اخبار جامعہ
ادارہ
رائیونڈ اجتماع میں حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی شرکت
27 ذوالقعدہ بروز جمعرات24 نومبر کو سہ روزہ عالمی تبلیغی اجتماع (رائیونڈ) کا دوسرا دورانیہ شروع ہوا۔ صدر وفاق المدارس شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب بھی بروز جمعہ بذریعہ ہوائی جہاز، اجتماع کے لیے روانہ ہوئے۔ اس سفر میں حضرت کے ہمراہ مفتی حماد خالد بھی تھے دوران اجتماع تینوں دن حضرت کا قیام پنڈال کی حویلی میں رہا۔ ہندوستان کی تبلیغی شوریٰ کے احباب حضرت مولانا سعد کاندھلوی صاحب، حضرت مولانا محمد زبیر کاندھلوی صاحب، حضرت مولانا احمد لاڈ صاحب، مفتی سید شاہد صاحب کاندھلوی اسی طرح پاکستان میں شوریٰ کے احباب جناب محترم حاجی عبدالوہاب صاحب، حضرت مولانا جمشید صاحب اور حضرت مولانا احسان الحق صاحب نے بھی حضرت سے ملاقاتیں کی۔ اس کے علاوہ معزز مہمانوں میں حضرت مولانا عبدالرزاق اسکندر صاحب ( شیخ الحدیث جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی) مفتی طاہر مسعود صاحب اور مولانا حبیب الرحمن صاحب ( مسئول وفاق المدارس ہزارہ ڈویژن) نے بھی حضرت سے آکر ملاقات کی۔
اجتماع سے فراغت کے بعد حضرت شیخ الحدیث صاحب حضرت مولانا محمد حسن صاحب میواتی کی خصوصی دعوت پر جامعہ مدنیہ جدید تشریف لے گئے۔ جہاں مدرسے کے مہتمم جناب مولانا محمود میاں اور مولانا مسعود میاں نے آپ کا استقبال کیا، یہاں حضرت شیخ نے طلبہ کرام سے خطاب بھی فرمایا۔ بعد ازیں حضرت شیخ زید مجدہ حضرت مولانا عبدالغفور سروہی صاحب کی مسجد شیخا سالم تشریف لے گئے اور رات وہیں قیام فرمایا۔ اگلے روز کراچی واپسی ہوئی۔
حضرت مفتی عبدالباری صاحب کو صدمہ
27 ذوالقعدہ کو جامعہ کے رفیق دارالافتاء ومدرس حضرت مفتی عبدالباری صاحب کے والد گرامی طویل علالت کے بعد انتقال فرما گئے الله پاک ان کی مغفرت فرمائے او رحضرت مفتی صاحب کی خدمات اور اجر میں سے وافر حصہ ان کو بھی نصیب فرمائے اور دیگر پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین
جلسہ ٴ شہادت حضرت فاروق اعظم رضی الله عنہ
یکم محرم الحرام1433ھ کو شہادت حضرت فاروق اعظم رضی الله عنہ کے عنوان سے جامعہ میں جلسے کا انعقاد کیا گیا، مناظر اسلام حضرت مولانا منظور احمد مینگل صاحب او رمدرس جامعہ مولانا منظور یوسف صاحب نے خطاب فرمایا۔
جامعہ کے طالب علم کا انتقال
یکم محرم الحرام1433ھ ہی کو جامعہ فاروقیہ میں وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دورہ حدیث کے طا لب علم مولوی عبداللطیف کی طبیعت دوران مطالعہ اچانک خراب ہوئی اور پھر وہ انتقال فرما گئے۔ انا لله وانا الیہ راجعون
یوں تو موت، زندگی سے بڑی حقیقت او رانکار اور تاخیر سے ماوراء ہے مگر زہے نصیب ان لوگوں کے جو راہ خدا میں خالق حقیقی سے ملاقات کرتے ہیں ۔ جس رب کو راضی کرنے گھروں سے نکلتے ہیں واپس لوٹنے سے قبل ہی اپنے رب سے جا ملتے ہیں #
پہنچنے کو ہے تاحد سکون مجذوب کی شورش
ہمیشہ کے لیے خاموش اب دیوانہ ہوتا ہے
ہم خدائے تعالیٰ پر کوئی عہد تو نہیں باندھتے مگر احادیث مبارکہ میں وارد بشارتوں کی روشنی میں مرحوم کے لیے مغفرت کاملہ اور درجات علیا کی امید ضرور کرتے ہیں ۔ فانہ ھو الغفور الرحیم
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے وفد کی وزیر داخلہ سے ملاقات
یکم محرم الحرام کو نمائش چورنگی پر یوم”فاروق اعظم رضی الله عنہ“ کے حوالے سے ملک کی ایک مشہور دینی جماعت نے ریلی کا انعقاد کیا جب کہ نمائش چورنکی کے ارد گرد ایک اقلیتی فرقے نے بھی نمائشی سبیلیں اور اسٹال لگائے ہوئے تھے اچانک دونوں گروپوں کے درمیان لڑائی بھڑک اُٹھی اورروافضنے مزید اشتعال پھیلانے کے لیے قریب واقع مسجد باب الرحمت اور دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پر حملہ کر دیا۔ اور وہاں موجود قیمتی املاک کو جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا۔ ایسی اندوہناک صورت حال کے تناظر میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ صاحبزادہ مولانا عزیز احمد صاحب مرکزی نائب امیر مجلس تحفظ ختم نبوت کی سربراہی میں وزیرداخلہ سندھ منظور احمد وسان سے ملاقات کی اور اس واقعے کی شفاف تحقیقات کا پُرزور مطالبہ کیا۔ جامعہ فاروقیہ کراچی کی جانب سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب اس وفد میں شریک ہوئے، مزید شرکاء میں جمعیت علماء اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان صاحب ، مولانا محمد غیاث صاحب ،جامعة العلوم الاسلام علامہ بنوری ٹاؤن سے قاری محمد اقبال صاحب مولانا سعیداسکندر صاحب اور محمد انور رانا صاحب بھی شریک ہوئے۔
بہرحال ملک کے ایک اقلیتی فرقے کی جانب سے محرم الحرام کے مہینے میں عبادت گاہوں، ٹرانسپورٹ، سائن بورڈ، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر مذہب کے نام پر ضابطہٴ اخلاق کو پامال کرنا، اکثریتی حلقوں کی دل آزاری اور اپنے معمولی نقصانات پر ملک وقوم کو بڑے سانحات سے دو چار کرنا، یہ تمام امور ارباب حل وعقد کے لیے بڑا سامان فکر مہیا کرتے ہیں اورہماری غافل اشرافیہ کے لیے ایک کھُلا اعلان ہیں کہ اگر ان کو مخصوص سرگرمیوں نہ روکا گیا تو جواباً شدت پسندی کے رد عمل کو بھی تقویت ملے گی۔
حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر کوئٹہ وچمن
12 محرم الحرام حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ کوئٹہ روانہ ہوئے۔ اس موقع پر مفتی معاذ خالد صاحب بھی حضرت کے ہمراہ تھے کوئٹہ پہنچنے پر حضرت مولانا صلاح الدین صاحب نے آپ کا استقبال کیا، پھر آپ چمن میں جامعہ دارالعلوم چمن، صفہ ٹاؤن تشریف لے گئے اور دورہ حدیث کے طلبہ کرام کو درس حدیث سے نوازا۔ اور علم کی اہمیت اور فضائل پر بھی بیان فرمایا۔
اس کے بعد حضرت شیخ الحدیث صاحب چمن میں واقع جامعہ اسلامیہ عبدالغنی ٹاؤن ( قائم کردہ حضرت شیخ الحدیث مولانا عبدالغنی صاحب ) تشریف لے گئے، اور حضرت مولانا عبدالغنی صاحب رحمہ الله کے صاحبزادے سے تعزیت فرمائی اس موقع پر دستار بندی اور سپردگیٴ خلافت کا عمل بھی حضرت کے دست اقدس سے طے پایا۔
اسی طرح کوئٹہ کے اس سفر میں حضرت شیخ زید مجدہ جامعہ امام ابوحنیفہ بھی تشریف لے گئے او رجامعہ کے کئی فضلاء کرام بھی حضرت شیخ سے ملاقات کے لیے آتے رہے۔
منفرد تعلیمی مذاکرہ
جامعہ فاروقیہ کراچی میں بروز اتوار 15 محرم الحرام کو طلبہ کرام کے لیے ایک تعلیمی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا، مذاکرے میں درجہ خامسہ سے لے تخصصات تک کے طلبہ کرام شریک ہوئے۔ حضرت مولانا نورالبشر صاحب نے علم صرف، نحو اور لغت سے متعلق غیر نصابی کتب کا تعارف اورفوائد نیز ان کے مصنفین کے بارے میں بھی اہم معلومات بیان کیں۔ جامعہ کے ارباب شوریٰ کی طرف سے اس طرح کے تعلیمی مذاکرے کرانے کا مقصد طلبہ کرام کو ان کتب کی طرف متوجہ کرنا ہے جو طوالت اور کثرت کی بناء پر وفاق المدارس کے نصاب میں تو شامل نہیں، مگر متعلقہ فنون میں نہایت اہمیت کی حال ہیں۔
اس سال ان شاء الله مزید دو مذاکرے اور بھی منعقد کیے جائیں گے۔ جن میں دیگر اساتذہ کرام مزید فنون کی کتب پر معلومات فراہم کریں گے۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں سوئی گیس کی تنصیب مکمل
قارئین کرام اور محبین جامعہ کے لیے یہ خبر یقینا باعث خوشی ہوگی کہ جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کو سوئی گیس کی سہولت میسر آگئی ہے۔ فللہ الحمد․