Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی ربیع الاول ۱۴۳۳ھ - فروری۲۰١۲ء

ہ رسالہ

9 - 9
نقد و نظر
مجالسِ غورغشتوی:
ملفوظات: شیخ الحدیث حضرت مولانا نصیر الدین غورغشتوی، جامع: خطیب اسلام حضرت مولانا محمد امیر صاحب بجلی گھر، ترتیب: مفتی محمد قاسم بجلی گھر، صفحات: ۲۷۰، قیمت: درج نہیں، ناشر: مدرسہ فاروقیہ، لالہ زار کالونی، علاقہ مولانا بجلی گھر، لنڈی ارباب روڈ، پشاور۔
دارالعلوم دیوبندنے ایسے جلیل القدر اور ہمہ جہت افراد اور شخصیات تیار کیں جن کی عزت وعظمت اور بلندی کردار کی ایک دنیا معترف ہے۔ اسی سلسلة الذہب کی ایک روشن کڑی، اسلاف کی یادگار، زہد وتقویٰ کے پیکر قطب ِ وقت حضرت مولانا قمر الدین چکڑالوی کے شاگرد رشید اور امام الموحدین، رئیس المفسرین والمحدثین عارف باللہ حضرت مولانا حسین علی واں بھچراں کے خلیفہ مجاز شیخ الحدیث حضرت مولانا نصیر الدین غورغشتوی رحمہ اللہ رحمةً واسعةً بھی تھے۔حضرت مولانا غلام غوث ہزاروی کے بقول:
”کم وبیش ایک سوشائقینِ کلام نبوی یہاں سے سیراب ہوتے تھے، بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ علم حدیث کا چرچا پٹھانوں کے تمام ملکوں میں آپ ہی کی ذات سے ہوا تو یہ مبالغہ نہ ہوگا، حتی کہ آپ کا اسم گرامی مولانا نصیر الدین کی جگہ شیخ الحدیث ہی مشہور ہوگیا“۔
خطیبِ اسلام حضرت مولانا محمد امیر بجلی گھر جو حضرت غورغشتوی رحمہ اللہ کے شاگرد رشید ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے محب صادق اور مجلس نشین تھے، آپ نے حضرت کے ملفوظات کو نہ صرف یہ کہ ضبط وجمع کیا، بلکہ اپنے صاحبزادے حضرت مولانا مفتی محمد قاسم صاحب کو اس کام پر لگایا کہ وہ ان کو ترتیب دے کر منصہ شہود پر بھی لائیں۔
الحمد لله! یہ کتاب حضرت غورغشتوی کے ملفوظات پر مشتمل ہے، کہنے کو تو یہ ملفوظات ہیں، لیکن حقیقتاً ہر مجلس مستقل عنوان اور مضمون پر مشتمل ہے، مثلاً اس کتاب میں کل پندرہ مجالس کا ذکر ہے، جن میں پند ونصائح بھی ہیں اور علم وعمل کی ترغیب بھی، اپنے اسلاف اور اکابر کا تعارف بھی ہے اور ان کی دینی خدمات کا تذکرہ بھی۔اسی طرح عربی، پشتو اور اردو اشعار کا بھی کافی ذخیرہ اس کتاب میں آگیا ہے۔
خلاصہ یہ کہ یہ کتاب بہت ہی علمی مضامین پر مشتمل ہے، ایک دفعہ کتاب پڑھنا شروع کردیں تو اسے بند کرنے کا جی نہیں چاہتا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے اکابر کے ملفوظات پر عمل کرنے اور امت کی اصلاح وراہنمائی کے لئے اپنے اکابر کی تعلیمات کو عام کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ کتاب کا کاغذ ، جلد اور طباعت بہت ہی عمدہ ہے۔

معارف الابرار:
افادات: محی السنہ حضرت مولانا شاہ ابرار الحق رحمہ اللہ، تبویب وترتیبِ نو: بشیر احمد بھائیہ ومحمد راشد صاحبان، قیمت: درج نہیں، ناشر: انجمن احیاء السنة نفیر آباد، باغبانپورہ، لاہور۔
حضرت مولانا شاہ ابرار الحق قدس سرہ کی شخصیت محتاج تعارف نہیں، آپ حکیم الامت مجدد ملت حضرت مولانا شاہ اشرف علی تھانوی قدس سرہ کے اجل خلفاء میں سے تھے، اتباع سنت میں خاص ذوق تھا، وضو،اذان اور نماز کی ایک ایک ادا میں سنت کا اہتمام تھا۔ اس کتاب میں، علم اور اہل علم کی عظمت، مدارس کے لئے راہنما اصول، معلمین وطلبہ کے لئے قیمتی نصائح، اصلاح نفس وضرورت مرشد، شیخ کے حقوق وآداب، شرعی وضع قطع کی اہمیت، داڑھی کی اہمیت، آدابِ دعوت وتبلیغ، گھر کی اصلاح کے علاوہ بیسیوں اہم عنوانات شامل اشاعت ہیں۔
مواعظ اور ملفوظات کی کتب میں اکثر وبیشترایک بات سے دوسری بات نکلتی چلی جاتی ہے، جس سے موضوع میں تشنگی رہنا لازمی امر ہے، اس کتاب میں خاص اہتمام سے آپ کے مواعظ اور ملفوظات کے بحر ذخار میں غوطہ زنی کرکے ایسے تمام ملفوظات کو علیحدہ مستقل عنوانات کے تحت یکجا کیاگیا ہے۔ یہ کتاب واعظین، خطباء اورائمہ مساجد کے لئے ایک بے بہا تحفہ ہے۔ کتاب کا کاغذ، طباعت اور جلد بہت ہی اعلیٰ ہے۔

اصلاح المسلمین:
حضرت مولانا سید عبد اللہ شاہ صاحب نقشبندی خلیفہ مجاز حضرت مولانا عبد الغفور عباسی مہاجر مدنی ،تصحیح وتخریج وتعلیق: مولانا حافظ لیاقت علی شاہ نقشبندی غفوری مدظلہ، صفحات: ۳۳۶، قیمت: درج نہیں ، ناشر: مکتبہ غفوریہ بلاک: بی، سندھی مسلم سوسائٹی کراچی، موبائل فون: ۲۵۲۸۲۷۲-۰۳۰۰
جیساکہ نام سے ظاہر ہے، یہ کتاب محض مسلمانوں کے عقائد واعمال کی اصلاح ودرستگی اور ان کی راہنمائی کے لئے لکھی اور شائع کی گئی ہے، کتاب کو پانچ ابواب پر منقسم کیا گیا ہے، باب اول: حقوق والدین، عقوق والدین، باب دوم: حقوق زوجین، باب سوم: احکام الحجاب، باب چہارم: فضیلت علم، باب پنجم:کبائر ورذائلِ اخلاق، حکومت وامارت، بے حیائی، عریانی اور فحاشی، ٹخنوں کے نیچے پاجامہ لٹکانا، تصویر، رشوت اور مال حرام، اشیاء کی عیب پوشی اور ملاوٹ، سود کی لعنت، حقوق ہمسایہ، خدمت، غیبت ،دیوث کون ہے؟ لعنت کا وبال، بے رحمی وبدخلقی،خود کشی، ظلم کی نحوست، عمامہ کی فضیلت سے لاپرواہی، داڑھی کی سنت سے بے اعتنائی جیسے مضامین سولہ فصلوں میں تحریر کئے گئے ہیں۔ کتاب کو تخریج سے باحوالہ اور عمدہ کمپیوٹرائزڈ کتابت سے مزین کیاگیا ہے۔ یہ کتاب ہر مسلمان اور ہر گھر کی اہم ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کے مؤلف وناشر کی محنت کو اپنی بارگاہ میں مقبول ومنظور فرمائیں، آمین۔

الفقہ فی السندھ (فقہاء سندھ اور ان کی فقہی خدمات):
حضرت مولانا اللہ بخش ایاز ملکانی، صفحات: ۳۱۴، قیمت: درج نہیں، ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ۔
اللہ تعالیٰ نے حضرت مولانا عبد القیوم حقانی دامت برکاتہم کو دینی، علمی، معلوماتی اور اکابر کی سوانح مرتب کرنے اور ان کو اشاعت کے بعد عوام تک پہنچانے میں ”موفق من الله“ بنایاہے۔ میرے شیخ حضرت اقدس حضرت مولانا سعید احمد جلال پوری شہید نور اللہ مرقدہ فرمایا کرتے تھے کہ: ہم القاسم اکیڈمی کی مطبوعات پر اتنا جلدی تبصرہ نہیں کرپاتے، جتنا جلدی یہ مولانا صاحب نئی نئی کتب منصہ شہود پر لے آتے ہیں۔
زیر تبصرہ کتاب حضرت مولانا اللہ بخش ایاز ملکانی مدظلہ نے تخصص فی الحدیث کے دوران محدث العصر علامہ سید محمد یوسف بنوری نور اللہ مرقدہ کے زیر نگرانی وسرپرستی مقالہ کے طور پر لکھی تھی، جس میں تاریخِ سندھ، سندھ کا محل وقوع، وجہ تسمیہ، سندھ میں اسلامی فتوحات کے علاوہ سندھ کے علمی مراکز، فقہائے سندھ کی فقہی تالیفات، فقہ اور اس کی تاریخی حیثیت، سندھ کے مسلم فرماں روا اور ان کے ادوار جیسے اہم مضامین درج ہیں۔ یہ کتاب ”دریا بکوزہ“ کا مصداق ہے اور کتاب کے شروع میں حضرت مولانا عبد القیوم حقانی دامت برکاتہم کا شان دارپیش لفظ ثبت ہے۔ علم فقہ اور فن تاریخ سے تعلق رکھنے والے احباب کے لئے یہ کتاب نعمتِ غیر مترقبہ ہے۔

معارف ام القرآن:
حضرت مولانا محمد نعمان صاحب، صفحات: ۳۴۴، قیمت: درج نہیں، ناشر: مکتبہ الیاس، ۸۵/ زیڈ بہادر یارجنگ سوسائٹی کراچی، موبائل فون:۲۰۶۹۹۴۵-۰۳۲۱
زیر تبصرہ کتاب، تعوذ، تسمیہ اور سورہٴ فاتحہ کی تفسیر پر مشتمل ہے، جو مؤلف نے کئی تفاسیر کی غواصی کرتے یہ علمی اور نادر جو ہر علماء وطلبہ کے لئے پیش کیا ہے۔ کتاب بہت ہی علمی جواہر پاروں سے مرصع ہے۔ اللہ تعالیٰ اس کتاب کے مؤلف کو مزید در مزید علمی موتی جمع کرنے اور دینی حلقوں تک پہنچانے کی توفیق سے نوازیں۔ تفسیر قرآن سے محبت کرنے والوں کے لئے یہ کتاب علمی سوغات سے کم نہیں۔ امید ہے کہ علم دوست احباب اس کتاب کی قدر افزائی فرمائیں گے۔

عبد اللہ چکڑالوی اور فتنہ انکار حدیث:
حافظ مولانا عبد الجبار سلفی، صفحات: ۶۳، قیمت: درج نہیں، ناشر: ادارہ مظہر التحقیق کھاڑک، ملتان روڈ ،لاہور۔

اس رسالہ کا ٹائیٹل پر یوں تعارف کرایاگیا ہے:
”برصغیر میں فتنہ انکار حدیث کے بانی اور مرجع گمراہان خاص قاضی غلام نبی المعروف عبد اللہ چکڑالوی کے حالات وواقعات اور ان کے مولد ومسکن کی تحقیق، ان کی علمی فرومائیگی، خیالات کے الجھاؤ اور منکرین حدیث کا فکری سفر، سلف بیزار طبقے کے مکائد وتزاویر، نیز ژرف بین نگاہ رکھنے والے محققین اہل علم کی دفاع حدیث پر خدمات کا ایک جائزہ“۔یہ رسالہ پڑھنے سے تعلق رکھتا ہے۔

قواعد الضبط للقرآن الکریم:
افادات: حضرت مولانا قاری عبد الملک صاحب زید مجدہم، مرتب: مولانا قاری خلیل الرحمن صاحب ،صفحات: ۶۴، ناشر: ادارة المعارف کراچی: ۱۴، موبائل فون: ۲۸۳۱۹۶۰-۰۳۰۰
زیر نظر رسالہ حضرت مولانا قاری عبد الملک زید مجدہم کی محنت شاقہ کا ترجمان اور علمی افادات کا شاہکار ہے۔ یہ رسالہ قرآن کریم کے قواعدو ضوابط پر ایک منفرد تحقیق وتحریر ہے، جو قرآن کریم کے کلمات کے صحیح تلفظ اور کتابت کی درستگی میں معاون وممد ہے۔ اسی طرح قرآن کریم کی علامات، نشانات، حرکات وسکنات، مد وشد وغیرہ کی پہچان کے لئے بہترین راہ نما ہے۔ امید ہے شائقینِ قرآن اس رسالہ کا ضرور مطالعہ فرمائیں گے۔

اعمالِ بشارت:
جناب محمد راشد صاحب، صفحات: ۱۵۱، قیمت: درج نہیں، ناشر: ادارة المعارف کراچی: ۱۴، فون :۳۵۰۴۹۷۳۳-۰۲۱
جناب محمد راشد صاحب کو اللہ تعالیٰ نے یہ ذوق سلیم عطا فرمایا ہے کہ وہ جہاں بزرگوں کے ملفوظات اور حالات کا مطالعہ فرماتے رہتے ہیں، وہاں زیر مطالعہ آنے والی اچھی اچھی باتوں اور اعمال کو کاغذ پر نقل بھی فرماتے رہتے ہیں جس سے ایک جاندار مضمون تیار ہوجاتا ہے۔ اسی کاوش کا نتیجہ یہ زیر تبصرہ کتاب بھی ہے۔ اعمال بشارت نامی اس کتاب میں اسباب مغفرت، اعمال مغفرت، مغفرت کاملہ، آتش دوزخ سے نجات، اعمال جنت، رحمتوں کے خزانے اور برکات درود شریف جیسے مضامین کو شامل کیا گیا ہے، کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

مزید الایمان یعنی ایمان افروز مضامین:
محمد عبد القادر جیلانی، صفحات: ۴۳۲، قیمت: درج نہیں، ناشر: مکتبہ صدیقیہ، بیرون تبلیغی مرکز رائے ونڈ، لاہور موبائل فون: ۰۳۰۳۵۹۷۱۳۱
زیر تبصرہ کتاب مولانا عبد القادر جیلانی کی تالیف ہے ، جو جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی کے متخصص ہیں، اللہ تعالیٰ نے انہیں طالب علمی کے زمانہ سے ہی کتب بینی اور مطالعہ کا ذوق وافر مقدار میں ودیعت فرمایا ہے۔یہ کتاب ان کے ذوقِ مطالعہ کا اعلیٰ نمونہ اور علمی مواد کا وافر خزینہ ہے۔ اس کتاب میں توحید، سیرت، آخرت اور دعوت وتبلیغ کی اہمیت سے متعلق آیات، احادیث، اشعار اور تاریخی واقعات کا ایمان افروز مستند ذخیرہ آگیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مولانا موصوف کی اس محنت اور کاوش کو قبولیتِ عامہ سے سرفراز فرمائیں۔

فضیلتِ علم:
حافظ محمد ابوبکر صدیق، صفحات: ۱۵۰، قیمت: درج نہیں، ناشر: جامعہ زکریا رانا ٹاؤن ، قائم پور، تحصیل حاصل پور، ضلع بہاول پور ۔
امام رازی نے تفسیر کبیر میں قرآنی آیت :”وَعَلَّمَ اٰدَمَ الْأَسْمَاءَ کُلَّہَا“ کے تحت جو مضمون قلم بند کیا ہے، زیر تبصرہ کتابچہ اس کا ترجمہ ہے، جو علم کی اہمیت وفضیلت پر ایک نادر اور لاجواب مضمون کی حیثیت رکھتا ہے ۔ خطباء وعلماء اور عوام الناس کے لئے یہ کتابچہ ایک خاصے کی شئے ہے۔

نماز جنازہ میں مسنون دعا:
مولانا ابو احمد نور محمد تونسوی قادری مدظلہ ، صفحات: ۴۰ قیمت: درج نہیں، ناشر: مکتبہ جامعہ عثمانیہ، ترنڈہ محمد پناہ، تحصیل لیاقت پور، ضلع رحیم یارخان۔
حضور اکرم ا کو امت کے لئے اسوہٴ حسنہ بناکر بھیجا گیا، آپ ا نے پیدائش سے لے کر موت تک ہر ہر مرحلے اور ہر ہر موقع کے لئے راہنمائی فرمائی ہے۔
اس رسالہ میں نماز جنازہ اور اس کا مسنون طریقہ ذکر کیا گیا ہے اور گمراہ لوگوں نے جو دعا بعد الجنازہ کا خود ساختہ طریقہ گھڑ لیا ہے، اس کا مدلل رد اس رسالہ میں کیاگیا ہے۔
بدعت وگمراہی کے ماحول میں رہنے والے حضرات کے لئے یہ رسالہ اہم علمی ہتھیار ہے۔
اشاعت ۲۰١۲ ماہنامہ بینات , ربیع الاول ۱۴۳۳ھ - فروری۲۰١۲ء, جلد 75, شمارہ 
Flag Counter