Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الاول 1437ھ

ہ رسالہ

17 - 17
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

فہم میراث کی آسان راہیں
علم میراث سے متعلق زیر نظر کتابچہ مولانا مفتی امتیاز خان جدون نے مرتب کیا ہے او راس میں علم میراث کے قواعد وضوابط او راحکام ومسائل کو آسان وعام فہم انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس رسالے کی خصوصیات کو بیان کرتے ہوئے مؤلف لکھتے ہیں :
”عرصہ دراز سے ”سراجی“ پڑھانے کے دوران با ربار یہ داعیہ دل میں پیدا ہو رہا تھا کہ تیسیر المنطق، آسان اصول فقہ اور البلاغت کی طرح علم میراث میں ایک ابتدائی رسالہ مرتب کرنا چاہیے جو آسان فہم ہو اور ہر درجہ کے طلبہ کے لیے مفید ہو بلکہ عوام الناس بھی اس سے مستفید ہو سکیں اور اس میں تمرین کی کثرت ہو جس سے یہ فن آسان اور دلچسپ ہو جاتا ہے۔

کافی عرصہ اسی سوچ وبچار میں گزرا، بالآخر الله تبارک وتعالی کا نام لے کر رسالہ لکھنا شروع کیا۔ اس رسالہ میں ”سراجی“ کے تقریباً تمام مباحث کو آسان پیرایہ میں جمع کیا گیا ہے اور صرف مفتیٰ بہ اقوال کو لیا گیا ہے، اگر ”سراجی“ سے قبل طلبہ کو یہ رسالہ پڑھایا جائے تو طلبہ سراجی خود حل کریں گے۔ استاذ محترم کو چاہیے کہ ہر سبق کے بعد دی ہوئی تمرین کو طلبہ سے حل کروائیں اورا ن کی کاپی چیک کریں۔ رسالے کے آخر میں تمرین کے لیے سو (100) سوالات دیے گئے ہیں ، جن کے حل کرنے سے طلبہ کو اس فن سے فاضلانہ مناسبت حاصل ہو گی۔“

علماء، طلبہ اور مدرسین حضرات سے گزارش ہے کہ وہ ضرور اس رسالے کا مطالعہ کریں اور علم میراث کے موضوع پر منصہ شہود پر آنے والی اس نئی کاوش سے مستفید ہو کر میراث کے آسان وعام فہم حل سے آگاہی حاصل کریں۔

72 صفحات کا یہ کتابچہ دیدہ زیب کارڈ ٹائٹل کے ساتھ دار احیاء المیراث کراچی سے شائع کیا گیا ہے۔

سفر نامہ دہلی
تالیف مولانا شفیق احمد سلیم ملکانوی
صفحات:136 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ

مولانا شفیق احمد سلیم ملکانوی2013ء میں ہندوستان کے مشہور عالم شہر اور پایہٴ تخت دہلی ایک ہفتے کے سفر کے لیے گئے، زیر نظر کتاب میں انہوں نے اپنے اس سفر کی رودادا تحریر کی ہے ، جس میں دہلی سے تعلق رکھنے والے اولیاء وصوفیاء، علماء ومشائخ، مدارس ومساجد، اسلامی آثار ونقوش، تاریخی نوادرات اور عجائب وغرائب کا دلچسپ انداز میں تذکرہ کیا گیا ہے۔ مولانا عبدالقیوم حقانی دامت برکاتہم العالیہ نے اس سفرنامے پر پیش لفظ لکھا ہے او راس میں وہ فرماتے ہیں:

”مولانا شفیق احمد سلیم ملکانوی صاحب مدظلہ جو ان دنوں جامعہ مفتاح العلوم سرگودھا کے استاذ حدیث ، ناظم تعلیمات، لائق اور شفیق اتالیق ہیں، انہو ں نے فروری2013ء میں دہلی کا سفر کیا، وہاں کے تاریخی مقامات دیکھے ، خانقاہوں میں حاضری دی، مشہور شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور پھر اپنے تأثرات، مشاہدات اور قلبی واردات کو صفحہٴ قرطاس پر منتقل کیا جو پہلے ”القاسم“ میں قسط وار چھپ رہا تھا او راب کتابی شکل میں آپ کے ہاتھوں میں ہے ۔

اس میں دہلی کی تاریخ بھی ہے اور دہلی کے مسلمانوں کا تذکرہ بھی، دہلی کے علمی خانوادوں کا ذکر بھی ہے اور روحانی سلسلوں کی روئیداد بھی، قبرستانوں کے احوال بھی ہیں اور مزارات کی حالت زار بھی، علمی مراکز کی سیر بھی ہے اور روحانی چشموں کی منظر کشی بھی، تاریخی افادیت کے ساتھ ادبی حلاوت بھی ہے، جاندار تأثرات کے ساتھ بیدار احساسات بھی ہیں، اسلوب کی جدت کے ساتھ زبان کی بلاغت بھی ہے، مواد کی تازگی کے ساتھ طرز بیان کی نغمگی بھی ہے، الغرض کسی بھی حوالے سے دیکھیے تو ایک مکمل قوس قزح پائیں گے۔“

یہ کتاب عمدہ ورق پر مضبوط جلد بندی کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

ذکر الہٰی کی تابانیاں
تالیف: حافظ ابن القیم جوزی ترجمہ: مولانا محمد اسماعیل لغاری
صفحات:200 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبة الضیاء، کشمیری محلہ، ماتلی، ضلع بدین، سندھ

زیر نظر کتاب علامہ ابن قیم جوزی رحمة الله علیہ کی تالیف ” الوابل الصیب من الکلم الطیب“ کا اردو ترجمہ ہے، یہ ترجمہ دارالعلوم حسینیہ شہداد پور کے مدرس مولانا محمد اسماعیل لغاری نے کیا ہے۔ اس میں صدقہ، اعما ل صالحہ، خصوصاً اذ کار واوراد او رادعیہ کے فضائل اور فوائد وبرکات کو بیان کیا گیا ہے کہ دین ودنیا کے فوائد وبرکات، پریشانیوں اور مشکلات کا حل اور مصائب وآفات سے بچاؤ اعمال صالحہ اور اذکار وادعیہ میں مضمر ہے اور ان کے اہتمام سے انسان دنیا وآخرت کی پریشانیوں سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ چناں چہ آفات وہموم اور مختلف پریشانیوں سے محفوظ رہنے کی مختلف دعائیں، مختلف اعمال ، اوراد اور اذکار کا ایک خاصہ مجموعہ اس میں آگیا ہے۔

کتاب پر عنوانات مولانا محمد یاسین صاحب نے لگائے ہیں اور کئی علماء کی تقاریظ بھی اس میں شامل کی گئی ہیں۔

کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

Flag Counter