ تھے۔

سفر کے آغاز میں یہ حضرات سپرہائی وے کے قریب جو کھیو موڑ پر واقع مدرسہ حسان بن ثابت تشریف لے گئے ، جہاں جامعہ کے فاضل مولانا عبدالغفور ندیم صاحب نے ان حضرات کا استقبال کیا اس موقع پر حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ نے مدرسہ اور مسجد کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اورترقی کے لیے دعا فرمائی، نیز حفظ قرآن مکمل کرنے والے طالب علم کی دستار بندی بھی فرمائی، مدرسہ حسان بن ثابت کے بانی مولانا عبدالغفور ندیم صاحب جامعہ فاروقیہ کے فاضل ہیں جنہوں نے جوکھیو موڑ جیسے پس ماندہ علاقے میں دینی مدرسے کی بنیاد رکھی الله پاک ان کی مساعی کو قبول فرمائے۔ آمین

بہرکیف یہاں سے فراغت کے بعد جب یہ حضرات جامعہ حسینیہ پہنچے تو حضرت مولانا محمدیوسف صاحب مہتمم جامعہ اور اساتذہ کرام نے ان حضرات کا پُرتپاک استقبال کیا۔ بعد از نماز ظہر جلسہ دستار بندی کا آغاز ہوا اور حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ نے اصلاحی بیان اور فضلائے کرام کو قیمتی نصائح بھی ارشاد فرمائیں۔

جامعہ حسینیہ کے جلسے کے بعدیہ حضرات مفتی عرفان احمد صاحب(مہتمم جامعہ صدیق اکبر) کی خصوصی دعوت پر ٹنڈوالہ یار جامعہ صدیق اکبر تشریف لے گئے اور بعد از نماز مغرب جلسہ دستار فضیلت میں بیان فرمایا، رات کا قیام جامعہ صدیق اکبر ہی میں ہوا۔ اور اگلے روز بروز جمعہ علی الصبح کراچی واپسی کے لیے روانہ ہوئے۔

ممتحنین شعبہ تحفیظ وفاق المدارس (کراچی کی تربیتی نشست)
5 جون کو جامعہ فاروقیہ کراچی میں ممتحنین اور 6 جون کو جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن میں ممتحنات کی تربیتی نشست منعقد کی گئی۔

جامعہ فاروقیہ کراچی میں حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، مولانا قاری حق نواز صاحب( مہتمم دارالعلوم صفہ) مفتی خالد محمود صاحب مدیر اعلیٰ اقراء روضة الاطفال ٹرسٹ اور مولانا عمار خالد صاحب ( مسئول شعبہ تحفیظ )نے امتحانی اور انتظامی امور کے بارے میں ہدیات دیں۔

جامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن میں حضرت مولانا مفتی عبدالمجید دین پوری صاحب نے اصلاحی او رعمومی لحاظ سے بیان فرمایا، جب کہ مولانا عمار خالد صاحب نے امتحان کے نظم ونسق کے حوالے سے ہدایات بیان کیں۔

فتاوی محمودیہ کا پانچواں ایڈیشن
الحمدلله ہمارے قارئین کے لیے یہ خبر بڑی مَسّرت آمیز ہو گی کہ گزشتہ چار ایڈیشنوں کے بعد اب فتاویٰ محمودیہ کا پانچواں ایڈیشن بھی منظر عام پر آگیا اور جامعہ کے حضرات اساتذہ کی نگرانی میں پیکنگ کے بعد اس کی فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔ 
Flag Counter