Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق محرم الحرام 1432ھ

ہ رسالہ

18 - 18
اخبار جامعہ
مولوی محمد عابد
مصروفیات حضرت شیخ الحدیث دامت برکاتہم
بخاری شریف کے اسباق دورہٴ حدیث کے پانچویں گھنٹے میں پابندی اوقات اور تمام آداب کے ساتھ ہوتے رہے، ہر اتوار بعد نماز عصر مجالس علم وذکر بھی جاری رہی، حضرت مولانا احسان الله ہزاروی صاحب (سابق ایم پی اے) جمعیت علماء اسلام جو کہ گزشتہ دنوں انتقال فرماگئے تھے کی تعزیت کے لیے اُن کے گھر جانا ہوا۔

بیانات کا سلسلہ
استادحدیث حضرت مولانا محمد انور صاحب مدظلہ نے ذوالحجہ کے پہلے ہفتے میں بروز منگل ماہانہ اصلاحی بیان فرمایا، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب مدظلہ نے تعطیلات عیدالاضحی سے قبل ترغیب برائے خدمت اجتماعی قربانی اور چرم قربانی کے سلسلے میں شہری طلبہ سے تفصیلی بیان فرمایا، استادحدیث حضرت مولانا عبدالرزاق صاحب مدظلہ نے جامعہ کے تمام طلبہ سے چرم قربانی کے سلسلہ میں تفصیلی بیان فرمایا، استاد حدیثحضرت مولانا منظور احمد مینگل صاحب مدظلہ نے، بعد از تعطیلات اصلاحی بیان فرمایا۔

تعلیمی امور
یک ماہی امتحانات کا انعقاد ہوا، جن میں درجہ رابعہ تک تقریری اور اس سے اوپر کے درجات میں تحریری امتحان لیا گیا، جب کہ پرچوں کی چیکنگ اور نمبر شماری کا عمل جاری ہے۔

اجتماعی قربانی اور حصول چرم قربانی
عیدالاضحی کے موقعہ پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا اہل محلہ اور اہل شہر کی بڑی تعداد نے حصہ لیا اور سینکڑوں جانور ذبح کیے گئے اس سلسلے میں مویشیوں کی خریداری سے لے کر گوشت کی تقسیم تک اساتذہ، طلبہ اور اہل محلہ شریک خدمت رہے۔

اسی طرح عید قربان کے موقع پر چرم قربانی کا حصول بھی اہم مصروفیت رہی ، شہر بھر میں کئی مراکز قائم کیے گئے اور وہاں سیچرم قربانی جامعہ منتقل ہوئی جامعہ کے تمام اساتذہ وطلبہ نے دلچسپی سے حصہ لیا۔

اجازت حدیث
تعطیلات عید کے بعد جب اسباق شروع ہوئے تو شہر بھر کے مدراس میں پڑھنے والے طلبہٴ حدیث کی بڑی تعداد حضرت شیخ الحدیث کے دروس میں شرکت اور حصول سند کے لیے جامعہ فاروقیہ آنا شروع ہو گئی، چناں چہ اسباق شروع ہوتے ہی دارالحدیث سے متصل برآمدہ اور درس گاہ کے اندرونی راستے طلبہ کرام کے لیے تنگ پڑ گئے اور کئی طلبہ نے مجبوراً دور بیٹھ کر سماع کیا۔

حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کی علالت
گزشتہ دنوں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب شدید بیمار رہے جس کی بنا پر ہفتہ اتوار دفترودارالحدیث نہ آسکے۔ الله پاک ہمارے تمام اساتذہ کرام کی محنتوں میں برکت عطاء فرمائے، صحت عافیت اور تندرستی سے نوازے۔ آمین

اجلاس اور مشاورتیں
جامعہ میں نصف ماہی اجلاس بھی حسب معمول رہا اس کے علاوہ اجتماعی قربانی وچرم قربانی کے سلسلے میں مسلسل اجلاس ہوتے رہے اور اس میں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب دیگر اساتذہ کرام کے ساتھ متعلقہ افراد کی تعیناتی سمیت اہم امور طے فرماتے رہے، نیز جامعہ فاروقیہ فیزII اور ساکران آمدورفت کا سلسلہ بھی مسلسل جاری رہا۔

اساتذہ جامعہ کا دورہٴ سہون
عیدالاضحی کے بعد حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کے مشورے سے جامعہ کے اساتذہ مفتی معاذ خالد صاحب ، مولانا ولی الرحمان صاحب، مفتی عثمان صاحب جامعہ کی شاخ دارالقرآن سہون تشریف لے گئے، وہاں کے ذمہ دار حضرات سے ملاقات کی اور شاخ کے تمام امور کا جائزہ بھی لیا، رات گئے ان حضرات کی جامعہ واپسی ہوئی۔
 

Flag Counter