Deobandi Books

ماہنامہ الابرار جنوری 2010

ہ رسالہ

5 - 15
اسلام میں پورے داخل ہوجاﺅ
ایف جے،وائی(January 22, 2010)

مولانا فیض احمد حسنین

یاٰیہا الذین آمنوا ادخلوا فی السلم کافة ، ولا تتبعوا خطوٰت الشیطٰن الخ
(التوبة: ۶۳)

ترجمہ: اے ایمان والو! اسلام میں پورے کے پورے داخل ہوجاﺅ، اور شیطان کے نقش قدم پر مت چلو، یقین جانو وہ تمہارا کھلا دشمن ہے۔

تشریح: مذکورہ آیت مبارکہ میں اﷲ تعالیٰ نے مومنین کی ایک ایسے ضابطے کی طرف رہنمائی فرمائی ہے۔ جس پر عمل پیرا ہونے کی برکت سے ان کا ایمان ایمانِ کامل اور یقین یقینِ صادق کے مرتبہ پر فائز ہوجائے گا۔ اور وہ یہ ہے کہ پورے کا پورا اسلام میں داخل ہوجانا۔ یعنی ہاتھ، پاﺅ،آنکھ، کان، دل اور دماغ الغرض از سرتا پا اور از روح تا جسم انسان اسلام کے دائرہ میں داخل ہوجائے اور مکمل طور پر احکامات الٰہیہ کی اطاعت و پیروی کا راستہ اختیار کرلے۔ یہ نہ ہو کہ ہاتھ اور پیر سے تو اسلامی اعمال صادر ہورہے ہوں لیکن دل و دماغ اس پر مطمئن نہ ہوں۔ یا زبان تو ہر وقت اسلام اور احکامات اسلام کی مدح و تعریف میں ہو لیکن ظاہر و باطن اسلامی سانچے میں ڈھلنے کو تیار نظر نہ آئیں۔

چونکہ اسلام نام ہے اس مکمل نظام حیات کا جو قرآن و سنت میں بیان ہوا خواہ اس کا تعلق عقائد و عبادات سے ہو یا معاملات اور معاشرت سے، سیاست و حکومت سے ہو یا صنعت و تجارت سے الغرض احکام اسلام خواہ وہ زندگی کے کسی بھی شعبہ سے متعلق ہوں کامل مسلمان بننے کے لیے ضروری ہے کہ اسے سچے دل سے قبول کرکے اپنی زندگی میں لایا جائے۔

اس میں ان لوگوں کے لیے بڑی تنبیہ ہے جنہوں نے دین کو صرف نمازہ روزہ اور چند مخصوص عبادات تک محدود کررکھا ہے معاملات اور معاشرت یعنی آپس میں رہن سہن کے طور طریقوں میں اپنے آپ کو آزاد تصور کرتے ہیں۔ یہ تصور اسلامی مزاج سے بالکل میل نہیں کھاتا اور اس کے ساتھ اپنے آپ کو سچا مسلمان اور پکا مومن کہنا اور سمجھنا خود کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے۔

اﷲ تعالیٰ نے اس آیت مبارکہ میں ایمان والوں کی منزل کا تعیین ہی نہیں فرمایا بلکہ جس پر چل کر یہ منزل حاصل ہوتی ہے اس کے خطرات سے آگاہ فرمایا ہے۔ کہ کہیں ہم اپنے ازلی دشمن شیطان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اپنی منزل کھو ہی نہ بیٹھیں ۔

دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ہم سب مسلمانوں کو شیطان کے مکروفریب سے بچتے ہوئے احکامات اسلام پر مکمل عمل کرنے اور کامل مسلمان بننے کی توفیق عطا فرمائے، (آمین)
Flag Counter