Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاخریٰ ۱۴۲۸ھ جولائی ۲۰۰۷ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقدونظر
تبسرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہےِ
(ادارہ)
تنشیط الاحوذی شرح جامع الترمذی ،الجزء الاول:
فضیلة الشیخ نور الہدیٰ حفظہ اللہ‘ صفحات:۴۲۴‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: جامعة اسلامیةدرویشیہ‘ سندھی مسلم سوسائٹی‘ کراچی پاکستان۔ صحاح ستہ میں سے جامع ترمذی کو اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں غیر معمولی مقبولیت عطا فرمائی ہے‘ چنانچہ جامع ترمذی کی اسی مقبولیت کی علامت ہے کہ صحاح ستہ میں سے صحیح بخاری کے بعد جتنا اس کی شروح لکھی گئی ہیں‘ شاید اتنا کسی کی نہ لکھی گئی ہوں۔ اس کے علاوہ چونکہ امام ترمذی کا انداز دوسرے ائمہ ٴ حدیث سے نرالہ ہے‘ اس میں ہرحدیث پر اس کی صحت ‘ ضعف کے اعتبار سے حکم لگانے کے بعد بیانِ مذاہب پر خصوصی توجہ دی گئی ہے‘ اس لئے ہردور کے اہلِ علم نے اس کی تعلیم وتدریس پر خصوصی توجہ دی ہے‘ چنانچہ اہل علم جانتے ہیں کہ کتب صحاح ستہ میں سے اس کی تدریس میں تقریباً تمام مضامین کا احاطہ کیا جاتاہے۔ دوسرے الفاظ میں ترمذی شریف حدیث کی وہ کتاب ہے جو فقہی طرز پر پڑھائی جاتی ہے‘ اس کی اسی اہمیت کے پیش نظر اس کی مختصر ومطول متعدد شروح ملتی ہیں۔ پیشِ نظر کتاب بھی جامع ترمذی کی اسی سلسلہ کی ایک جدید شرح ہے‘ جس میں فاضل شارح نے نہایت آسان انداز میں کتاب سمجھانے کی کوشش کی ہے‘ جیساکہ مصنف موصوف نے لکھا ہے کہ: انہوں نے جامع ترمذی آج سے ۳۸ سال قبل ہندوپاک کے مشہور محدث اور فاضل استاذ حضرت مولانا رسول خان ہزاروی قدس سرہ سے پڑھی تھی‘ اس وقت انہوں نے اپنے استاذ محترم کے جو افادات قلم بند کئے تھے‘ اب فرصت میں ان کو مرتب کر کے تنشیط الاحوذی کا نام دیا ہے۔ یوں تو ہر مصنف وشارح کا اپنا ایک الگ انداز ہوتا ہے ،مگر مؤلف موصوف نے اس کتاب کی ترتیب میں درج ذیل امور کا بطور خاص لحاظ رکھا ہے: ۱․․․بظاہر متعارض اسناد اور رواةکی تحقیق‘ ۲․․․ حدیث کے مشکل الفاظ کی لغوی تحقیق‘۳․․․ حدیث کی تشریح ، ۴․․․احادیث میں تطبیق‘۵․․․ مذاہب متداولہ اور ان کے دلائل کی تحقیق،۶․․․․․ احادیث کی روشنی میں مذہب حنفی کی نشاندہی،۷․․․ فقہ وحدیث میں مطابقت، ۸․․․فاسد وباطل عقائد ونظریات کی تردید،۹․․․ اختصار اور جامعیت کے ساتھ بے جا طوالت سے اجتناب وغیرہ۔ پیش نظر پہلی جلد ابواب الطہارةتک ہے‘ اس کی مزید جلدیں زیر ترتیب ہیں‘ خدا کرے کہ اس کی باقی ماندہ جلدیں بھی جلد منظر عام پر آجائیں اور امت اس علمی خزانہ سے مستفید ہوسکے۔
چالیس منتخب حدیثیں:
مولانا عبد الباسط صاحب استاذ حدیث جامعہ فریدیہ، ای سیون، اسلام آباد‘ صفحات:۵۸‘ قیمت: ۲۴ روپے‘ ناشر : مکتبہ جامعہ فریدیہ ،ای سیون ،اسلام آباد۔ مسلمانوں کے باہمی معاملات‘ حقوق وفرائض سے متعلق چالیس احادیث کا انتخاب بمع ترجمہ وتشریح کیا گیاہے۔
مدینہ منورہ کی عظمت ومحبوبیت:
محمد جاوید عثمان میمن‘ صفحات: ۱۰۴‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: اسلامی کتب خانہ‘ بنوری ٹاؤن کراچی۔ مؤلف نے اس رسالہ میں روضہ اقدس ا کی زیارت کی فضیلت اور اہمیت کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کی غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جو روضہ اقدس ا کی زیارت کی غرض سے سفر کرنے کو گناہ سمجھتے ہیں۔ آخر میں اکابر علمائے دیوبند کے واقعات اور حضور ا سے ان کی عقیدت ومحبت کے چند نمونے ذکر کرکے اہل بدعت کے ان بے بنیاد الزامات وافتراء ات کا جواب دیا ہے جو اکابرین علمائے دیوبند پر لگاتے ہیں۔ زائرین حرمین شریفین کے لیے عظیم علمی تحفہ ہے۔
جنازہ کے بعد دعا کا حکم:
محمد جاوید عثمان میمن‘ صفحات: ۳۶‘ قیمت :درج نہیں‘ پتہ: اسلامی کتب خانہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ امام ابوبکربن حامد حنفی سے لے کر حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوری‘ حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلوی‘ مولانا ظفر احمد عثمانی‘ شہید اسلا م حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی اور مولانا محمد عمر بریلوی تک ۱۶ علماء کرام ومفتیان عظام کے اس موضوع پر فتاویٰ کو یکجا کیا گیا ہے۔ موضوع کے اعتبار سے یہ رسالہ بہت ہی عمدہ اور لائق مطالعہ ہے۔
اشاعت ۲۰۰۷ ماہنامہ بینات, جمادی الاخریٰ ۱۴۲۸ھ جولائی ۲۰۰۷ء, جلد 70, شمارہ 
Flag Counter