Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الاول 1437ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم سے

ادرہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

اسلام اور منشیات
تالیف: مولانا مفتی حفیظ الرحمن
صفحات:416 سائز:23x36=16
ناشر: دارالتصنیف، جامعہ دارالعلوم سعیدیہ، اوگی، مانسہرہ، پاکستان

زیر نظر کتاب میں منشیات کی مختلف اقسام، ان کی تعریف وحقیقت، نقصانات ومضرات اور اسلامی نقطہٴ نظر سے ان کے احکام ومسائل کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کو سات ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، باب اول میں شراب سے متعلق مباحث ہیں، جن میں شراب کی حقیقت واقسام، استعمال کے طریقے اور قرآن وسنت اور اجماع امت کی روشنی میں اس کی حرمت کو بیان کیا گیا ہے۔ باب دوم میں نشہ کی تعریف وحقیقت سے لے کر مختلف نشہ آور اشیاء، مثلاً بھنگ، تمباکونوشی، افیون، مارفین اور ہیروئن وغیرہ کے بارے میں معلومات اور ان کے نقصانات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ باب سوم میں اخباری تراشوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں اخبارات وجرائد میں منشیات کے بارے میں آنے والی خبروں ، تجزیوں، معلومات اور اعداد وشمار کو ذکر کیا گیا ہے۔ باب چہارم میں منشیات اسمگلنگ کے حیرت انگیز مختلف طریقوں کو اخبارات وجرائد کے حوالے سے بیان کیا گیا ہے۔ پانچویں باب میں منشیات کے اہم مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چھٹے باب میں منشیات کے نقصانات ، ان کی وجہ سے پیدا ہونے والی خطرناک بیماریاں اور دیگر تباہ کن اثرات کو بیان کیا گیا ہے، ساتویں باب میں منشیات سے متعلق عرب وعجم کے علماء ومشائخ کے اقوال وفتاوی کو جمع کیا گیا ہے ، جب کہ آٹھویں باب میں پاکستان کے اہم دینی مدارس وجامعات کے فتاوی شامل کیے گئے ہیں۔

مصنف نے سیگریٹ اور نسوار کو بھی منشیات کی فہرست میں شامل کیا ہے، لیکن عموماً علماء کے ہاں ان کو منشیات کی فہرست میں شمار نہیں کیا جاتا اور اپنے اصل کے اعتبار سے یہ چیزیں مباح شمار ہوتی ہیں۔

منشیات کا استعمال معاشرے کی بقاء وسلامتی کے لیے ایک تباہ کن بیماری ہے اور اس کی لت میں اس دور کے مختلف طبقات خصوصاً نوجوان نسل کی خاصی تعداد مبتلا ہو چکی ہے، لہٰذا اس کے نقصانات وخطرات کی طرف اہل علم، حکم رانوں، ارباب حل وعقد بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کی توجہ دلانا ضروری ہے تاکہ اس ناسور سے حفاظتی تدابیر اور اس کے علاج کی ہر ممکن کوشش کی جاسکے۔

یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک جامع او رقابل قدر تالیف ہے جس میں اس موضوع کی مختلف جہات کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرما کر اسے اپنے مقصد میں کام یاب و کامران فرمائے۔

کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

زندگی کی تازہ یادیں
تالیف: حکیم مولانا محمد حسینرا جوری
صفحات:460 سائز:20x30=8
ناشر: جامعہ امینیہ اسلامیہ، دینہ، ضلع جہلم۔

حکیم مولانا محمد حسین راجوری اصلاً جموں وکشمیر، ضلع راجوری کے رہنے والے ہیں اور کشمیر کے گجر خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، جامعہ دارالعلوم کراچی کے قدیم فاضل، سابق استاذ اور جامعہ امینیہ اسلامیہ، دینہ، ضلع جہلم کے بانی ومہتمم ہیں۔ ان کے اساتذہ میں نامور، معتبر ومستند اور باوقار شخصیات کے نام شامل ہیں، جن میں مفتی اعظم پاکستان حضرت مفتی محمدشفیع  ، حضرت مولانا مفتی رشید احمد لدھیانوی، صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان، شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان، حضرت مولانا اکبر علی سہارنپوری، حضرت مولانا سید سیاح الدین کاکاخیل اور حضرت مولانا عبداللطیف جہلمی جیسی شخصیات کا نام ذکر کیا گیا ہے۔

”زندگی کی تازہ یادیں“ کے عنوان سے زیر نظر کتاب میں انہوں نے اپنے حالات زندگی، بیتے ایام، زندگی میں پیش آنے والے متنوع حالات وواقعات اور یادوں کو قلم بند کیا ہے، نیز اس میں وقت کے علماء مشائخ، قومی وعالمی شخصیات، تحریکوں، تنظیموں، جماعتوں ،کارکنوں اور قائدین کا معلومات افزاء تذکرہ اور ان پر بے لاگ تبصرہ وتجزیہ بھی شامل کیاگیا ہے ۔

مؤلف کے ان تبصروں اور تجزیوں میں جہاں معلومات کا ایک خزینہ اور دلچسپی کا سامان ہے وہاں ان کے بعض تبصروں اور تجزیوں سے اتفاق بہرحال مشکل نظر آتا ہے۔ کتاب کا پیش لفظ مولانا عبدالقیوم حقانی نے لکھا ہے اور اس میں انہوں نے فرمایا ہے کہ :” قاری کے لیے اس سوانح میں دلچسپی کا سامان ہے ، البتہ بعض نگارشات سے اختلاف بھی کیاجاسکتا ہے، مولانا کے بعض خیالات، اجتہادات اور استنباطات ان کی ذاتی رائے ہیں، سیاسی تبصرے وتجزیے، بعض جماعتوں کے تذکرے اور شخصیات کے حوالے سے ان کی شخصی رائے تو ہو سکتی ہے جمہور امت کا اس سے اتفاق ضروری نہیں۔“

یہ کتاب صرف آپ بیتی نہیں جگ بیتی بھی ہے اور اس میں و اقعی قارئین کے لیے سامان دلچسپی ہے لیکن کتاب کا مطالعہ مذکورہ پہلو کو مدنظر رکھ کر نا چاہیے کہ بعض تبصرے وتجزیے صرف مؤلف کی ذاتی رائے ہو سکتے ہیں جن سے بہرحال اتفاق نہیں کیا جاسکتا۔

یہ کتاب اعلیٰ ورق، مضبوط جلد بندی او رمعیاری طباعت کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

Flag Counter