حضور اکرم ﷺ کے اخلاق
{وَإِنَّکَ لَعَلَی خُلُقٍ عَظِیْمٍ } (القلم:۴)
’’اور بے شک آپ اخلاق عظیم پر ہیں ۔‘‘
رسول اللہ ﷺ کے متعلق قرآن مجید کا یہ اعلان اور فرمان کہ ’’بے شک آپ ﷺ اخلاق عظیم یعنی بڑے اعلی اخلاق پر ہیں ،‘‘ ہمارے لیے بہت قابل توجہ ہے، انسانی سیرت میں جو چیزکسی دوسرے کو زیادہ متأثرکرتی ہے، وہ اس کی اندرونی و باطنی کیفیات، عبادات، علم و ادب اور فن و صنعت سے زیادہ اس کا اخلاق ہے۔ صرف اس کے شیریں و لطیف اخلاق میں وہ موہنی ہے جو سخت سے سخت دل کو موم کرسکتی ہے اور اپنا اسیر بنا سکتی ہے۔
انسانی سیرت کا یہ اہم ترین پہلو جو اکثر لوگوں میں بہت کم پایا جاتا ہے، اور بڑے بڑے مصلحین اور ریفارمر (Reformer)بھی یا تو اس سے محروم ہیں ، یا اس کی لطافتوں ، نزاکتوں ، رفعتوں اور وسعتوں سے ناآشنا ہیں ، رسول اللہ ﷺ میں سب سے زیادہ نمایاں اور تابناک تھا،