Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاخریٰ۱۴۲۷ھ جولائی۲۰۰۶ء

ہ رسالہ

9 - 9
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)

حجاب،پردہ کے شرعی احکام:
ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن مدنی مدظلہ‘ صفحات:۱۵۰‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: کتب خانہ مظہری‘ گلشن اقبال:۲‘ کراچی۔
پردہ شرعی حکم‘ عفت کا ضامن اور مسلمان خواتین کا شعار اور پہچان‘ مگر شومئی قسمت کہ اب مغرب کی نقالی میں مسلمان خواتین پردہ سے بے نیاز ہوتی نظر آرہی ہیں‘ اس سلسلہ میں جہاں اور بہت سے اکابر نے تصنیفات فرمائی ہیں‘ وہاں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی قدس سرہ کے خادم وتربیت یافتہ حضرت اقدس ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن صاحب نے بھی اس پر دلائل سے مزین رسالہ تصنیف فرمایاہے‘ جس پر اکابر کی تقریظات ثبت ہیں چنانچہ حکیم العصر حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہید اس پر تقریظ لکھتے ہوئے فرماتے ہیں:
”مستورات کے لئے حجاب وستر کا حکم قرآن وسنت کے نصوص صریحہ سے ثابت اور قریباً تمام اہل حق کے نزدیک متفق علیہ ہے‘ عقل سلیم بھی اسی کی متقاضی ہے: لیکن بفحوائے ارشاد ربانی: ”ویرید الذین یتبعون الشہوات ان تمیلوا میلاً عظیماً“ بہت سے لوگ پردہ شرعی پر طرح طرح نکتہ چینیاں کرتے ہیں‘ جس سے اصل مقصود اتباع شہوات ہے‘ اس لئے اکابر امت نے اس موضوع پر متعدد رسائل تالیف فرمائے ہیں۔ ہمارے مخدوم محترم جناب ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن المدنی کا یہ رسالہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں بہت عام فہم انداز پر مسائل حجاب کی تشریح وتفصیل کی گئی ہے‘ اس ناکارہ نے جستہ جستہ اس رسالہ کا مسودہ دیکھا‘ ماشاء اللہ اکابرکی تحریرات کی روشنی میں اس مسئلہ کو خوب منقح فرمایاہے“۔(ص:۸)خلاصہ یہ کہ ہراعتبار سے یہ رسالہ لائق مطالعہ ہے۔
حق چار یار قائد اہل سنت حضرت مولاناقاضی مظہر حسین نمبر
ترتیب وتدوین: حافظ زاہد حسین رشیدی‘ صفحات: ۱۳۷۶‘قیمت: رعایتی:۲۲۵ روپے پتہ: دفتر ماہنامہ حق چار یار‘ متصل جامع مسجد میاں برکت علی زیلدار روڈ اچھرہ‘ لاہور۔ قائد اہل سنت حضرت مولانا قاضی مظہر حسین قدس سرہ کی ہمہ گیر شخصیت اور متنوع خدمات‘ ان کی عظمت ورفعت اور گیرائی وگہرائی کا تقاضا تھا کہ ان کے اخلاف ان کی شخصیت وخدمات سے نئی نسل اور بعد میں آنے والی نسل کو متعارف کراتے‘ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے حضرت قاضی صاحب قدس سرہ کے تربیت یافتہ خدام کو جنہوں نے اس ذمہ داری کا احساس کیا اور اس خدمت کو حضرت مرحوم کے شایان شان نبھایا‘ چنانچہ دیر آید درست آید کے مصداق اگرچہ اشاعت خاص میں کسی قدر تاخیر ہوگئی‘ مگر حضرت قاضی صاحب کی حیات وخدمات پر بہت ہی عمدہ دستاویز مرتب ہوکر سامنے آگئی ہے ۔ ماشأ اللہ ملک بھر کے قریب قریب تمام اہل علم واصحاب قلم کے مضامین وتاثرات آگئے ہیں،میں ماہنامہ حق چار یار کے ذمہ داران کو اور خصوصاً حضرت قاضی صاحب کے جانشینان کو اس عمدہ اور حسین سعی وکوشش پر مبارک باد دیتاہوں‘ خداکرے یہ دستاویز لکھنے‘ پڑھنے والوں کی مغفرت اور آنے والی نسلوں کے لئے ذریعہ ہدایت اور حضرت قاضی صاحب کے لئے ترقی درجات کا باعث بنے ‘ آمین۔
اشاعت ۲۰۰۶ ماہنامہ بینات, جمادی الاخریٰ۱۴۲۷ھ جولائی۲۰۰۶ء, جلد 69, شمارہ 
Flag Counter