Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی جمادی الاولیٰ 1431ھ

ہ رسالہ

12 - 20
***
اخبار جامعہ
مفتی معاذ خالد
حضرت شیخ الجامعہ دامت برکاتہم کا طبی معاینہ
برور ہفتہ19 ربیع الاول بمطابق6 مارچ2010ء حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ تین ماہ قبل ہونے والی انجوگرافی کے بعد ہونے والے معمول کے طبی معاینے کے لیے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب مدظلہ کے ہمراہ ٹبہ ہسپتال تشریف لے گئے ، جہاں پر ڈاکٹر خورشید صاحب نے حضرت کا تفصیلی معاینہ کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار فرمایا۔ الحمدلله علی ذلک
حضرت ناظم اعلیٰ کا خطاب
بروز پیر21 ربیع الاول کو جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں چار ماہی امتحانات اختتام پذیر ہوئے اسی دن دوپہر طلبہٴ کرام سے حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کا تفصیلی خطاب ہوا، جس میں حضرت نے چھٹیوں میں اپنا وقت قیمتی بنانے، والدین کی خدمت کرنے کے علاوہ دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو فرمائی۔ امتحانات کے اختتام پر جامعہ کے تعلیمی سال کی چار ماہی تعطیلات شروع ہوئیں، جو ان شاء الله تعالیٰ بروز جمعہ19 مارچ3 ربیع الثانی1431ھ تک جاری رہیں گی۔ اس کے بعد بروز ہفتہ20 مارچ بمطابق4 ربیع الثانی باقاعدہ اسباق کا آغاز ہو گا۔
بروز پیر21 ربیع الاول بعد نماز ظہر حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کی سربراہی میں علمائے کرام کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف امور زیر بحث آئے۔
انتقال پُر ملال
بروز منگل22 ربیع الاول کو جامعہ سے قریبی تعلق اور محبت رکھنے والے محترم بھائی عبدالستار صاحب (تیل والے) کے بھائی جناب عبدالرزاق صاحب کا قضائے الہٰی سے انتقال ہو گیا۔ انا لله واناالیہ راجعون۔ الله تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور متعلقین وپسماند گان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
حضرت ناظم اعلیٰ کا سفر ملائیشیا
بروز منگل22 ربیع الاول بمطابق9 مارچ کو علی الصبح حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ ملائیشیا تشریف لے گئے۔ اور 2 ربیع الثانی بروز جمعرات بخیر وعافیت سفر سے واپس تشریف لائے۔
علمائے کرام کی اندوہناک شہادت
بروز جمعرات24 ربیع الاول بمطابق11 مارچ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے امیر اور جامعة العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن سے شائع ہونے والے ماہنامہ بینات کے مدیر حضرت مولانا سعید احمد جلال پوری اپنے صاحبزادے اور دیگر رفقاء کے ہمراہ کراچی میں شہید کر دیے گئے۔ جمعرات ہی کو علی الصبح جامع مسجد صدیق اکبر کے امام وخطیب اور اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما حضرت مولانا عبدالغفور ندیم صاحب اپنے دو صاحبزاد گان کے ساتھ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوئے ۔ حضرت کے ایک صاحبزادے موقع پر ہی جان بحق ہوگئے۔
بروز ہفتہ26 ربیع الاول حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب اور مولانا خلیل احمد صاحب جامعة العلوم الاسلامیہ تعزیت کے لیے تشریف لے گئے، جہاں حضرت شیخ زید مجدہ نے دفتر اہتمام میں حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب مدظلہ، اساتذہ حدیث حضرت مولانا سعید احمد جلالپوری رحمة الله علیہ کے حقیقی بھائی اور رشتہ داروں سے اظہار تعزیت فرمایا بعد ازاں حضرت ڈاکٹر عبدالرزاق صاحب مدظلہ کے ارشاد پر جامع مسجد بنوری ٹاؤن تشریف لے گئے جہاں اساتذہ اور طلبہ کے عظیم اجتماع سے تعزیتی خطاب فرمایا۔
بروز اتوار27 ربیع الاول کوحضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب مدظلہم اپنے صاحبزادے مولانا عبیدالله خالد صاحب مدظلہ کے ہمراہ مولانا عبدالغفور ندیم کی عیادت کے لیے لیاقت ہسپتال تشریف لے گئے، جہاں ملاقات سے ذرا پہلے ہی مولانا عبدالغفور ندیم صاحب اس جہان فانی کو الوداع کہہ گئے۔ انا لله وانا الیہ راجعون۔ الله تعالیٰ تمام شہداء کی شہادت کو قبول فرمائیں اور ان کے پسماندگان ومتعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔ آمین
بروز منگل29 ربیع الاول صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان وبانی ومہتمم جامعہ فاروقیہ، حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ جامع مسجد باب رحمت پرانی نمائش میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام مولانا سعید احمد جلالپوری رحمة الله علیہ کی تعزیت کے سلسلے میں منعقدہ جلسے میں شرکت کے لیے تشریف لے گئے۔
اور اپنی پیرانہ سالی، ضعف اور امراض کے باوجود اجتماع عام کو ولولہ انگیز پیغام دیا۔
حضرت شیخ الحدیث کا سفر حجاز
بروز جمعرات2 ربیع الثانی مطابق18 مارچ حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفر عمرہ پر تشریف لے گئے۔ اس سفر میں حضرت کے ساتھ حضرت کی اہلیہ محترمہ آپ کے صاحبزادے ناظم جامعہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب مدظلہ، ان کی اہلیہ محترمہ اور اور پوتے مولوی حماد خالد ہمراہ تھے۔
بروز جمعرات 9 ربیع الثانی حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ جامعہ کے دوسرے حضرات اساتذہ کے ساتھ جامعہ کی ذیلی شاخ سہون تشریف لے گئے۔
جامعہ میں مہمانوں کی آمد
بروز جمعہ10 ربیع الثانی بعد نماز جمعہ کراچی مین متعین انڈونیشیا کے کونسلر کی جامعہ فاروقیہ کراچی آمد ہوئی، حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کے ساتھ کچھ امور پر بات چیت ہوئی۔
حضرت شیخ الجامعہ کی سفرعمرہ سے واپسی
بروز پیر20 ربیع الثانی بمطابق5 اپریل حضرت شیخ الحدیث اپنے تمام اہل خانہ کے ساتھ سفرِ عمرہ سے بخیر وعافیت واپس کراچی تشریف لے آئے۔
تقریری مقابلہ
بروزبدھ15 ربیع الثانی بعد نماز مغرب جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں عربی زبان میں ”تقریری مقابلہ“ منعقد ہوا، جس میں جامعہ کے اساتذہ کے علاوہ شہر کے مختلف علمائے کرام نے شرکت فرمائی۔ مقابلہ میں کامیاب ہونے والے طلبہٴ کرام کو انعامات بھی دیے گئے۔

Flag Counter