Deobandi Books

انسانیت آج بھی اسی در کی محتاج ہے

21 - 49
ہمیں جا بجا شہادتیں ملیں گی۔!!
وہ کون ہے جس کی یاد اتنے بڑے پیمانہ پر، اتنی عقیدت کے ساتھ، اتنی عمومیت کے ساتھ، اتنے انتظار و اشتیاق کے ساتھ منائی جاتی ہو؟
کون ہے جس پر اتنی کثرت سے اور اتنی عقیدت و عظمت کے ساتھ دُرود و سلام بھیجا جاتا ہو؟
جس کی سیرت، حالات اور اَخلاق پر اتنا زبردست کتب خانہ، بلکہ اس کے صرف آخری حج کے حالات پر ایسی عظیم و بلند پایہ کتابیں لکھی جاچکی ہوں اور لکھی جارہی ہوں ، جس کے ایک ایک قول اور فعل بلکہ ایک ایک ادا، تأثر اور کیفیت کی تشریح و تفصیل میں ائمۂ اسلام اور علمائے سلف نے اپنی عمریں صرف کی ہوں ، اور اس کے لیے اپنے سارے آرام و راحت کو ہمیشہ کے لیے تج دیا ہو؟۔
جس کی صداقت اور عظمت پر انسانوں کے اتنے بڑے گروہ کا ہمیشہ اتفاق و اجتماع رہاہو؟
جس کا ذکر کروڑوں انسان دن میں پانچ مرتبہ ضرور کرتے ہوں ، جس کی محبت انسانوں کی اتنی بڑی تعداد کے دل میں جاگزیں اور نقش ہو، جس کے لیے نعت و سلام کا اتنا بڑا ذخیرہ تیارہوچکاہو کہ اگر اس کو اکٹھا کیا جائے تو پوری لائبریری تیارہوجائے؟۔


Flag Counter