Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی جمادی الثانی 1430ھ

ہ رسالہ

4 - 14
***
مسلم دنیا۔۔ حالات وواقعات
مرتب: محمد خان یوسف زئی
عراقی بچوں کی حالت زار
معتبر عراقی ایجنسی کی اطلاع کے مطابق 150 عراقی بچوں کو سالانہ اغوا کر لیا جاتا ہے، پھر ان کی داخلی اور خارجی خرید وفروخت کرکے انہیں لے پالک ( متبنیّ) بنایا جاتا ہے یا ان کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔
مصر میں برقع پوش نرسیں پابندی کا شکار
مصری وزیر صحت ڈاکٹر حاتم جبلی نے مصری برقع پوش نرسوں کے سامنے دو راستے رکھتے ہوئے تصریح کی ہے کہ انہیں اختیار ہے یا تو وہ اپنے نقاب کو ترک کر دیں یا اپنی ملازمتوں سے علیٰحدہ ہو جائیں۔
ارکان پارلیمنٹ نے وزیر صحت ڈاکٹر حاتم جبلی کی جانب سے جاری ہونے والے اس اعلامیہ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے شہریوں کے دستوری حقوق پامال ہوں گے، نیز اس قانون پر عمل درآمد کے نتیجے میں ہزاروں نرسیں نقاب سے محروم ہو جائیں گی یا انہیں اپنی ملازمتوں سے سبک دوش ہونا پڑے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مصر میں تقریباً 9630نرسیں نقاب اور برقع کا اہتمام کرتی ہیں۔
مالی میں عیسائی مشنریوں کی سرگرمیاں
افریقی اسلامی مملکت مالی اس وقت فرانس، بلجیم اور جرمنی کی عیسائی تنظیموں کی سرگرمیوں کی شدید لپیٹ میں ہے، ان تنظیموں کو ملک میں نصرانیت کی آزادنہ تبلیغ کی حکومتی اجازت حاصل ہے۔ قومی ٹیلی ویژن پر ہفتے وار پروگرام میں کھلم کھلا نصرانیت کا پرچار کیا جاتا ہے ۔ معتبر ذرائع کے مطابق 300 سے زائد عیسائی مشنریز اس ملک میں مصروفِ کار ہیں۔
افغانستان میں نیٹو او رامریکی افواج کی بدترین دہشت گردی
افغانستان میں امریکی ونیٹو افواج کی خوف ناک دہشت گردی سے افغان باشندے شدید اذیت ناک اور کرب ناک حالات سے دوچار ہیں۔ مغربی میڈیا طالبان کی کارروائیوں کو کوریج دیتا ہے، لیکن امریکی حملوں کو چھپا لیتا ہے ان وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں صرف کابل شہرمیں ہزاروں افغان خواتین بیوگی کی زندگی سے دو چار ہیں۔
گزشتہ ماہ کے دوران افغان صدر حامد کرزئی، اقوام متحدہ اور امریکی اخبار نیویارک ٹائمز سمیت بہت سے لوگوں نے اس بات پر زور دیا کہ نیٹو او رامریکی فورسز بے گناہ افغان باشندوں کا قتل عام بند کر دیں۔
گزشتہ ماہ کا بل میں ہزاروں مظاہرین نے عام شہریوں کی ہلاکت کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک بند کر دی ، مظاہرین نے مرنے والوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، انہوں نے اوباما مردہ باد اور کرزئی مردہ باد کے نعرے لگائے افغان پولیس نے مظاہرین پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔
بگرام جیل او رامریکی بیسز میں مجرموں کے ساتھ زیادتی کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
انسانی حقوق کے سرگرم کارکن فلپ آسٹن لکھتے ہیں : ” امریکی اہل کار مطلوبہ جنگ جوؤں کے لیے آدھی رات کو چھاپے مارتے ہیں، اب تک چھاپوں کے نتیجے میں صرف 2008ء کے دوران 200 سے زیادہ عام شہری مارے گئے ہیں۔“
آئسٹن مزید لکھتے ہیں:
”یہ بات بالکل ناقابل فہم ہے کہ امریکی وافغان فورسز آپریشن تو خو دکرتی ہیں ، تباہی وبربادی تو خود پھیلاتی ہیں مگر اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرتیں، امریکا اور نیٹو فورسز کی بم باری کے باعث افغانستان کی ایک بڑی آبادی معذور ہو چکی ہے۔“
افغانستان میں دہشت گردی کرنے والے کون ہیں اس کا اندازہ فریب کی دبیز چادر تلے حقائق پر غور کرنے سے ہو جاتا ہے۔
حضرت شیخ الحدیث مولانا سرفراز خان صفدر صاحب کی رحلت
شیخ العرب والعجم حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی رحمہ الله کے شاگرد رشید اور مدرسہ نصرت العلوم گجرانوالہ کے سابق شیخ الحدیث حضرت مولانا سرفراز خان صفدر صاحب طویل علالت کے بعدگجرانوالہ میں انتقال فرما گئے۔ انہوں نے نصف صدی سے زائد عرصے ہمہ جہت دینی خدمات انجام دیں۔
حضرت مولانا  نے متعدد علمی وفنی موضوعات پر کتابیں تصنیف فرمائیں اور ہزاروں طالبان علوم نبوت کو سیراب کیا، حضرت نے 1953ء کی تحریک ختم نبوت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مولانا نے ملک بھر میں چلنے والی دینی تحریکوں اور احیائے سنت کے مختلف کاموں میں زندگی بھر بھرپور حصہ لیا۔
الله تعالیٰ حضرت مولانا کی کامل مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے ۔ آمین ثم آمین۔
بونیر میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن
بونیر میں سیکورٹی فورسز کے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں 80 سے زائد عسکریت پسند اور سیکورٹی فورسز کے بھی 3 اہلکار جاں بحق ہو گئے ہیں۔
یہ ہلاکتیں فورسز کی گولہ باری کے باعث ہوئیں۔
امریکی صدر کی مسلمان مشیرہ
امریکی صدر بارک اوباما کے لیے مسلمانوں کے عالمی امور سے متعلق مصری نژاد مسلمان مشیرہ ”دالیا مجاہد“ کو مقرر کیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں پہلی مرتبہ اس عہدے پر ایک باپردہ مسلمان خاتون کا تقرر کیا گیا ہے ۔
دالیا مجاہد کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی مقصد صدر اوباما کو مسلمانوں کی صورت حال سے آگاہ کرنا ہے کہ وہ کس زاویے سے سوچتے ہیں اور انہیں امریکا سے کیا توقعات ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک
اسرائیلی قید میں جکڑے ہوئے فلسطینی مسلمان قیدیوں کو شدید مظالم کا سامنا ہے، انہیں اپنے عزیزوں اور گھر والوں سے ملاقات کی طویل مدت تک اجازت نہیں دی جاتی، رابطے کے ذرائع ٹیلی فون وغیرہ سے بھی انہیں محروم رکھا جاتا ہے، دوران ملاقات بھی قیدیوں کو اپنے گھروالوں کے سامنے زنجیروں میں جکڑ کر رکھا جاتا ہے ۔ دینی فرائض کی ادائیگی سے بھی انہیں محروم رکھا جاتا ہے، جیسے نماز جمعہ، عیدین کی ادائیگی اور دینی کتابوں کے مطالعے حتی کہ جائے نماز بھی فراہم نہیں کی جاتی ،ایسی بے شمار انسانی حقوق کی پامالی ان قیدیوں کے ساتھ معمول بن چکی ہے۔
یورپ میں مسلمانوں کی صورت حال
ایک سروے کے مطابق یورپ میں ڈھائی کروڑ مسلمان آبادی ہے ۔ اس حساب سے اسلام یورپ کا دوسرا بڑا مذہب ہے فرانس میں مسلمانوں کی تعداد 60لاکھ ہے، جب کہ مساجد واسلامک سینٹرز کی تعداد1300 ہے، 600 اسلامی تنظیمیں دینی فرائض انجام دے رہی ہیں، مسلمانوں کا اپنا ریڈیو چینل بھی ہے۔ اسی طرح اٹلی ، جرمنی ، سوئزرلینڈ میں لاکھوں مسلمان آباد ہیں اور ہزاروں مساجد واسلامک سینٹرز ہیں، معتبر حلقوں کا تجزیہ یہ ہے کہ یورپ میں مستقبل اسلام کا ہے۔

Flag Counter