Deobandi Books

افادات محمود - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

22 - 60
دوسرے یہ کہ مثل دیگر صفاتِ کمالیہ حق تعالیٰ کی رحمت بھی غیر متناہی اور تمام مخلوقات کو حاوی ہے وَرَحْمَتِيْ وَسِعَتْ کُلَّ شَيْئٍ خود اُس کا ارشادِ صریح موجود ہے۔ دوسرے موقع پر کلامِ الٰہی میں مذکور ہے:
{قَالَ رَبُّنَا الَّذِیْٓ اَعْطٰی کُلَّ شَیْئٍ خَلْقَہٗ ثُمَّ ہَدٰیO}1 (1 طہ: ۵۰) 
یعنی خالق، عالم، خبیر و حکیم، رحیم و کریم نے جملہ مخلوقات کو اُن کے مناسبِ شان و مطابقِ حال اوّل تو صورت و شکل و دیگر اوصاف و قویٰ عنایت فرمائے اُس کے بعد ہر ایک مخلوق کو ان اوصاف و قویٰ سے جو کہ خالق حکیم نے اُن میں ودیعت رکھ دیئے تھے کام لینے اور نفع اُٹھانے کے طریقے سمجھا دیئے۔ فَسُبْحَانَہ جَلَّ جَلَالَہُ مَا عَمَّ رَحْمَۃُ وَنَوَالُہ، وَمَا أَحْسَنَ مَا قَالَ الْعَارِفُ:
جلوۂ کرد رُخش روزِ ازل زیرِ نقاب
عکسے از پرتو آں بر رخ افہام اُفتاد
این ہمہ عکس میے و نقش مخالف کہ نمود
یک فروغِ رُخِ ساقیست کہ در جام افتاد
پاک بین از نظرِ پاک بمقصود رسید
احول از چشمِ دوبین در طمع خام افتاد
جب حکمت و رحمتِ الٰہی دونوں کا عموم و شمول بہ نسبت جملہ مخلوقات معلوم ہوچکا تو ہر ایک سلیم الطبع خود معلوم کرلے گا کہ انسان جس کا کہ اشرف المخلوقات ہونا مسلم ہوچکا ہے اس کے برابر نہ کوئی مظہرِ حکمت ہوسکتا ہے نہ مظہر ِرحمت۔ اور یہ بات یوں بھی تو ظاہر اور بدیہی ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ جب بادشاہِ وقت کو کوئی مہم یا بھاری کام پیش آتا ہے، مثلاً کسی ولایت کو اپنے تصرف میں لانا چاہتا ہے یا کسی ملک کو کسی مخالف سرکش کی دست بُرد سے بچانا چاہتا ہے یا اہلِ ظلم و اہلِ فساد و اہلِ بغاوت کے اثر سے ملک کو پاک کرنا اور پاک رکھنا مطلوب ہے اور اس مہمِ عظیم کا کام لینا اپنے خلیفہ اور نائب سے مقتضائے مصلحت ہوتا ہے تو اوّل تو بادشاہ بیدار مغز اپنے مقربین اور خواص اور خواص میں سے اُس کو اس مہم کو انجام دہی کے لیے منتخب اور مقرر کرتا ہے جو ہر طرح سے لائق اور قابلِ اطمینان اور جماعتِ مقربین میں سب پر افضل و ممتاز سمجھا جائے۔
دوسرے اس مہمِ عظیم کی انجام دہی کے لیے جس قدر لشکر اور سامان اور نقد و جنس وغیرہ کی ضرورت سمجھی جاتی ہے بے تأمل خزائنِ شاہی سے وہ چیزیں امیر ِمذکور کو عطا فرمائی جاتی ہیں اور جملہ لشکر اور تمام انتظامات پر اُس کو اختیاراتِ کلی دے کر اور سب کو اُس کا محکوم اور ما تحت بنا کر بعد عطائے سند و خطاب مہمِ عظیم کی انجام دہی کے لیے بھیجا جاتا ہے۔

x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
2 وحی اور اُس کی عظمت 2 1
3 لَا إِیْمَانَ لِمَنْ لَا أَمَانَۃَ لَہٗ 19 1
Flag Counter