Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی شعبان المعظم۱۴۲۷ھ ستمبر۲۰۰۶ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)
فتنہٴ قادیانیت کو پکڑیئے:
تحقیق وتدوین محمد طاہر عبد الرزاق‘ صفحات ۲۰۱‘ قیمت: ۹۰ روپے پتہ: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان۔ پیشِ نظر کتاب متعدد اہلِ قلم اور اربابِ علم کے مختصر ومتنوع مضامین ومقالات کا مجموعہ ہے‘ چنانچہ مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی‘ حضرت پیر مہر علی شاہ گولڑوی‘ شبیر حسین شاہ ‘ مولانا محمد شریف جالندھری‘ مولانا محمود احمد رضوی‘ مولانا منظور احمد الحسینی‘ مولانا شبیر احمد عثمانی‘ مفتی غلام مرتضی‘ مولانا مرتضی حسن چاندپوی‘ مولانا انور فاروقی‘ محمد انور قریشی‘ مولانا تاج محمد‘ علامہ سید سلیمان ندوی‘ علامہ ڈاکٹر خالد محمود‘ مولانا مشتاق احمد‘ محمد خالد کشمیری‘ محبوب حسن واسطی اور مولانا مفتی نظام الدین شامزی ایسے متفرق حضرات کے منتخب مضامین کو انہوں نے ہو بہو نقل کردیا ہے۔ غالباً ایک بار پہلے بھی میں نے عرض کیا تھا کہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ایک خالص علمی اور دینی ادارہ ہے‘ اور حضور ا کی ختم نبوت کے تحفظ ایسے مقدس مشن پر کام کرتاہے تو ا س کواپنی مطبوعات یا ٹائٹل پر جاندار کی تصاویر ایسے قبیح غیر شرعی فعل کا ارتکاب نہیں کرنا چاہئے‘ اگر ان کے نام سے کوئی بندہ خدا ان کی لاعلمی میں ایسا کرتا ہے تو اس کے سدِباب کا انتظام کرنا چاہئے‘ زیرِ تبصرہ کتاب کے ٹائٹل پر سانپوں کی متعدد تصاویر ہیں جو قطعاً نامناسب ہے۔,
جو ختم نبوت پہ فدا تھے:
محمد طاہر عبد الرزاق‘ صفحات: ۲۰۸‘ قیمت: ۹۰ روپے‘ پتہ: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان۔ پیشِ نظر کتاب میں جیساکہ نام سے ظاہر ہے ان اکابر واصاغر‘ گمنام ونام ور مجاہدین اور فدایانِ ختم نبوت کے کارناموں اور ارشادات کو جمع کیا گیا ہے۔ بلاشبہ ان حضرات کی مساعی اور جد وجہد کو پڑھ کر جذبہ تحفظ ختم نبوت میں ایک پرجوش ولولہ اور ایمان کو تازگی ملتی ہے‘ یہ کتاب عوام وخواص اور علمأ وطلبہ سب کے لئے یکساں مفید ہے‘ مرتب نے اپنی طرف سے کچھ کہنے کے بجائے تاریخ کے متفرق اوراق سے گلہا سر سبد یکجا جمع کرکے ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔
تمباکو اور اسلام:
حضرت مولانا حفظ الرحمن اعظمی ندوی‘ صفحات :۱۶۱‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: بیت العلم ٹرسٹ ۳۰‘ جی اسٹوڈنٹ بازار نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔ پیشِ نظر کتاب جیساکہ نام سے ظاہر ہے‘ تمباکو اور نشہ آور اشیأ سے واقع ہونے والی معاشی‘ معاشرتی اور سماجی بگاڑ کی علمی موشگافیوں پر مشتمل ہے‘ اسی طرح اس میں نشہ آور اشیأ خصوصاً تمباکو کی حقیقت اس کا حکم اور فقہی دلائل کی تحقیق پر مشتمل ہے‘ کتاب بلاشبہ ہرخاص وعام اور اربابِ افتأ کے لئے ایک خاصے کی شے ہے۔
مقالاتِ تصوف:
حصہ اول ودوم‘ افادات: حکیم الامت مجدد طریقت حضرت مولانا محمد اشرف علی تھانوی قدس سرہ‘ ترتیب: جناب صوفی محمد اقبال قریشی صاحب‘ صفحات: ۳۰۴‘ قیمت: ۷۵ روپے پتہ: ادارہ تالیفات اشرفیہ جامع مسجد تھانے والی ہارون آباد ضلع بہاول نگر۔ پیشِ نظر کتاب جیساکہ نام سے ظاہر ہے‘ تصوف کے مقالات پر مشتمل ہے‘ حصہ اول حضرت تھانوی کے ملفوظات کی روشنی میں اسرارِ تصوف کو بیان کیا گیا ہے‘ جبکہ دوسرے حصہ میں تصوف سے متعلق حضرت تھانوی کے مقالات سے استفادہ کیا گیا ہے،بلاشبہ کتاب‘ اصلاح وارشاد اور سلوک واحسان کے اعتبار سے طلبہ اور خصوصاً عام مسلمانوں کے لئے بے حد مفید ہے۔
حواّ کے نام:
مولانا مفتی محمد اسماعیل طورو‘ صفحات: ۴۸۱‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: شعبہ نشر واشاعت جامعہ اسلامیہ صدر کامران مارکیٹ راولپنڈی۔ اس کتاب میں عورت ومرد کے مسائل ‘ ان کا مقام‘ پردہ‘ اس کی اہمیت‘ عصری اور دینی تعلیم‘ خواتین کے مخصوص مسائل‘ لیڈی ڈاکٹروں کے معاملات‘ سیر وتفریح‘ خواتین کی ملازمت کے مسائل‘ چادر وچار دیواری‘ خواتین کا دائرہ کار‘ سیاست وحکمرانی‘ دعوت وتبلیغ وجہاد اور جلسے جلوس اور دھرنوں میں شرکت ایسے موضوع وغیرہ کو قرآن وسنت اور غیر مسلم مفکرین کے حوالوں سے مزین کیا گیا ہے‘ کتاب پر امام المجاہدین حضرت مولانا مفتی نظام الدین شامزی شہید کی تقریظ اس کی ثقاہت کے لئے کافی ہے۔
اسم محمد صلی اللہ علیہ وسلم:
ترتیب وتحقیق: ابو محمد عبد المالک‘ صفحات: ۱۳۶‘ قیمت:درج نہیں‘ پتہ: مکتبہ الرازی دوکان نمبر:۲‘ سلام مارکیٹ‘ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔ کتاب میں جیساکہ نام سے ظاہر ہے آقائے دوعالم حضرت محمد ا کے اسم گرامی ”محمد“ کا دل ربا تذکرہ ہے جو بلاشبہ عاشقِ زارامتیان محمد کے لئے نرالہ اور محبوب تحفہ ہے‘ جس میں آپ اکے اسمائے گرامی: محمد واحمد کے فضائل وتاثیرات‘ ایمان افروز حکایات‘ دل چسپ لطائف کے علاوہ وجد آفرین اشعار شامل ہیں‘ بلاشبہ اپنے انداز کی یہ دل چسپ کتاب ہے۔
مثالی استاذ حصہ دوم:
مولانا محمد حنیف عبد المجید سابق استاذ ورفیق دار الافتأ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کراچی‘ صفحات: ۴۴۶‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: مکتبہ بیت العلم ٹرسٹ گوالی لین نمبر ۳‘ نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔ ہمارے دوست مولانا محمد حنیف صاحب موفق للخیر ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ان کو معاشرہ کی اصلاح کے کاموں کے لئے منتخب فرمایاہے‘ ان کے اسی جذبہ کی برکت ہے کہ انہوں نے مثالی دلہن ‘ مثالی شوہر‘ مثالی ماں‘ مثالی باپ اور مثالی استاذ ایسی مفید عام کتب مرتب فرمائی ہیں‘ ان کے اخلاص کی برکت ہے کہ ان کی تخلیقات کو عوام وعلمأ میں یکساں مقبولیت حاصل ہے۔ پیشِ نظر کتاب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے‘ جس کا حصہ اول شائع ہوکر قبولِ عام حاصل کرچکا ہے‘ یہ اس کا دوسرا حصہ ہے‘ جس میں استاذ بحیثیت مربی‘ دوست‘ روحانی باپ‘ استاذ کا مقام ومرتبہ‘ استاذ کی فضیلت اور بہترین استاذ کی صفات کو سلیقہ سے بیان کیا گیاہے۔ کتاب دینی مدارس اور اسکول وکالج کے اساتذہ اور معلمات کے لئے یکساں مفید ہے۔
معجم الطلاب اللغة العربیة:
د۔یوسف شکری فرحات‘ صفحات:۷۶۵‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: بیت العلم ٹرسٹ ۳۰-جی‘ اسٹوڈنٹ بازار نزد مقد س مسجد اردو بازار کراچی۔ یوں تو زمانہ قدیم سے نفیس عربی لغات نہایت کثرت سے وجود میں آچکی ہیں اور ان میں سے بعض اپنی اہمیت‘ افادیت اور جامعیت کے اعتبار سے لاجواب اور حرف آخر کا درجہ رکھتی ہیں‘ جیسے جوہری کی صحاح‘ ابن منظور کی لسان العرب‘ فیروز آبادی کی قاموس المحیط اور مرتضی زبیدی کی تاج العروس وغیرہ ہرایک اپنی جگہ بے مثال ہے‘ مگر ان سب سے بنیادی طور پر طبقہ علمأ ہی کما حقہ اخذ واستفادہ کرسکتے ہیں‘ ابتدائی یا وسطانی طلبہ ان سے کما حقہ مستفید نہیں ہوسکتے یا پھر ان کے مطلب اور ضرورت کی چیزیں ان کو وہاں سے تلاش کرنے میں دقت پیش آتی تھی‘ ضرورت تھی کہ طلبہ کی ضرورت اور ان کی استعداد کے مطابق ایسی کوئی لغت مرتب ہو جو ان کے لئے کار آمد اور مفید ہو اور اس سے اخذ واستفادہ بھی آسان ہو۔ پیشِ نظر لغت ”معجم الطلاب“ اسی ضرورت کی تکمیل ہے جو بلاشبہ لغت عربی اور درس نظامی کے طلبہ کے لئے از مفید ہے‘ جس میں آسان انداز میں متعلقہ لفظ کا ماخذ اور مختلف ابواب واوزان کی شکل میں ان کے اختلافِ معانی کی طرف اشارہ کردیا گیاہے۔ امید ہے طلبہ اس سے بھر پور نفع حاصل کرنے کی کوشش کریں گے‘ مکتبہ بیت العلم کے اربابِ حل وعقد اس علمی ادبی خدمت پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔
تذکروہ وسوانح حضرت مولانا سید اسعد مدنی :
مرتب :مولانا عبد القیوم حقانی،صفحات :۵۲۰ ،قیمت :۲۵۰روپے ، پتہ :القاسم اکیڈمی ، جامعہ ابوہریرہ برانچ پوسٹ آفس ، خالق آباد ، ضلع نوشہرہ ،سرحد ،پاکستان۔ پیش نظر کتاب ماہنامہ ”القاسم“ کی آٹھویں خصوصی اشاعت ہے، اور غالبا پاکستان میں مولانا اسعد مدنی رحمہ اللہ کی زندگی کے گوں ناگوں پہلو وٴں پر مشتمل یہ پہلی کتاب ہے ، جو کہ درحقیقت پاک وہند کے مختلف رسائل ومجلات میں مولانا اسعدمدنی رحمہ اللہ پر لکھے گئے مضامین کا مجموعہ ہے ،جو کل چودہ ابواب پرمشتمل ہے 
Flag Counter