اخبار جامعہ
ادارہ
جامعہ میں اسباق کا افتتاح
23 شوال المکرم11 ستمبر2012ء بروز منگل جامعہ فاروقیہ کراچی میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ کے بیان سے اسباق کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ حضرت شیخ نے اپنے بیان میں اہل علم کو مولویت کو زندگی کا مقصد سمجھنے اور ساری زندگی یک سوئی کے ساتھ درس وتدریس سے جڑے رہنے کی اہمیت اور افادیت پر نہایت پُراثر خطاب فرمایا۔
نکاح کی تقریب
24 شوال المکرم1433ھ12 ستمبر2012ء بروز منگل حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ نے اپنی پوتی بنت حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کا نکاح پڑھایا، نکاح کی یہ تقریب جامعہ فاروقیہ کراچی کی مسجد میں منعقد ہوئی۔
جنازے میں شرکت
2 ذوالقعدہ1433ھ20 ستمبر کو حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ اپنے خالہ زاد بھائی کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے تشریف لے گئے، مولانا عبیدالله خالد صاحب، ان کے صاحبزاد گان اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب ناظم تعلیمات جامعہ فاروقیہ کراچی ہمراہ تھے، جنازے کی نماز حضرت شیخ زید مجدہ نے پڑھائی۔
مولانا کلیم الله شہید
9 ذوالقعدہ27 ستمبر بروز جمعرات جامعہ فاروقیہ کے فاضل مولانا کلیم الله صاحب جو گرین ٹاؤن کے رہائشی تھے اوردفتر سے گھر واپس آرہے تھے ان کو ملعون دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ مرحوم نے جامعہ فاروقیہ کراچی سے 2008ء میں سندفراغ حاصل کی۔ ان کے بڑے بھائی مولانا عنایت الله انور رحمہ الله تعالی ( سابق امام وخطیب اورمبلغ کینیڈا) جامعہ کے فاضل اور سابق مدرس بھی رہے تھے الله پاک مولانا کلیم الله شہید کی دینی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور ان کی جواں سالہ شہادت کو بھی شرف قبولیت عطا فرمائے، اساتذہ جامعہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب نے ان کے گھر جاکر مرحوم کے والد، بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں سے تعزیت کی۔
مہمانوں کی آمد
30 ستمبر12 ذوالقعدہ کوجامعہ علوم اسلامیہ بنوری ٹاؤن کے ناظم تعلیمات او راستاذ حدیث مولانا امداد الله صاحب جامعہ فاروقیہ کراچی تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس کے کچھ عرصہ قبل شہید اسلام حضرت مولانا محمدیوسف لدھیانوی صاحب کے فرزند مولانا یحییٰ لدھیانوی بھی جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ زید مجدہ سے ملاقات کی۔
حضرت شیخ زید مجدہ کا سفر ملتان
3 اکتوبر15 ذوالقعدہ بروز بدھ صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ وفاق المدارس کی امتحانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ملتان تشریف لے گئے۔ حضرت کے ہمراہ جامعہ کے ناظم تعلیمات حضرت مولانا خلیل احمد صاحب بھی تھے۔
طالب العلم کی وفات
جامعہ فاروقیہ کراچی کے درجہ اولیٰ کے سابق طالب علم محمد جاوید (کورنگی) جو دو ماہ سے صاحب فراش اور سخت علیل تھے انتقال کر گئے انا لله وانا الیہ راجعون جامعہ کے استاذ مفتی سمیع الرحمان صاحب نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی، جامعہ سے مفتی نعمان احمد صاحب، مفتی عبدالرحیم صاحب اورمفتی محمد سلام صاحب بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
ایڈیٹر الفاروق انگلش کی علالت
ماہنامہ الفاروق انگلش کے ایڈیٹر جناب تنویر احمد صدیقی صاحب گھٹنے کی تکلیف اور آپریشن کی وجہ سے بیمار ہیں دعا فرمائیں الله پاک انہیں صحت عطا فرمائے۔ آمین
اصلاحی بیانات
تعلیمی سال کے پہلے مہینے میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ کراچی نے بروز منگل طلبہ کرام میں اصلاحی وانتظامی بیان فرمایا۔ جب کہ اس کے بعد دوسرے منگل کو حضرت مولانا خلیل احمد صاحب نے طلبہ کرام میں بیان فرمایا۔
رفیق دارالافتاء کو ڈاکٹریٹ کی سند
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی کے رفیق مفتی احمد خان صاحب جو ایک عرصے سے فتاوی نسفیہّ کے قلمی مخطوطے پر عربی زبان میں تخریج تحقیق، تبویب اور تعلیق کے کام میں مصروف تھے۔ مذکورہ موضوع پر 450 صفحات کا مقالہ مکمل کرنے پر اُنہیں جامعہ کراچی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی سند جاری کی گئی۔
کفایت المفتی کی اشاعت اول
جامعہ فاروقیہ کراچی کا شعبہ تصنیف اور دارالافتاء تخریج تحقیق اور تعلیق کے میدان میں ایک عرصے سے اپنی وقیع خدمات پیش کررہے ہیں ، چناں چہ کشف الباری ، نفحات التنقیحاور فتاوی محمودیہ کے بعد اب کفایت المفتی پر از سرِ نو ایک نیا اور عظیم ترین علمی کام اس کا بین ثبوت ہے ، کفایت المفتی کی اہمیت اور فتاوی کی کی کتب میں اس کا مقام یقینا اظہر من الشمس ہے او راب اس پر عمیق اور معتبر علمی تحقیق ہم سب کے لیے باعث افتخار ہے۔
کفایت المفتی کی پہلی اشاعت پریس سے چھپ کر اور پیکنگ کے مراحل سے گزر کر اب اہل علم کے لیے حاضر ہے۔ خواہش مندقارئین جلد از جلد ادارہ الفاروق کراچی سے رابطہ فرمائیں۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII
17 شوال کو حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ کے بیان سے جامعہ فاروقیہ فیزII میں باقاعدہ اسباق کا آغاز ہوا، اس سال جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں درجہ سادسہ معہد کا اضافہ بھی ہوا ہے۔
اساتذہ کا تقرر
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں نئے اساتذہ کا تقرر ہوا۔ جن کے نام درج ذیل ہیں۔ مفتی عبدالله صاحب ، مفتی حبیب الله صاحب اور مفتی محمد جہانگیر صاحب( متخصصین جامعہ فاروقیہ کراچی) مولانا قاری محمدیوسف صاحب اور مولانا سلمان احمد صاحب (فاضل جامعہ فاروقیہ کراچی)۔
جامعہ فاروقیہ کی شاخوں میں ”تربیتی نصاب“
مولانا عمار خالد صاحب نگران شعبہٴ حفظ وناظرہ ومسئول وفاق المدارس او رمفتی عبدالرحیم صاحب جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کے دورے پر گئے اور وہاں شعبہ حفظ وناظرہ کے نگران مفتی عمر فاروق صاحب سے ملاقات کی اور جامعہ فیزII میں ”تربیتی نصاب“ کی ترویج اور تدریس کے حوالے سے مشاورت کے بعد میں یہ حضرات ساکران قبا مسجد گئے وہاں بھی تربیتی نصاب کی تدریس کا آغاز ہو گیا اس سے قبل جامعہ فاروقیہ رفاہ عام شاخ میں بھی مولانا محمد عبدالله صاحب سے مشاورت کے بعد تربیتی نصاب کا آغاز کر دیا گیا ہے۔