Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ذوالحجہ 1431ھ

ہ رسالہ

7 - 14
***
مبصر کے قلم سے
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
تذکرہٴ مشاہیر چودہوان
تالیف: مولانا عمار الدین محمود
صفحات:200 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ خالق آباد، ضلع نوشہرہ، پاکستان
یہ کتاب ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے جنوب مغرب میں تقریباً اڑتالیس میل کے فاصلے پر واقع ”چودہوان“ نامی گاؤں کی تاریخ، ثقافت اور مشاہیر کے تعارف کے متعلق لکھی گئی ہے ، مشہور صاحب قلم عالم دین مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کا تعلق بھی اس گاؤں سے ہے اور کتاب کا ”پیش لفظ“ بھی انہوں نے لکھا ہے ،… کتاب کے متعلق وہ لکھتے ہیں:
”اس کتاب کے مضامین محض تاثراتی ہیں یاروایاتی او رکچھ حکایاتی۔ شخصیتوں کی مکمل سوانح یا ان کے حالاتِ زندگی کے مکمل احاطے کے نقطہٴ نظر سے نہیں لکھے گئے، یہ فقہ ومسائل کی کتاب بھی نہیں ہے اور نہ تصوف وسلوک اس کا موضوع ہے اور نہ کسی عمل کا شرعیجواز مہیا کرنے کے لیے یہ کتاب لکھی گئی ہے ۔ مثلا بعض بزرگوں کے تذکرہ میں ان کے مزارات پر عرس کا ذکر یا کتے اور ریچھ کی لڑائی یا بیٹر بازی وغیرہ کا جہاں جہاں بھی ذکر آیا ہے ، وہ علاقائی رسومات کا تذکرہ ہے۔ تحسین وتائید اور سندِ جواز نہیں۔“
کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب اور کاغذ درمیانہ ہے۔
امام لاہوری کے رسائل
تالیف: مولانا احمد علی لاہوری
مرتب: مولانا عبدالقیوم حقانی
صفحات:334 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد ،ضلع نوشہرہ، پاکستان
یہ کتاب مختلف موضوعات پر لکھے گئے حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمة الله علیہ کے رسائل کا مجموعہ ہے، یہ چھوٹے چھوٹے رسالے اس سے پہلے صدیقی ٹرسٹ کراچی نے شائع کیے تھے اور اب انہیں مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب نے مرتب کرکے ایک ساتھ کتابی شکل میں شائع کیا ہے۔ یہ کل اٹھارہ رسائل ہیں اور ان کے نام یہ ہیں ، مقصد زندگی، رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے فرمائے ہوئے وظیفے، معرج النبی صلی الله علیہ وسلم ، مسلمانوں کی مرزائیت سے نفرت کے اسباب، فلسفہ نماز، مسلمان عورت کے فرائض، اصلی حنفیت، احکام شب برأت، مال میراث میں حکم شریعت واختیار رواج کی سزا، تذکرہ اسلامی رسومات، فوٹو کا شرعی فیصلہ، باجوں کی حرمت ازروئے شریعت، پیر اور مرید کے فرائض، خدا کی مرضی، دشمن دین بیوی اور اولاد، عروج قوم کے اسباب، اسلام کا فوجی نظام، استحکام پاکستان۔
کتاب کا کاغذ عمدہ او رجلد بندی مضبوط ہے۔
کیا صلوٰة وسلام اورمحفل میلاد بدعت ہے
تالیف : نعمان محمد امین
صفحات:95، سائز:23x36=16
ناشر: الامین ،نزد زینب مسجد، مسلم آباد ایم اے جناح روڈ کراچی
اس کتاب میں اذان سے پہلے صلاة وسلام اور محفل میلاد کی شرعی حیثیت کے متعلق گفتگو کی گئی ہے اور ٹائٹل پر کتاب کے موضوعات کا تعارف ان الفاظ میں کیا گیا ہے : درود وشریف کے ساتھ زیادتی، تاریخ میلاد کے موجد اورمروج کے حالات وعقائد، تاریخ میلاد پر رقص وسرود کی محافل، پہلی مرتبہ میلاد النبی منانے والا غیر مقلد تھا، علمائے احناف کے فتاویٰ ، اہل بدعت کا ترجمہ قرآن وتفاسیر میں تحریفات۔
کتاب کا کاغذ درمیانہ اور جلد بندی مضبوط ہے۔
تکملة الوقوف فی حل معرفة الوقوف
مؤلف: قاری حبیب الرحمن
ناشر: جامعہ صدیقیہ، توحید پارک، گلشن راوی، لاہور
چالیس صفحات کا یہ رسالہ قرآنی آیات میں وقف کے احکام سے متعلق لکھا گیا ہے اور مؤلف نے اس کا تعارف ان الفاظ میں کیا ہے :
”حضرت قاری محب الدین  نے ”جامع الوقف“ کے بعد اس کا تکملہ اور” تتمہ معرفة الوقوف“ کے نام سے تحریر فرمایا، احقر نے ”جامع الوقف“ کو شارح الوقف کے نام سے سوالاً جواباً حل کیا، اس کے بعد الله تعالیٰ کی توفیق سے ”معرفة الوقوف“ کو بھی اسی نہج پر حل کیا اور حضرت ہی کے قول کے مطابق اس کا نام” تکملة الوقوف“ رکھا ہے۔“
یہ رسالہ کارڈ ٹائٹل کے ساتھ ہلکے کاغذ میں شائع ہوا ہے۔

Flag Counter