ملفوظات حکیم الامت جلد 19 - یونیکوڈ |
درخواست بیعت کی کی اس پر فرمایا ـ ارشاد : آپ نے میری کتابیں دیکھی ہیں ـ انہوں نے کہا ہاں ـ بہشتی زیور ، اصلاح الرسوم دیکھی ہیں اور میں مدرس ہوں ایک شخص کے یہاں قرآن شریف پڑھاتا ہوں ـ فرمایا قصدالسبیل منگا کر جو شغل اس میں سے اپنی حالت کے مناسب معلوم ہوتا ہے تو اس پر عمل کیجئے پھر حال سے اطلاع دیجئے ـ میرا طریقہ ہے کہ جب دیکھ لیتا ہوں کہ طلب ہے مرید کرتا ہوں ـ پہلے آپ دیکھ ہی چکے ہیں ـ نتیجہ تعجیل بیعت کا کہ دوسری طرف رجوع کرنا پڑا ـ خواہ آپ پانچ ہی برس میں بیعت ہوں اس کا کوئی حرج نہیں ـ اس میں یہ فائدہ ہے کہ آپ میرا اندازہ کر لیں اور میں آپ کا اس لئے تعجیل مناسب نہیں ہے ـ انتظام : جب کھانے کو بیٹھے تو ہمراہی حضرت والا متفرقا بیٹھے تھے حضرت نے فرمایا جو ہمراہی ہیں سب پاس بیٹھیں ـ اس میں منتظم کو انتظام میں آسانی ہوتی ہے ـ گاڑیوں کے جلد آنیکی ترکیب سواریوں کے جلد بلانے کی ترکب واپسی کے وقت گاؤں سے گاڑیوں کے اسٹیشن پر لانے سے لوگ دیر کر رہے تھے حالانکہ اسباب سب رکھا جا چکا تھا ـ حضرت والا خود پیادہ چل دئیے پھر ہمراہی کیسے بیٹھ سکتے تھے ـ وہ بھی پیادہ چل دیئے ـ تھوڑی دور چل کر دیکھا تو گاڑی والے خوب بھگائے ہوئے لا رہے ہیں ـ اس پر حضرت نے فرمایا کہ اگر پیادہ نہ آتے تو یہ فٹن نہ دوڑتی ـ یہ بھی ایک ترکیب ہے سوار کے جلد آنے کی ـ تعویذ کن باتوں کیلئے ہے تعویذ سے خود پڑھنا بہتر ہے واقعہ : اسٹیشن نوگڈہ پر حضرت ریل کے انتظار میں ایک فرش پر بیٹھے تھے ـ وہاں ایک صاحب نے تعویذ مانگا جو کہ بیمار تھے ـ ارشاد: اصل میں تعویذ ان باتوں کے لئے ہے جن کی دوا نہیں ہے جیسے آسیب و نظر بد اور جن کا علاج ہے ان کا علاج کرانا چاہیے ـ جب ان صاحب نے اصرار کیا تو فرمایا ـ الحمد للہ پڑھ کر پانی پر دم کر لیا کرو ـ اور پی لیا کرو ـ کیونکہ پڑھنے میں زیادہ اثر ہے ـ