Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاولیٰ ۱۴۲۹ھ جون ۲۰۰۸ء

ہ رسالہ

12 - 12
نقدونظر
تبصرے کے لیےہرکتاب کے دونسخوں کا آناضروری ہے {ادارہ}
حقیقی کامیابی
تالیف: اکبراحمد اعجاز‘ صفحات: ۲۸۸‘ قیمت:۱۲۰ روپے ملنے کا پتہ: مکتبہ ہدی للناس بی ۲۶۸ ماریہ اپارٹمنٹس‘ ناگن چورنگی کراچی۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا کیا‘ اس کی ہدایت وراہنمائی کے لئے قرآن کریم ‘ حضور اکرم ا کی ذات اقدس کو مبعوث کیا‘ صحابہ کرام اور اس کے بعد ہر دور میں علمائے امت اور مبلغین کو پیدا کیا‘ تاکہ وہ انسانیت کو ایسے اخلاق‘ اعمال اور افعال وعبادات کی ترغیب وتشویق دلائیں‘ جن سے ان کا خالق ومالک راضی ہوکر انہیں حقیقی کامیابی سے سرفراز فرمائے۔ حقیقی کامیابی کیا ہے؟ اور اسے کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟ اس کتاب میں اس اہم ترین موضوع کو قرآن کریم‘ احادیث نبوی اور بزرگان دین کے واقعات کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب پانچ حصوں پر مشتمل ہے: ۱:- انسان کی حقیقی کامیابی۔ ۲:- حقیقی کامیابی کیسے حاصل کی جائے؟ ۳:- اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کی بڑی بڑی شکلیں۔ ۴:- اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی بڑی بڑی شکلیں۔ ۵:- حقیقی کامیاب کچھ لوگوں کے احوال واقعات۔ اس کے علاوہ منظوم نصائح‘ اور مشکل الفاظ کے معنیٰ بھی لکھے گئے ہیں۔ کتاب پر اکابر علماء کرام: حضرت مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندر صاحب‘ حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب‘ حضرت مولانا زرولی خان صاحب دامت برکاتہم کی تقاریظ وتصدیقات ثبت ہیں جو کتاب کی ثقاہت کے لئے ایک بین دلیل ہے۔ ماشاء اللہ کتاب لائق مطالعہ اورقابل تحسین ہے۔ امید ہے باذوق حضرات اس کی قدر افزائی فرمائیں گے۔
عقائد اہل السنة والجماعة مدلل
مولانا مفتی محمد طاہر مسعود‘ شیخ الحدیث ومہتمم جامعہ مفتاح العلوم سرگودھا‘ صفحات: ۲۴۸‘ قیمت: ۱۵۰روپے‘ ناشر: خانقاہ سراجیہ نقشبندیہ مجددیہ‘ کندیاں‘ ضلع میانوالی۔ پیش نظر کتاب جیساکہ نام سے ظاہر ہے عقائد اہل سنت کی نشاندہی پر مشتمل ہے اور اسے عام فہم اور شستہ اردو زبان میں مدون کیا گیا ہے‘ اور کوئی بات بھی بلاحوالہ نہیں‘ بلکہ ہرہر اسلامی عقیدہ کو قرآن وسنت‘ اجماع امت اور اکابر اسلاف کے علم وتحقیق کے حوالوں سے مبرہن کرکے ایک مستند عقیدہ کی کتاب بنادیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے قدیم وجدید فرقوں ‘ ان کے بانیوں اور اسلام سے متصادم ان کے باطل نظریات ومعتقدات کو بھی اسلاف امت کی تحقیقات وتصریحات کی روشنی میں ذکر کیا ہے۔ یہ کتاب عام مسلمانوں‘ اسکول وکالج اور دینی مدارس کے طلبہ کے لئے بے حد مفید اور ان کے دین وعقیدہ کے تحفظ کے لئے تریاق کا کام دے گی۔ اگر وفاق المدارس کے ارباب حل وعقد اس کو وفاق المدارس کے نصاب میں شامل فرمالیں تو ان شاء اللہ طلباء وطالبات نہ صرف ذہنی اور فکری انتشار سے محفوظ رہیں گے‘ بلکہ باطل پرستوں کے اغواء واضلال سے بھی محفوظ رہیں گے اور ان کی صحیح اسلامی خطوط پر تربیت ہوگی۔ سوانح حیات حضرت مولانا سید احمد شاہ بخاری : ملک عبد القیوم اعوان‘ صفحات: ۳۹۲‘ قیمت: درج نہیں‘ ناشر: القاسم اکیڈمی جامعہ ابو ہریرہ خالق آباد نوشہرہ۔ جیساکہ نام سے ظاہر ہے پیش نظر کتاب فاضل دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا سید احمد شاہ بخاری کے تذکرہ پر مشتمل ہے‘ اگر یوں کہا جائے تو بے جانہ ہوگا کہ مؤلف موصوف کا گلہائے عقیدت پر مشتمل یہ تذکرہ‘ دل چسپ حکایات‘ واقعات اور سیرت وسوانح کا حسین گلدستہ ہے۔
حدیقة الصفا فی اسماء النبی المصطفی ا
مخدوم سید محمد ہاشم ٹھٹھوی سندھی رحمہ اللہ‘ ترجمہ وتسہیل: محمد احمد رضا‘ صفحات: ۱۹۲‘ قیمت: ۳۰۰ روپے‘ ملنے کا پتہ: مکتبہ الرازی ‘ سلام کتب مارکیٹ بنوری ٹاؤن کراچی۔ پیش نظر کتاب حدیقة الصفا فی اسماء النبی المصطفی جسے آج سے تقریباً تین سو سال قبل شاہ ولی اللہ  کے ہم عصر اور سندھ کے مشہور محدث وبزرگ عالم دین حضرت علامہ مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی نے تحریر فرمایا اورمخطوطہ کی شکل میں تھی‘ اللہ جزائے خیر دے مکتبہ رازی کے کار پردازوں کو کہ انہوں نے اس مخطوطہ کی کتابت کرائی اور ترجمہ کرکے بہت ہی خوبصورت انداز میں رسول اکرم ا کے ۱۱۷۷ حسین وبابرکت ناموں کا حسین گلدستہ امت کے لئے سجادیا۔ کتاب کے شروع میں حضرت اقدس حضرت خواجہ خان محمد صاحب دامت برکاتہم‘ حضرت سید نفیس شاہ نور اللہ مرقدہ ‘ حضرت مولانامحمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کی آراء اور آخر میں بدری صحابہ کے نام تحریر کئے گئے ہیں۔ امید ہے باذوق حضرات اس نعمت عظمی کی بھر پور قدر افزائی فرمائیں گے۔
تمرین المحافل شرح الشمائل الترمذی جلد اول:
افادات: شیخ الحدیث حضرت مولانا سمیع الحق‘ ضبط وترتیب: مولانا اصلاح الدین حقانی‘ صفحات: ۵۳۲‘ قیمت: درج نہیں‘ ناشر: مؤتمر المصنفین جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک۔ حضور اکرم ا کی بعثت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا عظیم احسان اور بہت بڑی نعمت ہے‘ کیونکہ آپ ا ہی انسانیت کے لئے نمونہ ہیں‘ آپ کے شمائل وخصائل‘ افعال واخلاق‘ معاملات ومعاشرت‘ عبادت وریاضت‘ جہاد وقتال سب کچھ دین ہے‘ اور امت کے لئے راہ عمل کی تعیین کا ذریعہ۔ یہی وجہ ہے کہ ذخیرہ احادیث میں سے اس حصہ کو جسے آپ ا کے شمائل کے نام سے یاد کیا جاتا ہے‘ امام ترمذی نے علیحدہ اور اہتمام کے ساتھ بیان کیا ہے‘ جس کے مطالعہ سے ایسا لگتاہے جیسے آپ ا کی صورت وسیرت اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں ‘ اسی بنا پر ارباب علم نے ہر دور میں اس کی مختلف زبانوں میں شروحیں لکھی ہیں‘ ہمارے قریب کے اکابر میں سے حضرت مولانا عبد الشکور لکھنوی‘ حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی‘ مفسر قرآن مولانا صوفی عبد الحمید سواتی  اور مولانا عبد القیوم حقانی مدظلہ نے اپنے اپنے طرز اور انداز سے اس کی شرح لکھی ہے ۔ پیش نظر کتاب بھی شمائل ترمذی کی اسی سلسلہ کی جدید شرح ہے جس میں مرتب نے مندرجہ ذیل امور کا التزام واہتمام کیا ہے: ۱:- شرح میں عوامی انداز اختیار کرنے کی بجائے تعلیمی اور تدریسی زبان و اصطلاحات کو ترجیح دی گئی ہے۔ ۲:- لغوی اور فنی تشریحات میں مبتدئین کی بجائے منتہی طلبہ کی رعایت کی گئی ہے۔ ۳:-شرح میں بیان کی گئی بعض آیات اور احادیث کی تخریج کردی گئی ہے۔ ۴:- متداول شروح اور اکابر کی تحقیقات سے مراجعت کے بعد بعض مفید اضافے کئے گئے ہیں۔ ۵:- تقریباً ہرباب کے خاتمہ پر خلاصہ باب کے عنوان سے خلاصہ تحریر کیا گیا ہے۔ ۶:- راوی کے حالات بقدر ضرورت تحریر کئے گئے ہیں۔ ۷:-ابتداء میں علم حدیث اور کتاب کے تعارف پر ایک مفید مقدمہ بھی ہے۔ کتاب اس قابل ہے کہ ہر طالب علم اور عالم دین اس کو خریدے اور پڑھے اور حدیث رسول اللہ ا سے وابستگی پیدا کرے۔
اشاعت ۲۰۰۸ ماہنامہ بینات , جمادی الاولیٰ ۱۴۲۹ھ جون ۲۰۰۸ء, جلد 71, شمارہ 
Flag Counter