Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ذوالحجہ1430ھ,

ہ رسالہ

13 - 16
***
تبصرہ کتب
تبصرہ کے لئے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لئے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں۔ (ادارہ)
پریشان رہناچھوڑ دیجیے
تالیف : مولانا محمد حنیف عبدالمجید
صفحات:520 سائز:23x36=16
ناشر: دارالھُدی ، گلشن اقبال، کراچی
اس کتاب کے چار ابواب ہیں، باب اول میں ایسی دعائیں جمع کی گئی ہیں، جن میں دنیا اور آخرت کے شرور او رمصائب سے پناہ مانگی گئی ہے ، یہ دعائیں، حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی طرف سے مؤمنین کے لیے ایک انمول تحفہ ہیں … دوسرے باب میں پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے نفسیاتی اصولوں اور تدبیروں کو جمع کیا گیا ہے… تیسرے باب میں ان اعمال کو ذکر کیا گیا ہے جن سے پریشانیاں دور ہوتی ہیں اور سکون قلب حاصل ہوتا ہے … چوتھے باب میں مسنون ادعیہ کے ساتھ بزرگوں اور اسلاف کے مجرب وظائف اور اوراد تحریر کیے گئے ہیں جو پریشان کن حالت میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
آج کا دور فتنوں او رپریشانیوں کا دور ہے ، اس میں شریعت کی تعلیمات اور ہدایات کی روشنی میں نسخہٴ شفااور اطمینان کی دوا عام کرنا دکھی انسانیت کی بڑی خدمت ہے ، یہ کتاب اسی جذبے کے تحت مرتب کی گئی ہے ، عام فہم بھی ہے اور مفید بھی! کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔
اندھیرے سے اجالے کی طرف
مرتب: محمد صلاح الدین
صفحات:294 سائز:23x36=16
ناشر: اپلائڈ پبلی کیشنز، نئی دہلی2
مرتب لکھتے ہیں:” اس کتاب میں جو بھی تحریریں ہیں، اسلام کے ان علماء او راہل علم ودانشوروں سعیٴ قلم کا نتیجہ ہیں جن کو الله تعالیٰ نے دین حق کا ادراک عطا کیا اور توفیق دی کہ ان کے نوک قلم سے نکلی ہوئی اسلامی تعلیمات دین حق کے ماننے والوں تک پہنچے۔ الله تعالیٰ ان تمام لوگوں کو بے پایاں رحمت سے نوازے اور اجر عظیم عطا فرمائے۔
زیر نظر کتاب میں مختلف عناوین کے تحت جامع مضامین یکجا کر دیے گئے ہیں تاکہ اس کے مطالعہ سے نہ صرف ہماری ایمانی قوت کو نشو ونما ملے بلکہ ان تحریروں سے ہماری قوتِ عمل میں بھی اضافہ ہو۔“
” علم سے مجھے ابتدا ہی سے گہرا لگا ؤ رہا ہے ۔ میرے والد مرحوم نے میر ی ابتدائی تعلیم اردو زبان سے شروع کرائی جس کی وجہ سے میرے اندر دین کی تعلیمات جستہ جستہ راسخ ہو گئیں۔آج بھی جب میں اردو کی کسی کتاب کا مطالعہ کرتا ہوں تو اردو کی لکھی ہوئی عبارتیں دل پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہیں کیوں کہ اردو ہی مادری زبان رہی ہے ۔ اس کے مقابلے میں اگر کوئی دینی مضمون انگریزی میں پڑھنے کا موقع ملتا ہے تو سچ جانئے دل پروہ اثر نہیں ہوتا جو اردو پڑھنے سے ہوتا ہے ۔ لہٰذا مجھے بچپن ہی سے اردو سے غیر معمولی محبت ہے۔ الله تعالیٰ سے دعا کرتا رہتا ہوں کہ اردو زبان کو فروغ حاصل ہو اور جو لوگ اردو پڑھتے ہوئے احساس کمتری کے شکار ہوتے ہیں ان سے گزارش ہے کہ فطری انداز کو ہی اختیار کریں۔“
” عصر حاضر میں زیادہ تر لوگ ایک خاص قسم کی احساس کمتری میں مبتلا ہیں ، جس سے وہ دوسروں کو خیر کی دعوت دیتے ہوئے جھجکتے ہیں۔ اس لیے ناچیز نے سوچا کہ اس کتاب کے اندر ایسے مضامین کا انتخاب کیا جائے جس کے مطالعے سے ہمارے علم میں اضافہ ہو او رہماری نجات کا ذریعہ بن جائے اور چوں کہ الله رب العزت نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا ہے ”یا ایھا الذین آمنوا ادخلو فی السلم کافة“” اے ایمان والو اسلام میں پورے کے پورے داخل ہو جاؤ“ تو اس کتاب کے اندر ایسے مواد کو یکجا کر دیا گیا ہے کہ پڑھنے اور عمل کرنے کے بعد انسان اسلام کے تمام ارکان کو اپنی مختصر سی زندگی میں اپنے اوپر نافذ کر سکتا ہے۔“
کتاب کے اندر جن بزرگوں اور علماء کے مضامین جمع کیے گئے ہیں، ان میں مولانا عاشق الہٰی بلند شہری، مولانا محمدیوسف لدھیانوی، مولانا محمدتقی عثمانی، مولانا محمد سید سلیمان ندوی اور مولانا ابوالحسن علی ندوی کے نام قابل ذکر ہیں۔
کتاب کی طباعت اوراشاعت معیاری ہے!
ماہنامہ العصر۔ سرپرست اعلیٰ نمبر
جامعہ عثمانیہ پشاور، مفتی غلام الرحمن صاحب کا قائم کردہ ادارہ ہے ، مختصر عرصے میں اس ادارے نے تعلیم وتربیت اور نظم وضبط کے اعتبار سے صوبہ سرحد کے علمی اوردینی حلقوں میں بڑی شہرت حاصل کی ہے ، اس ادارے کے پہلے سرپرست حضرت مولانا حکیم لطف الرحمن صاحب تھے، حکیم صاحب دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے ابتدائی فضلا میں سے تھے اور 1368ھ (1947) میں انہوں نے سند فراغت حاصل کی تھی ان کی وفات2 رمضان1427ھ کو ہوئی ہے۔204 صفحات پر مشتمل جامعہ عثمانیہ کے ترجمان ماہنامہ العصر کا یہ نمبر ان کی سوانح اور تعارف کے سلسلے میں مرتب کیا گیا ہے ، جس میں ان سے متعلق ہم عصر علماء اور مشائخ کی آراء، مضامین، اور ان کی سوانح حیات پر لکھی گئی تحریریں جمع کی گئی ہیں۔
طباعت او راشاعت درمیانے درجے کی ہے !

Flag Counter