Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق صفر المظفر 1432ھ

Œہ رسالہ

17 - 17
 مبصر کے قلم سے
ادارہ

تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

کلیات اشعر
ترتیب وتبویب: مولانا محمد اسماعیل شجاع آبادی
صفحات:280 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ ختم نبوت، بیرون بوہڑ گیٹ، اردو بازار، ملتان

مولانا عبدالرحیم اشعر رحمة الله علیہ تحفظ ختم نبوت کے مبلغ اور راہ نماؤں میں سے تھے اور اس عظیم سفر کے دوران انہیں امیر شریعت سید عطاء الله شاہ بخاری ، مولانا قاضی احسان احمد شجاع آبادی، مولانامحمد علی جالندھری، مولانا محمد حیات فاتح قادیان، مولانا لال حسین اختر، مولانا عبدالرحمن میانوی اور مولانا محمد شریف جالندھری جیسے بزرگوں کی سرپرستی، صحبت اور رفاقت کا شرف حاصل رہا ہے۔ 1974ء کی تحریک ختم نبوت میں ارکان پارلیمنٹ کو جو مسودہ پیش کیا گیا تھا علمی مواو فراہم کرنے کے حوالے سے مولانا اشعر کا بھی اس میں کر دار رہا ہے اور جنوبی افریقا میں قادیانیوں نے جب وہاں کی عدالت کا سہارا لینے کی ناکام کوشش کی تو حکومت پاکستان کی طرف سے جانے والے وفد میں مولانا یوسف لدھیانوی رحمة الله علیہ کے ساتھ آپ بھی شریک تھے ۔ زیر نظر کتاب مولانا کی حیات وخدمات کے بارے میں تحریر کی گئی ہے، جو مولانا کی ذاتی یاداشتوں، مطبوعہ رسائل اور مضامین کو بنیاد بن کر لکھی گئی ہے اور کتاب کو آٹھ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے کہ باب، اول حیات وخدمات، باب دوم انٹرویوز، باب سوم مرزائیت اور کذب مرزا، باب چہارم مسئلہ ختم نبوت، باب پنجم ختم نبوت کے خلاف قادیانی دلائل اور جوابات، باب ششم حیات عیسیٰ علیہ السلام، باب ہفتم حیات مسیح علیہ السلام کے خلاف قادیانی دلائل اور ان کے جوابات اور باب ہشتم تصنیفات اشعر کے عنوان سے قائم کیا گیا ہے۔

قریب کے دور کی دینی تحریکات میں تحریک ختم نبوت اپنے مقاصد کے اعتبار سے نہایت کامیاب تحریک رہی ہے اور اس کا راز تحریک ختم نبوت کے بزرگوں کا اخلاص، تقوی، للہیت، جہد مسلسل اور کامیاب حکمت عملی ہے، لہٰذا دور حاضر میں دینی کام کرنے والوں کو ان بزرگوں کی حیات وخدمات کا مطالعہ کرنا چاہیے اورا نہیں کے طرز کو اپنے لیے مشعل راہ بنانا چاہیے۔

کتاب کا کاغذ درمیانہ اور جلد بندی مضبوط ہے۔

افتاء اور اصول افتاء
تالیف: حضرت مولانا مفتی محمد عیسی خان گورمانی
صفحات:165 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ المفتی، جامعہ فتاح العلوم، نوشہرہ سانسی، گوجرانوالہ

مولانا مفتی محمد عیسی خان صاحب گورمانی دامت برکاتہم العالیہ کا نام علمی حلقوں میں محتاج تعارف نہیں۔ وہ ملک کی معروف دینی درس گاہ جامعہ نصرة العلوم گوجرانوالہ کے سابق استاد وصدر مفتی او رجامعہ فتاح العلوم گوجرانوالہ کے بانی ومہتمم ہیں۔ یہ کتاب انہوں نے افتاء اور اصول افتاء کے متعلق تحریر فرمائی ہے جس میں اسلام میں فتوی کی اہمیت ، افتاء کے علمی اصول ، افتا کیعملی اوصاف، طبقات فقہاء، آداب افتاء، فقہاء کی فراست وبصیرت اور فتوی کے متعلق دیگر مختلف امور پر بحث کی گئی ہے ، کتاب کے مضامین 1980 کی دہائی میں دیال سنگھ ٹرسٹ لائبریری نسبت روڈ لاہور کے ماہنامہ میں شائع ہوئے تھے اور اب انہیں کتابی شکل میں شائع کیا گیا ہے ۔ کتاب کا مطالعہ علماء، طلباء اور خاص کر افتاء سے تعلق رکھنے والے حضرات کے لیے زیادہ افادیت کا باعث ہو گا۔

یہ کتاب درمیانے درجے کی طباعت واشاعت میں کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔

کتاب الدعاء والاستغفار
مؤلف: رشید الله یعقوب
صفحات:208 سائز:23x36=16
ناشر: رحمة للعلمین ریسرچ سینٹر، مکان نمبر8 ، زمزمہ اسٹریٹ نمبر3، کلفٹن، کراچی

جناب رشید الله یعقوب صاحب نے اس کتاب میں دعاء واستغفار کے مختلف صیغوں کو جمع کیا ہے او رکتاب کو انہوں نے آٹھ ابواب میں تقسیم کیا ہے کہ پہلے باب میں دعا کی فضیلت ، آداب ، قبولیت کے اوقات اور مستجاب الدعوات لوگوں کا تذکرہ ، دوسرے باب میں قرآن مجید سے ماخوذ ”ربنا“ سے شروع کی گئی چالیس دعائیں ، تیسرے باب میں احادیث سے ماخوذ ”اللھم اغفرلی“ سے شروع کی گئی چالیس دعائیں، چوتھے باب میں ”اللھم انی أسألک“ سے شروع کی گئی چالیس دعائیں، پانچویں باب میں ”اللھم إنی أعوذبک“سے شروع کی گئی چالیس دعائیں، چھٹے باب میں ”اللھم اجعلنی“سے شروع کی گئی چالیس دعائیں، ساتویں باب میں ”اللھم“ سے شروع ہونے والی چالیس دعائیں اور آٹھواں باب ”الصلاة والسلام علی رسول الله“ کے عنوان سے ہے ، جس میں احادیث سے چالیس صلاة اور دس سلام کے صیغے جمع کیے گئے ہیں، آخر الذکر تینوں ابواب دوسرے ایڈیشن میں شامل کیے گئے ہیں اور دعاؤں کو معمول بنانے والے حضرات کے لیے مؤلف نے ان ابواب کو ہفتے کے ایام پر تقسیم کردیا ہے۔ ہر دعا کے ساتھ اس کا ترجمہ بھی تحریر کیا گیا ہے۔ دعاؤں کا اہتمام ہر مسلمان کو کرنا چاہیے اور زیر نظر کتاب اس حوالے سے ایک بہترین تحفہ ہے۔

کتاب کا کاغذ اعلیٰ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

القراء الراشدة کا اردو ترجمہ
مترجم: مولانا مفتی محمد توّاب ٹکروی
صفحات159 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ توابیہ، نیو مظفر آباد کالونی، لانڈھی، کراچی

”القراء ة الراشدہ“ مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمة الله علیہ کی تالیف ہے اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نصاب میں شامل ہے۔ ”القاشدہ“ کے نام سے یہ اس کا تخت اللفظ اردو ترجمہ ہے ، جو جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل مفتی محمد تواب ٹکروی صاحب نے کیا ہے ۔ کتاب پر جامعہ فاروقیہ کراچی کے استاد حدیث مولانا محمد انور صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقریظ بھی ہے اور ٹائٹل پر کتاب کا تعارف ان الفاظ میں کرایا گیا ہے کہ : ”متبدی طلباء کے مزاج واستعداد کے موافق تحت اللفظ سہل ترجمہ، نمبروار عربی عبارت او راس کے مقابل اردو ترجمہ علیحدہ علیحدہ سطروں میں ۔ تحت الصیغ ابواب وغیرہ کی نشان دہی مختلف رموز سے، کم وقت میں علمی استعداد مضبوط بنانے میں معاون۔“

کتاب کی ابتداء میں اگر مولانا سید ابوالحسن علی ندوی رحمة الله علیہ کا مختصر تعارف بھی آجاتا تو اساتذہ وطلباء کے لیے مفید ہوتا۔

کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔

جنت کے پھول
تالیف: مولانا حافظ ارشاد احمد دیوبندی
ناشر: صحابہ کرام رضوان الله علیہم اجمعین لائبریری، ظاہر پیر ضلع رحیم یار خان

اس رسالے میں حافظ ارشاد احمد دیوبندی کا منظوم کلام ہے جو حمد ونعت، صحابہ کرام کی مدح، بزرگوں اور عزیز واقارب کی عقیدت اور یادوں پر مشتمل ہے۔ میں بعض نظمیں انہوں نے اپنی مادری زبان سرائیکی میں بھی لکھی ہیں اور رسالے کی ابتداء میں اپنا مختصر تعارف بھی لکھا ہے ۔ یہ رسالہ 72 صفحات پر مشتمل ہے اور اسے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔

لال مسجد اسلام آباد سے شیرشاہ سوری مسجد پشاور تک
تالیف مولانا محمد یوسف قریشی صاحب
ناشر: مؤتمر المصنفین، جامعہ اشرفیہ ،عید گاہ روڈ ،پشاور

جیسا کے نام سے ظاہر ہے اس کتابچے میں مولانا محمدیوسف قریشی صاحب مہتمم جامعہ اشرفیہ پشاور نے لال مسجد اسلام آباد اور شیرہ شاہ سوری مسجد پشاور کی شہادت کے متعلق لکھا ہے کہ ان دونوں مساجد کو پاکستان کے عاقبت نا اندیش اور دین بے زار حکمرانوں نے مختلف حیلے بہانے اختیار کرکے شہید کر دیا، کتاب میں مساجد کی شہادت کے خلاف مفتیان کرام کے فتاوی جات اور مولانا کے اخباری بیانات کے تراشے بھی شامل کیے گئے ہیں، بعض جگہ مؤلف نے جذبانی انداز بھی اختیار کیا اور جامعہ حفصہ کے بارے میں اکابر وفاق المدارس کے حکمت وبصیرت پر مبنی موقف کو بے جا تنقید کا نشان بنایا، ٹائٹل پر کتاب کا نام ” لعل مسجد“ عین کے ساتھ لکھا گیا ہے جب کہ صحیح نام ”لال مسجد“ لام کے ساتھ ہے۔

یہ کتابچہ80 صفحات پر مشتمل ہے اور ہلکے کاغذ پر چھاپا گیا ہے۔

کامیاب طالب علم
تالیف: مولانا روح الله نقشبندی
ناشر: دارالھدی دفتر نمبر8 پہلی منزل، شاہ زیب ٹیرس، نزد زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی

اس کتاب میں مولانا روح الله نقشبندی صاحب نے طالب علم کے لیے علم میں پختگی، عمل میں مضبوطبی اور اخلاق میں درستگی پیدا کرنے کے لیے مختلف آداب، اوصاف اور اصولوں کو بیان کیا ہے کہ کامیاب زندگی گزرانے کے لیے ایک طالب علم کن اوصاف کو اپنائے اور کن امورسے اجتناب کرے تاکہ وہ علمی زندگی سے فارغ ہونے اور عملی زندگی کو اختیار کرنے کے بعد اپنے فرائض منصبی کو کماحقہ انجام دے سکے۔ دور حاضر کے طلبا میں آداب واعمال اور تعلیم وتربیت کا جو فقدان پایا جاتا ہے اس کے پیش نظر یہ کتاب لکھی گئی ہے اور اس حوالے سے کتاب انتہائی مفید وکار آمد ہے ، لہٰذا طلبا کو اپنی تعلیمی زندگی سنوارنے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ کرنا چاہیے۔

کتاب کا کاغذ درمیانہ اور جلدبندی مضبوط ہے۔

فتنہ انکار حدیث
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، پاکستان

مولانا محمد زمان صاحب کلاچوی کو مولانا سید محمد یوسف بنوری اور مولانا عبدالحق صاحب سے شرف تلمذ حاصل ہے، وہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے فاضل اور جامعہ بنوری ٹاؤن کے متخصص فی الحدیث میں ۔ اس رسالے میں انہوں نے فتنہ انکار حدیث کا تعارف، تعاقب ، منکرین حدیث کے مذموم مقاصد وعزائم اور وضع حدیث کے حوالے سے ان کے اعتراضات کے شافی اورمُسکت جوابات دیے ہیں، یہ رسالہ 68 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں ہر بات کو بحوالہ پیش کیا گیا ہے۔

مناجات مؤمن
ناشر: انتخاب جدید پریس (8ایبٹ روڈ، رائل پارک، لاہور)

مولانا قاری محمد حنیف سومرو صاحب، اس رسالے میں مدراس ومکاتب کے طلبا وطالبات اور اقراء اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے لیے روز مرہ کی اہم دعائیں، ان کے فضائل، پڑھنے کا وقت، نمازوں کی تفصیل، طریقہ کار اور نمازوں کے بعض بنیادی اور اہم مسائل کو ذکر کیا ہے، یہ رسالہ80 صفحات پر مشتمل ہے اور کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوا ہے۔
Flag Counter