Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق محرم الحرام 1437ھ

ہ رسالہ

15 - 15
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

إعلام الفئام بمحاسن الإسلام وتنبیہ البریة علی مطاعن المسیحیة
تالیف: مولانا مفتی رضاء الحق
صفحات:388 سائز:20x30=8
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی

مولانا مفتی رضاء الحق صاحب جامعةالعلوم الاسلامیہ، علامہ بنوری ٹاؤن کے سابق استاد ہیں اور اس وقت ایک طویل عرصے سے دارالعلوم زکریا، جنوبی افریقہ میں تدریس حدیث اور افتاء کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، کئی اہم کتابوں کے مؤلف بھی ہیں، زیر نظر کتاب دراصل ان کا تخصص فی الدعوة والارشاد کا مقالہ ہے جو انہوں نے جامعہ علوم الاسلامیہ، علامہ بنوری ٹاؤن میں زمانہٴ طالب علمی میں تالیف کیا تھا، یہ مقالہ عربی زبان میں تحریر کیا گیا ہے اور ایک طویل عرصہ کے بعد زیور طبع سے آراستہ کرکے منظر عام پر لایا گیا ہے، جس میں عیسائیت کی تاریخ، اس کے مختلف ادوار، عیسائی فرقوں کا تعارف او ران کے عقائد باطلہ کے رد کے ساتھ ساتھ اسلام اور عیسائیت کے درمیان عقائد، عبادات، معاملات، اخلاق، نکاح، طلاق، جہاد، حقوق انسانی اور حقوق نسواں وغیرہ امور میں تقابل پیش کیا گیا ہے اور ساتھ ساتھ دشمنان اسلام کی طرف اسلامی احکامات پر اٹھائے گئے اعتراضات وشبہات کا جواب بھی دے دیاگیا ہے۔

نیز انا جیل و اسفار کی روشنی میں حیات عیسیٰ علیہ السلام، آپ سے متعلق عیسائیت کے عقائد جب کہ قرآن و حدیث اور انبیاء سابقین کی بشارات کی روشنی میں حضو راکرم صلی الله علیہ وسلم کی حیات طیبہ کو بیان کیا گیا ہے اور یہ ثابت کیا گیا ہے کہ کتب سابقہ میں تحریف کے باوجود آپ صلی الله علیہ وسلمکی آمد کی بشارتیں موجود ہیں، جن کا مصداق تاریخی حقائق او رانبیاء کرام کی حیات طیبہ کے پیش نظر صرف حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی ذات گرامی ہی ہو سکتی ہے، کوئی اور ہستی نہیں۔

یہ کتاب عیسائیت کے تعارف، ان کے عقائد باطلہ کے رد اور اسلام وعیسائیت میں تقابلی مطالعے کے لیے ایک محقق تالیفی کاوش ہے، مقارنة الادیان کے موضوع سے دلچسپی رکھنے والے اہل علم حضرات کو خصوصاً اس کا مطالعہ کرنا چاہیے۔

کتاب کا کاغذ اعلیٰ، جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

النحو الحسن لابن قاسم
تالیف:مولانا محمد نعیم کھتران
صفحات:152 سائز:23x36=16
ناشر:مکتبہ عمر بن الخطاب، سیدنا عمر فاروق چوک، شاہ رکن عالم کالونی، ملتان، پاکستان۔

زیر نظر کتاب میں علم نحو کے بنیادی قواعد وضوابط کو سہل ومرتب انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس میں علم نحو کی تعریف، موضوع، غرض وغایت اور لفظ، کلمہ، کلام کی تعریف واقسام سے لے کر اسم، فعل، حرف میں سے ہر ایک کے مسائل اور قواعدوضوابط کی ضروری واہم تفصیلات کو ذکر کر دیا گیا ہے، سہولت وآسانی کے لیے جگہ جگہ عنوانات بھی قائم کیے گئے ہیں اور نقشوں سے سمجھانے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

اس کتاب کے مؤلف مولانا محمد نعیم کھتران صاحب ہیں جو دارالعلوم رحمانیہ ڈیرہ غازی خان کے مدیر، علاقائی سطح پر تبلیغی جماعت کی بزرگ ومحترم شخصیت او رمقبول ومؤثر خطیب ومبلغ ہیں، یہ کتاب ان کی تقریباً پہلی تالیفی کاوش ہے۔ الله تعالیٰ کی ان کی اس کاوش کو دارین میں قبول فرمائے اور اسے علماء وطلباء کے لیے مقبول ونافع بنائے۔

یہ کتاب عمدہ ورق، دیدہ زیب ٹائٹل اور مضبوط جلد بندی کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

اردو نحومیر
مصنف: علامہ میر سید شریف جرجانی مترجم: مولانا محمد عمران عثمان
صفحات:104 سائز:23x363=16
ناشر: مدرسہ ابراہیم الاسلامیہ، گلزار ہجری، کراچی

”نحومیر“ متبدی طلبہ کے لیے علم نحو کی اہم کتاب ہے ،جس میں نحو کے بنیادی قواعد وضوابط کو جامع عبارت اور عام فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے، یہ کتاب مختلف امتیازات وخصوصیات کی بنا پر صدیوں سے مدارس اسلامیہ کے نصاب کا حصہ چلی آرہی ہے، چوں کہ اس کی اصل زبان فارسی ہے اور اس وقت درجہ اولی کے طلبہ کی ایک خاصی تعداد اسکول سے پڑھ کر آنے کی وجہ سے فارسی زبان سے نابلد ہوتی ہے، لہٰذا جامعة العلوم الاسلامیہ، علامہ بنوری ٹاؤن کے فاضل مولانا محمد عمران عثمان نے مبتدی طلبہ کی سہولت وآسانی کے لیے نحو میر کی عبارت، اسلوب اور قواعد کی رعایت رکھتے ہوئے اس کا اردو ترجمہ کیا ہے، جسے ”اردو نحومیر“ کے نام سے موسوم کیا گیاہے، اس میں عبارت مختصر مگر جامع لائی گئی ہے، اصطلاحات کی حاشیہ میں وضاحت کی گئی ہے، بعض قواعد کی اضافی امثلہ بھی بیان کی گئی ہیں اور ہر فصل کی مناسبت سے موزوں عنوانات کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

اس اردو ترجمے میں حتی الامکان اضافوں سے گریز کیا گیا ہے اور چند ایک مقامات پر جہاں ضرورت محسوس ہوئی ہے تو حاشیہ میں اس کی وضاحت کر دی گئی ہے، فارسی زبان سے نابلد طلبہ کے لیے نحومیر کا یہ اردوترجمہ کتاب اور نحوی قواعد وضوابط کو سمجھنے کے حوالے سے سود مند ثابت ہو گا۔ الله تعالیٰ مترجم کی اس کاوش کو قبول فرماکر اسے طلبہ کے لیے حصول علم کا ذریعہ بنائے۔

یہ کتاب متوسط کاغذ پر غیر مجلد شائع کی گئی ہے۔
Flag Counter