Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الاول 1437ھ

ہ رسالہ

9 - 17
آسان عمرہ نمبر بہ نمبر

محترم محمد راحیل رؤف سلاوٹ
	
میقات سے احرام پہن کر نیت کرنے اور تلبیہ پڑھنے کے بعد جب مسجدِ حرام پہنچیں تو درج ذیل ترتیب کے مطابق عمرہ ادا کریں۔

طواف شروع کرنے سے پہلے چار کام کریں
1...بیت الله پر نظر پڑنے کے بعد سے عمرہ کے آخر تک تلبیہ نہیں پڑھنا۔
2...إضطباع یعنی مرد حضرات ( صرف دوران طواف) اپنی چادر کو سیدھی طرف کی بغل سے نکال کر الٹے کندھے پر ڈال کر سیدھا کندھا کھول دیں۔
3...حجرِ اسود کی بالکل سمت میں آنے سے ایک دو قدم پہلے، بیت الله کی طرف رخ کرکے طواف کی نیت کریں کہ ” اے الله! میں تیری رضا کے لیے، تیرے مقدس گھر کے طواف کی نیت کرتا ہوں، اس کو میرے لیے آسان فرما اور قبول فرما۔ “ ( طواف باوضو کرنا شرط ہے)
4...اب بیت الله سے سینہ پھیرے بغیر بالکل حجرِ اسود کی سمت میں آکر ” استقبال“ یعنی دونوں ہتھیلیوں کا رُخ بیت الله کی طرف کرکے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھائیں، پھر ”استلام“ یعنی دونوں ہتھیلیوں سے حجرِ اسود کی طرف اشارہ کرتے ہوئے”بسم الله لاإلہ إلا الله الله أکبر ولله الحمد“ پڑھ کر ہتھیلیوں کو چومیں۔(اب طواف شروع کریں)

طواف شروع کرکے چار کام کریں
1...صرف طواف کے پہلے تین چکروں میں مرد حضرات رمل یعنی چھوٹے چھوٹے قدموں سے، سینہ تان کر، کندھے ہلا کر، پہلوانوں کی طرح چلیں۔
2...دوران طواف رُکن یمانی اور حجرِاسود کے درمیان﴿رَبَّنَا آتِنَا فِیْ الدُّنْیَا حَسَنَةً وَفِیْ الآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ﴾ پڑھنا ثابت ہے۔ باقی دورانِ طواف تیسرا کلمہ، استغفار ، دورد شریف اور تلاوت کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں ( رکن یمانی حجر اسود کے بائیں طرف والا کونہ ہے)۔
3...ہر چکر کے شروع میں بالکل حجرِ اسود کی سمت میں کھڑے ہو کر حجرِ اسود کا استلام کریں ( اگر رش ہو تو حجر اسود کی طرف رخ کیے بغیر دائیں ہاتھ سے استلام کرتے ہوئے اگلا چکر شروع کریں)۔
4...دورانِ طواف خانہٴ کعبہ کی طرف نہ مکمل رخ کریں ، نہ پیٹھ کریں اور نہ چہرہ کریں۔

طواف کے سات چکر مکمل کرکے چار کام کریں
1...سات چکر مکمل کرنے کے بعد آٹھویں دفعہ حجرِ اسود کا استلام کرکے ملتزم پر جاکر دعا کریں۔ (ملتزم پر خوش بو لگی ہوتی ہے، ہاتھ نہ لگائیں)
2...سیدھا کندھا ڈھانپ کر مقام ِ ابراہیم کے پیچھے یا جہاں جگہ مل جائے دورکعت نماز نفل پڑھیں، جب کہ مکروہ وقت نہ ہو اور دعا کریں۔
3...خوب زم زم پئیں اور یہ دعا کریں”اَللّٰھُمَّ إِنِّیْ أَسْأَلُکَ عِلْمًا نَافِعًا، وَّرِزْقًا وَّاسِعًا، وَّشِفَاءً مِّن کُلِّ دَاءٍ“․(ترجمہ: اے الله! نفع دینے والا علم عطا فرما اور رزق میں وسعت عطا فرما اور ہر بیماری سے شفا عطا فرما۔)
4...صفا مروہ کی طرف جانے سے پہلے حجر اسود کی سمت میں آکر نویں مرتبہ حجرِ اسود کا استلام کریں۔

صفا(پہاڑ) کی طرف جا کر چار کام کریں
1...”باب صفا“ سے یاجیسے سہولت ہو صفا(پہاڑ) کی طرف چلیں، صفا پر پہنچ کر خانہٴ کعبہ کی طرف رخ کرکے خوب دعائیں مانگیں۔
2...سعی(یعنی صفامروہ کے سات چکر) کی ابتدا صفا سے کریں، مروہ پر پہنچ کر ایک چکر مکمل ہو گا، پھر مروہ سے صفا آئیں تو دوسرا چکر مکمل ہو گا، اسی ترتیب پر آخری (ساتواں) چکر مروہ پر آکر مکمل ہو گا۔ (صفا مروہ کے درمیان گرین لائٹوں کے نیچے صرف مرد تیز قدموں سے جھپٹتے ہوئے چلیں)۔
3...مسجد میں جا کر دو رکعت نفل (مستحب) پڑھیں( صفا مروہ مسجد کی حدود سے باہر ہے)۔
4...مرد حلق(سر گنجا کرائیں) یا قصر(سر کے مکمل بال ایک پورے سے کچھ زیادہ کٹوائیں) مستورات سر کے مکمل بال یا کم از کم چوتھائی سر کے بال اکھٹے کرکے ایک پورے کے برابر کاٹیں۔

الحمدلله! عمرہ کے ارکان مکمل عمرہ میں دو فرض ہیں، احرام اور طواف۔ دو واجب، سعی اور حلق یا قصر۔

Flag Counter