Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی رجب المرجب 1430ھ

ہ رسالہ

13 - 18
***
اخبار جامعہ
مولانا ابوالفضیل عزیز
مشائخ جامعہ کے تعزیتی اسفار
امام اہلسنت حضرت مولانا سرفراز خان صفدر صاحب نور الله مرقدہ کی وفات پر ان کی تعزیت کے سلسلے میں ناظم اعلیٰ جامعہ حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان اور ناظم واستاذ حدیث جامعہ حضرت مولانا عبیدالله خالد گجرانوالہ حضرت مرحوم کے گھر تشریف لے گئے اور ان کے پسماندگان مولانا زاہد الراشدی اور دیگر سے تعزیت کی ۔
حضرت مولانا صفدر صاحب علمائے اہل سنت کے سرخیل اور ملک کے معروف ومقتدر ترین علماء میں سے تھے، ان کی تحقیقات،تصنیفات اور علمی ودینی خدمات سے ایک امت مستفید ہو رہی ہے باطل فرقوں اور گمراہ کن افکار ونظریات کے خلاف ان کی محققانہ اور فاضلانہ خدمات سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہیں ٴ۔ نہوں نے اپنی تصنیفات میں مسلک علمائے دیوبند کی اعتقادی، فقہی، فکری اور نظریاتی جہتوں پر روشنی ڈالی اور اور ہر لحاظ سے اسے برحق، معتدل اور راجح مسلک ثابت کیا۔ آپ کو امام اہلسنت کا لقب دیا گیا آپ کے وصال سے ملک میں ایک بڑا علمی خلا پیدا ہوا جو تا دیر محسوس کیاجائے گا، ان کی وفات کے چند دن بعد ہنگو کے معروف ومحقق عالم دین حضرت مولانا محمد امین اورکزئی کا واقعہٴ شہادت رونما ہوا اور یہ واقعہ اس اعتبار سے زیادہ المناک ہے کہ حضرت مولانا کو پاکستانی فورسز نے شہید کیا ۔ الله تعالیٰ خیر فرمائے ملک کی مجموعی صورت حال تو پریشان کن ہے ہی دینی اداروں اور دینی شخصیات کے حوالے سے حالات کچھ زیادہ ہی تشویش ناک معلوم ہوتے ہیں ایک بزرگ اور تحقیقی وتدریسی ذوق کے عالم دین کا یوں پر اسرار قتل کن حالات کا پیش خیمہ ہے الله ہی بہتر جانتے ہیں، ملک بھر خصوصاً کراچی کے کئی مقتدر علماء مولانا موصوف کے شاگرد ہیں جامعہ کے استاذ حدیث حضرت مولانا محمد انور صاحب بھی ان کے من جملہ تلامذہ میں سے ہیں حضرت الاستاذ، حضرت رئیس الجامعہ کے صاحبزادے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب اور استاذ جامعہ حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب تعزیت کے سلسلے میں ان کے ہاں تشریف لے گئے ۔
مولانا فضل الرحمن کی تشریف آوری
منگل15 جمادی الثانیہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب جامعہ فاروقیہ فیزII تشریف لائے جہاں حضرت شیخ الجامعہ، صدر وفاق المدارس صدر اتحاد تنظیمات مدارس شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب مدظلہم، حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان ، حضرت مولانا عبیدالله خالد ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی اور دیگر حضرات نے مولانا کا استقبال کیا اور آپ سے مختلف امور پر تفصیلی ملاقات وگفتگو کی۔ حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب نے یہاں کئی گھنٹے گزارے، کھانا بھی تناول فرمایا، نماز بھی پڑھائی، آپ کے ہمراہ مولانا سید عبدالمجید ندیم شاہ صاحب ، جناب قاری محمد عثمان صاحب مولانا مفتی کفایت الله صاحب اور دیگر حضرات بھی تھے۔بروز بدھ16 جمادی الثانیہ دارالعلوم کراچی میں مولانا صاحب، مشائخ جامعہ، دارالعلوم کراچی کے حضرات اور کراچی کے دیگر سرکردہ علما ومشائخ کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے ایک طویل نشست ہوئی۔ جس میں علماء اور عام مسلمانوں کی شہادتوں دہشت گردی کی موجودہ لہراور اسلامی تعلیمات کے خلاف پروپیگنڈے پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور آنے والے دنوں میں اس پر تفصیلی غور وخوض کا فیصلہ کیا گیا
مولانا ابن الحسن عباسی کو سانحہ
استاذ جامعہ ورفیق شعبہ تصنیف حضرت مولانا ابن الحسن عباسی کی والدہ کا گزشتہ دنوں انتقال ہوا حضرت شیخ الجامعہ مدظلہم العالی نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی حضرات مشائخ واساتذہ جامعہ، طلبہ کرام اور مولانا کے احباب نے بڑی تعداد میں جنازے میں شرکت کی اور ان سے تعزیت کی ۔ الله تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

Flag Counter