Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ربیع الثانی 1430

ہ رسالہ

9 - 14
***
مبصر کے قلم سے
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
ثمرات الفقہ
صفحات:198 سائز:23x36=16
ناشر:مکتبہ ام القریٰ، کراچی
اس کتاب کے اندر، اردو زبان میں ان اہم مسائل ، فقہی جزئیات اور احکام کا خلاصہ پیش کیا گیا ہے جو فقہ کی مشہور کتابوں البحرالرائق، فتاوی عالم گیری، فتاوی سراجیہ میں ہیں، جامعہ احسن العلوم کے استاذ حدیث مولانا عبدالشکور صاحب نے دوران مطالعہ، ان مسائل کی نشاندہی کی اور مولانا محمد ساجد صاحب نے ان کو سلیقے کے ساتھ اردو میں مرتب کیا ہے ، مرتب لکھتے ہیں:
” اس کتاب کی ترتیب میں بندہ نے مندرجہ ذیل امور کا لحاظ رکھا ہے :
ہر کتاب کے شروع میں ، اس کے مصنف کے مختصر حالاتِ زندگی تحریر کر دیے ہیں۔ تمام مسائل آسان زبان میں لکھے گیے ہیں… ضخامت اور طوالت سے بچنے کے لیے تکرارِ مسائل سے حتی الامکان احتراز کیا ہے مسائل کی ترتیب، اصل کتاب کی ترتیب کے مطابق رکھی گئی ہے ( یعنی فقہی ابواب پر) جہاں جہاں فواید وقیود اور شرائط کا اضافہ ضروری تھا، وہاں ان کا اضافہ بھی کر دیا ہے۔ کتاب کے شروع میں ہر جلد میں موجود مسائل کی اجمالی فہرست دی گئی ہے اس کتاب میں صرف ان مسائل کو ذکر کیا ہے جن کی عموماً ضرورت پڑتی ہے یا جو رائج الوقت ہیں…“
بہرحال یہ کتاب خاص فقہ سے تعلق رکھنے والے علماء اور طلبہ کے لیے بڑی مفید ہے کتاب کی طباعت اور کاغذ وغیرہ درمیانے درجے کے ہیں۔
اسلام اور اسلامی عقاید
تالیف: مولانا محمد الیاس ندوی
صفحات:156 سائز:23x36=16
ناشر: مجلس نشریات اسلام ، ناظم آباد، کراچی
اس کتاب کے اندر مولانا محمد الیاس ندوی صاحب نے اسلام کے تین بنیادی عقاید ( عقیدہٴ توحید، عقیدہ آخرت اور عقیدہٴ رسالت) کی تشریح اور توضیح کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ کفر اور شرک کی قباحتوں اور نقصانات کا ایک جائزہ لیا ہے، مؤلف کا اسلوب تحریر دل نشین اور والہانہ ہے، یہ کتاب ہلکے درجے کے کاغذ میں مجلد چھپی ہے۔
تفسیر عثمانی
صفحات:860 سائز:20x30=8
ناشر: اقرا اشرفیہ کمپنی، فرسٹ فلور، زبیدہ سینٹر اردو بازار لاہور، صوبہ پنجاب
حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن رحمة الله علیہ کا ترجمہٴ قرآن اور اس پر حضرت مولانا شبیر احمد عثمانی رحمہ الله کے فواید وحواشی، محتاج تعارف نہیں، تفسیر عثمانی بلاشبہ دنیا کی مقبول ترین کتابوں میں سے ایک ہے، اس کے اب تک مختلف ایڈیشن شائع ہوتے رہے ہیں، زیر نظر نسخہ اس کا نیا اور جدید ایڈیشن ہے جو اقرأ اشرفیہ کمپنی نے تیار کیا ہے ، مولانا فضل الرحیم صاحب ( نائب مہتمم جامعہ اشرفیہ لاہور) پیش لفظ میں لکھتے ہیں:
”تفسیر اور مفسرین کی تاریخ اتنی ہی قدیم ہے جتنی نزول قرآن کریم کی ، اس کا آغاز خود حضور سرور دو عالم صلی الله علیہ وسلم نے فرما دیا تھا۔ آپ صلی الله علیہ وسلم صحابہ کرام کو باقاعدہ قرآن کی تفسیر سمجھایا کرتے تھے۔ اس لیے بلاخوف و ترددیہ بات کہی جاسکتی ہے کہ درس تفسیر کا آغاز خود رسالت مآب صلی الله علیہ وسلم نے کیا تھا ، بعد میں صحابہ کرام رضی الله عنہم اجمعین اور تابعین عظام کی توجہات نے اس فن کو اتنی وسعتیں دیں کہ آج یہ باقاعدہ ایک مضبوط ترین علمی شعبہ ہے۔ زمانہٴ صحابہ میں حضرت عبدالله بن عباس رضی الله عنہ ترجمان القرآن اور مفسر قرآن کے طور پر مشہور تھے۔ اسی طرح حضرت عبدالله بن مسعود رضی الله عنہ ایک مایہٴ ناز مفسر قرآن تھے، پھر ان سب سے بڑھ کر قرآن شناسی کا جو ذوق خلفائے راشدین کو حاصل تھا اسے آج کی دنیا ہی میں نہیں بلکہ زمانہ قدیم کے روشن دریچوں میں بھی نایاب ہی کہا جائے گا۔
ہندوستان میں قرآن کریم کا سب سے پہلا فارسی ترجمہ حضرت شاہ ولی الله محدث دہلوی رحمة الله علیہ نے فرمایا۔ قرآن کا سب سے پہلا اردو لفظی ترجمہ کرنے کی سعادت ” جسے بعد کے علماء نے الہامی ترجمہ قرآن قرار دیا “ حضرت شاہ عبدالقادر صاحب محدث دہلوی رحمة الله تعالی علیہ کو حاصل ہوئی۔ قرآن کریم کا سب سے پہلا اردو بامحاورہ ترجمہ کرنے کی سعادت حضرت شاہ رفیع الدین صاحب محدث دہلوی رحمة الله علیہ کے مقدر میں لکھی گئی۔
حضرت شاہ عبدالقادر صاحب محدث دہلوی رحمة الله علیہکے ترجمہ کو سامنے رکھ کر ، احباب کے اصرار پر اور زمانہ ٴ جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر فرزند اول دارالعلوم دیوبند، اسیر مالٹا، حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن صاحب رحمہ الله نے (آسان فہم) اُردو ترجمہ کرکے قرآن کریم کی عظیم ولافانی خدمت سرانجام دی اور اس پر مزید ایک کام یہ کیا کہ حاشیے میں ”فائدہ“ کے عنوان سے تفسیر کے اہم ترین مباحث کو ایسے پیارے سادہ اور مختصر جملوں میں حل کر دیا کہ الله کی توفیق کے بغیر بظاہر ایک ناممکن کام تھا۔ شیخ الہند رحمہ الله فوائد کا کام ابھی تک ابتدائی چار یا پانچ پاروں پر ہی کر پائے تھے کہ 18 ربیع الاول1339ہ کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ آپ کی وفات کے بعد آپ کے ہونہار شاگرد ، متکلم اسلام ، خطیب اسلام ، شیخ الاسلام علامہ شبیر احمد عثمانی رحمہ الله نے بقیہ پاروں کے فوائد کا کام مکمل کیا جو آج ” تفسیر عثمانی“ کے نام سے مشہور ہے۔
عصر حاضر میں قرآن کریم کے مختصر تفسیری فوائد ” جو بڑی طویل بحثوں سے مستغنی کر سکیں“ کے لیے ” تفسیر عثمانی“ سے بڑھ کر کوئی تفسیر نہیں ہو سکتی۔ اس لیے اس کی اہمیت کے پیش نظر اسے مندرجہ ذیل خصوصیات کے ساتھ شائع کروایا جارہا ہے۔
پہلی مرتبہ فوائد عثمانی پر چار ہزار تین سو چوہتر (4374) عنوانات جدیدہ کے مستند اضافہ کے ساتھ ( جن کو الگ طرز خط لگا کر فوائد سے جدا بھی کر دیا گیا ہے جس کے لیے جامعہ اشرفیہ کے استاذ عزیزم مولوی محمد ظفر سلمہ نے محنت شاقہ برداشت کی) پیش کرنے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔
تفسیری حاشیہ میں اس بات کا خاص لحاظ رکھا گیا ہے کہ تفسیر ”متن قرآن“ کے اوپر نہ ہو بلکہ دائیں اور نیچے ہی رہے۔
ہر صفحہ کو اسی صفحہ کے متن کے( فائدہ نمبر1) سے شروع کیا گیا ہے اور کوشش کی گئی ہے کہ ہر صفحہ کے فوائد اسی میں مکمل ہو جائیں۔ اگر مضمون صفحہ کی وسعت سے بڑھ رہا ہو تو اسے اگلے کسی صفحہ کے آخر میں لکھ دیا گیا ہے اور اس بقیہ کو انڈر لائن دے کر موجودہ صفحہ کی تفسیر سے الگ کر دیا گیا ہے تاکہ تلاش کرنے میں آسانی رہے ۔
ہر صفحہ پر حاشیہ کے اندر فائدہ نمبروں کو محرابی دائرہ لگا کر واضح کر دیا گیا ہے تاکہ مطالعہ کرنے میں دقت نہ ہو۔
ان خصوصیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب آپ مختصر وقت میں ایک پارہ مع ترجمہ تفسیر با آسانی مطالعہ کرسکتے ہیں جو پہلے ناممکن تھا۔“
اس ایڈیشن کو مضبوط جلد کے ساتھ، درمیانے درجے کے کاغذ میں چھاپا گیا ہے۔

Flag Counter