Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاخریٰ ۱۴۳۱ھ - جون ۲۰۱۰ء

ہ رسالہ

13 - 13
نقدونظر !
تبصرے کے لیے ہرکتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)
غامدیت کیا ہے؟
خادم اہل سنت محمد عبد الرحیم چاریاری، صفحات: ۲۰۸، قیمت: درج نہیں، ناشر: جامعہ حنفیہ، امداد ٹاؤن شیخوپورہ روڈ، فیصل آباد۔
چودہ سوسال سے امت میں جن ارکان واحکام کو ضروریات دین کا درجہ حاصل تھا اور جن کے منکر پر کفر کا حکم لگتا تھا ڈاکٹر جاوید غامدی صاحب ان کو ضروریات دین ماننے کی بجائے ان کے بارہ میں ایک الگ رائے رکھتے ہیں۔
ان کے عقائد ونظریات، آزاد خیالی اور تجدد پسندی سے امت کو آگاہ کرنے اور مسلمانوں کے دین وایمان کی حفاظت کی غرض سے مولانا عبد الرحیم چاریاری نے یہ کتاب لکھ کرامت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کیا ہے۔
کتاب پر ملک کے اکابر علماء کرام اور مفتیان عظام کی تقریظات ثبت ہیں جو اس کتاب کی ثقاہت کی دلیل ہیں۔
البتہ ص:۱۶۸ پر گیارہواں ثبوت کے تحت بلاسند اور بلاحوالہ ایک روایت: ”لو کان موسیٰ وعیسیٰ حیین لما وسعہما الا تباعی“ نقل کی گئی ہے اور اس کی وضاحت میں یہ الفاظ: ”حضرت موسیٰ وعیسیٰ زندہ ہوتے تو ان کے لئے تورات اور انجیل ایسے ہی محفوظ ہوتی جیسے ہمارے لئے قرآن“ ان الفاظ میں وفات مسیح کا عقیدہ ثابت ہوتا ہے اور یہ عقیدہ قادیانیوں اورجاوید احمد غامدی کا ہے، مسلمانوں کا نہیں۔جب کہ یہ حدیث کہیں ثابت نہیں، تفصیل کے لئے دیکھئے: ”قادیانی شبہات کے جوابات“ ج:۲،ص:۳۷۴، مولفہ مولانا اللہ وسایا مدظلہ۔
محسوس ایسے ہوتا ہے کہ لاشعوری طور پر یہ سہو ہوا ہے، امید ہے کہ اس غلطی کا ازالہ کیا جائے گا، بہرحال کتاب اپنے موضوع پر ایک بہترین دستاویز ہے۔
مولانا محمد گل شیر شہید، سوانح وخدمات
محمد عمر فاروق، صفحات: ۵۰۴، قیمت: ۲۵۰ روپے، ناشر : بخاری اکیڈمی دار بنی ہاشم ملتان۔
زندہ قومیں اپنے اسلاف واکابر کو فراموش کرنے کی بجائے ان کے نقش پا سے راستہ ڈھونڈتی ہیں، ان کی سیرت وکرادار کے آئینہ صافی کو سامنے رکھ کر اپنی سیرت وکردار کو ڈھالتی ہیں، ان کے نقوش زندگی سے شخصیت سازی کا کام لیتی ہیں اور ان کی ایک ایک ادا کو تاریخ کے اوراق میں محفوظ کرکے آنے والی نسلوں کی راہنمائی کا سامان کرتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے جناب محمد فاروق صاحب کو جنہوں نے مجلس احرار کے ایک سرکردہ راہنما حضرت مولانا گل شیر شہید کی سوانح وخدمات کو بڑی صبر آزما ، محنت ومشقت سے مرتب فرمایا۔
کتاب کو کل چودہ ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے: ۱․․․ ابتدائے زندگی، ۲․․․ہندؤں کے خلاف جہاد، ۳․․․فوج محمدی،۴․․․سیاسیات، ۵․․․تحریک کالاباغ، ۶․․․سوئے مقتل، ۷․․․شہادت، ۸․․․سیرت وکردار، ۹․․․یادوں کے چراغ، ۱۰․․․مکاتیب، ۱۱․․․منظوم خراج عقیدت، ۱۲․․․حلقہ یاراں، ۱۳․․․ہم مکتب، ۱۴․․․منتخب اشعار۔
کتاب باقی ہر اعتبار سے عمدہ ہے، لیکن ایک عالم باعمل، مرد مجاہد کی سوانح وخدمات کے تذکرہ میں جابجا تصویر وں کی نمائش سمجھ سے بالا تر ہے۔ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اس مجسمہ سازی سے محفوظ فرمائے۔
آسان فقہی مسائل
مولانا عمر فاروق صاحب، صفحات: ۶۰۷، عام قیمت: ۳۵۰ روپے، ناشر: مکتبہ بیت العلم اردو بازار کراچی۔
اہل علم سے ثابت ہے کہ انسان پر جو چیز احکام کے اعتبار سے فرض ہے، اس کا سیکھنا بھی فرض ہے۔ نماز، روزہ، زکوٰة، حج اور جہاد جیسے ارکان اسلام اور فرائض اسلام ہیں، اسی طرح ان کا سیکھنا بھی فرض اور ضروری ہے۔
مؤلف موصوف نے عوام الناس کی سہولت اور آسانی کے لئے مختلف کتب اور فتاویٰ جات سے ایمانیات، نماز، روزہ، زکوٰة اور تجارت سے متعلق مسائل جمع کرکے آسان اور عام فہم انداز میں لکھنے کی سعی کی ہے۔ حاشیہ میں ہر مسئلہ کا مأخذ بھی دیا گیا ہے۔
کتاب کا ٹائٹل، کاغذ اور جلد بندی عمدہ ہے، یہ کتاب اسکول، کالج، یونیورسٹی ہر گھر اور لائبریری کی یکسان ضرورت ہے، امید ہے باذوق حضرات ضرور اس کی قدر افزائی فرمائیں گے۔
شرح ریاض الصالحین:
فضیلة الشیخ محمد الیاس بارہ بنکوی، صفحات: ۸۰۰، عام قیمت: ۵۰۰ روپے، ناشر: زمزم پبلشرز شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازارکراچی۔
قرآن کریم کے بعد دین کا دوسرا مأخذ حدیث نبوی ہے، جس سے آپ ا کے اخلاق وعادات، سیرت وصورت، وضع قطع، نشست وبرخاست، خلوت وجلوت، سفر وحضر، رات ودن کے مبارک احوال کا علم ہوتا ہے۔
بعض لوگوں کو اللہ تبارک وتعالیٰ ”ثم یوضع لہ القبول“ کے مرتبہ پر فائز فرماتے ہیں، جنہیں اہل دنیا کھلی آنکھوں سے مشاہدہ کرتے ہیں۔ امام نووی انہیں مقبول ہستیوں میں سے ایک ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ا کی احادیث مبارک جمع کرنے کی توفیق بخشی، جس کی تشریح وتوضیح کی غرض سے اس کے کئی حواشی وشروحات منظر عام پر آچکی ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب ”شرح ریاض الصالحین“ بھی اسی مبارک سلسلہ کی کڑی ہے، جس میں قرآنی آیات اور احادیث مبارکہ پر اعراب، آیات قرآنی اور احادیث کی تخریج، مشکل الفاظ کی آسان عربی میں وضاحت، غیر معروف راویوں کا تعارف ، فوائد حدیث، مکرر ابواب کی نشاندہی جیسے امور کا اہتمام والتزام کیا گیا ہے۔
کتاب کا ٹائٹل عمدہ ہے، البتہ کتاب کا کاغذ حدیث کی کتاب کے شایان شان نہیں، امید ہے اگلے ایڈیشن میں اس کی طرف توجہ کی جائے گی۔
تسہیل اصطلاحات حدیث
سید عبد الماجد غوری، صفحات: ۱۸۳، عام قیمت: ۱۸۰ روپے، ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔
جیساکہ نام سے ظاہر ہے ،یہ کتاب حدیث کی اصطلاحات میں ہے ،جنہیں آسان اور عام فہم انداز میں لکھا گیا ہے، جس میں چار فصلیں ذکر کی گئی ہیں:
فصل اول میں: حدیث ومحدثین سے متعلق اہم ومصطلحات والقاب۔
فصل ثانی میں تعریف مصطلحات علم حدیث۔
فصل ثالث میں متن حدیث کے متعلق اہم علوم۔
فصل رابع میں سند حدیث کے متعلق اہم علوم۔
حدیث سے مناسبت رکھنے والے علماء وطلباء کے لئے خاصے کی چیز ہے۔ امید ہے اہل علم حضرات ا سکی خوب قدر افزائی فرمائیں گے۔
اشاعت ۲۰۱۰ ماہنامہ بینات , جمادی الاخریٰ:۱۴۳۱ھ - جون: ۲۰۱۰ء, جلد 73, شمارہ 
Flag Counter