Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی ربیع الاول ۱۴۲۹ھ اپریل ۲۰۰۸ء

ہ رسالہ

12 - 12
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کےدونسخوں کا آنا ضروری ہے
خطبات حکیم العصر‘ جلد ششم:
افادات حکیم العصر محدث دوران ولی کامل مخدوم العلماء حضرت اقدس مولانا عبد المجید لدھیانوی مدظلہ‘ صفحات: ۳۷۴‘ قیمت:۲۰۰ روپے‘ پتہ: مکتبہ شیخ لدھیانوی باب العلوم کہروڑپکا ضلع لودھراں۔ زبان وبیان اور تحریر وتقریر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے عظیم نعمت ہے ،اگر ان کو اصلاح وارشاد کے لئے استعمال کیا جائے تو ان سے ہدایت ورشد کے چشمے پھوٹتے ہیں ،امت مسلمہ کی راہ نمائی کا سامان ہوتا ہے‘ دین متین کے چہرہ صافی پر اڑتی گئی گردوغبار صاف ہوتی ہے‘ قلوب واذہان کی بندگرھیں کھلتی ہیں اور آخرت کی صلاح وفلاح کا سامان ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ اور اس کا رسول خوش ہوتا ہے ،اس کے برعکس اگر ان کو غلط استعمال کیا جائے تو ضلال وگمراہی کو فروغ ملتا ہے، شیطان خوش ہوتا ہے، اللہ تعالیٰ ناراض ہوتے ہیں اور انسان کی دنیا وآخرت تباہ وبربادہوتی ہے اور گمراہی کی تاریکی اور زیغ وضلال کے بادل چھاجاتے ہیں۔ بلاشبہ جو لوگ اپنی زبان وبیان اور تحریروتقریر سے امت مسلمہ کی ہدایت وراہ نمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں ،وہ نہ صرف مخلوق خدا کے محسن ہیں‘ بلکہ وہ نبی امی ا کے نائب وترجمان کے اعزاز سے سرفراز ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا ہے کہ قرآن وسنت اور دین وشریعت قیامت تک اس اصل شکل وصورت میں رہیں گے، جس طرح آقائے دوعالم ا نے صحابہ کرام کے حوالہ فرمایا تھا اور اللہ تعالیٰ ہردور میں ایسے افراد اور جماعتوں کو اس کے لئے مامور ومقرر فرمادیں گے اور وہ یہ خدمت انجام دیتے رہیں گے۔ جس طرح ہر دور میں ایسے افراد واشخاص اور جماعتیں رہی ہیں ،ٹھیک اسی طرح دور حاضر میں بھی بہت سے حضرات کو اس اعزاز سے نوازا گیا ہے، ان میں سے ہمارے مخدوم حضرت مولانا عبد المجیدصاحب ہیں۔زیر تبصرہ جلد ششم میں حسب ذیل عنوانات کے خطبات ہیں: سیرت ابراھیمی کے درخشاں پہلو،ملت ابراھیمی اور ستارہ پرستی کی مذمت،درس وفاء،عورت کامنصب، تاثیرِلاالٰہ الااللہ،بدکرداری عذابِ الٰہی کاسبب، العلم والعلماء،اہلِ حق کے ساتھ حکومتوں کابرتاوٴ، مفیدترین زندگی،محدثین اور فقہاء کامقام، عظمت قرآن ،سب سے اعلٰی خدمت خلق ،دینِ حق کی محافظ جماعتیں، عقیدئہ معاد۔ امید ہے اہل علم،اہل ذوق،علمأ،طلبہ اورعوام اس گوہر گراں مایہ کی پزیرائی میں بخل سے کام نہیں لیں گے۔
اولیاء اللہ کی اہانت کا وبال
ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن مدنی‘ خلیفہ مجاز شیخ الحدیث حضرت مولانامحمد زکریا مہاجر مدنی صفحات: ۱۸۴‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: دارالعلوم مدنیہ ہفیلو نیویارک‘ امریکہ۔ حدیث قدسی ہے کہ: ”جس شخص نے میرے کسی ولی سے عداوت ودشمنی اختیار کی میں اس کے خلاف اعلان جنگ کرتا ہوں“۔ظاہر ہے جس شخص کے خلاف اللہ تعالیٰ اعلان جنگ فرمادیں اس کو کہاں ٹھکانہ مل سکتا ہے‘ اس لئے ایسے افراد جو اہل اللہ اور اولیأ اللہ کی توہین وتذلیل کرتے ہیں آخرت میں تو ان کو ان کے کئے کی سزا ملے گی ہی ملے گی‘ مگر دنیا میں بھی وہ اس کے وبال اور عذاب سے نہیں بچ سکیں گے۔ پیش نظر کتاب میں ہمارے مخدوم مکرم اور حضرت اقدس شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی قدس سرہ کے خلیفہ مجاز وخادم خاص جناب حضرت ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن مدنی قدس سرہ نے اکابر اہل اللہ اور اسلاف کی کتب سے ایسے تمام واقعات کو جمع کردیا ہے جس میں کسی اللہ والے کی اہانت وتوہین کی پاداش میں کسی پر زندگی یا موت کے وقت یا بعد از مرگ عذاب کی شکل سامنے آئی۔اللہ تعالیٰ اس مجموعہ کو قبول فرماکر مصنف کی نجاتِ آخرت اور تمام مسلمانوں کی ہدایت کا ذریعہ بنائے اور ہماری نئی نسل کو اولیأ اللہ کی اہانت سے بچاکر ان کی قدردانی کی توفیق عطا فرمائے‘ آمین․
مثالی بیوی
مولانا مفتی محمد حنیف عبد المجید‘ فاضل جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی صفحات: ۳۷۶‘ قیمت:درج نہیں‘ پتہ: دارالہدی دفتر نمبر۸‘ پہلی منزل شاہ زیب ٹیرس‘ نزد زمزم پبلشرز اردو بازار کراچی۔ مولانا مفتی محمد حنیف عبد المجید ہمارے ان نوجوان علمأ میں سے ہیں جن کو اصلاح معاشرہ اور تربیت انسانی کا خاص ذوق وملکہ ہے‘ یہی وجہ ہے کہ ہ اس ضرورت کی طرف ہمہ وقت متوجہ رہتے ہیں۔ پیش نظر کتاب بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں ہمارے معاشرے کے سب سے زیادہ ضروری اور خطرناک مسئلہ کو حل کرنے اور میاں بیوی کے باہمی الفت ومحبت اور زوجین کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور ایک بیوی کے فرائض وذمہ داریوں کو نہایت خوبصورت انداز میں مرتب کیا گیا ہے۔ ہمارے خیال میں اگر کوئی خاتون اس کتاب کو پڑھ کر ہضم کرلے تو وہ کبھی اپنے گھر کو خراب کرنے یا شوہر سے لڑنے کی غلطی نہیں کرے گی۔ ضروری ہے کہ اس کتاب کو عا م کیا جائے اور تمام مسلمان بچیاں اس کو پڑھیں اور شادی شدہ جوڑے روزانہ اس کی تعلیم کیا کریں۔
اشاعت ۲۰۰۸ ماہنامہ بینات , ربیع الاول ۱۴۲۹ھ اپریل ۲۰۰۸ء, جلد 71, شمارہ 
Flag Counter