Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی رجب المرجب 1431ھ

ہ رسالہ

13 - 18
***
اخبار جامعہ
مفتی معاذ خالد
حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب کا سانحہٴ ارتحال
بروز بدھ 20 جمادی الأولیٰ، بمطابق 5 مئی 2010بعد نماز مغرب، قطب الاقطاب، شیخ المشائخ، سلسلہٴ عالیہ نقشبندیہ مجددیہ کے سرخیل، امام الاولیاء والاتقیاء، خانقاہ سراجیہ کندیاں شریف کے سجادہ نشین، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر مرکزیہ، خواجہٴ خواجگان، حضرت مولاناخواجہ خان محمد صاحب نور اللہ مرقدہ ملتان شہر میں 90 سال کی عمر میں انتقال فرماگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اس روح فرسا خبر نے تمام اساتذہ وطلبہ کو مغموم وافسردہ کر دیا چناں چہ سب ہی نے دعائے مغفرت کا اہتمام کیا۔
اساتذہٴ جامعہ کا ماہانہ اجلاس
جمعرات 21 جمادی الأولیٰ کو اساتذہ جامعہ کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا، اجلا س کی صدارت حضرت ناظم اعلیٰزید مجدہ نے فرمائی۔ اجلاس میں تعلیمی اور مختلف انتظامی اُمور پر تبادلہٴ خیال ہوا۔ اساتذہٴ جامعہ نے کئی اہم اُمور سے متعلق اپنی اپنی آراء کا اظہار کیا۔
حضرت شیخ الحدیث کا سفر
بروز جمعرات 21 جمادی الأولیٰ، بمطابق 6 مئی 2010 حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان دامت برکاتہم العالیہ، مولانا عبید اللہ خالد صاحب مدظلہ اور راقم حضرت مولاناخواجہ خان محمد صاحب نور اللہ مرقدہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے۔ نماز جنازہ سے فراغت کے بعد خانقاہ سے متصل مدرسہ سعیدیہ میں آرام فرمایا۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد حضرت راولپنڈی تشریف لے گئے۔
بروز جمعہ 22 جمادی الأولیٰ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد حضرت شیخ الحدیث راولپنڈی سے پشاور کے لئے روانہ ہوئے، جہاں گورنر صوبہ خیبر پختونخواہ جناب اویس غنی سے ملاقات ہوئی۔ اور سوات آپریشن میں شہید ہونے والی مساجداورمدارس کی تعمیر نَو سے متعلق اہم امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
اس کے بعد صدر وفاق المدارس العربیہ حضرت شیخ الحدیث مولانا سیلم اللہ خان صاحب ، نائب صدر حضرت مولانا انوار الحق صاحب اور ناظمِ اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب ودیگر کے ہمراہ پشاور میں واقع ”کلیہ امام ابو حنیفہ للغة العربیہ“ کا دورہ کیا۔ ”کلیہ“ کے نگران مولوی محمد ظاہر شاہ صاحب نے ”کلیہ“ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی روشنی ڈالی اور آخر میں وفاق المدارس العربیہ کے حضرات سے یہ درخواست کی کہ ”کلیہ امام ابو حنیفہ“ کا وفاق المدارس کے ساتھ الحاق کردیا جائے۔ چنانچہ طویل مشاورت کے بعد اس ”کلیہ“ کے الحاق کا فیصلہ وفاق کی مجلس عاملہ کے سپرد کیا گیا۔
اس کے بعد صدرِ وفاق المدارس حضرت مولانا سلیم اللہ خان صاحب مدظلہم چارسدہ کے لئے روانہ ہوئے۔ جہاں جامعہ کے سابق استاذ مولانا آدم خان صاحب کیمیزبانی میں قیام فرمایا۔
اگلے دن بروز ہفتہ 23 جمادی الاولیٰ چارسدہ میں واقع ”جامعة السلیم“ تشریف لے گئے۔ وہاں منعقدہ جلسے کی صدارت فرمائی۔ اپنے مختصر خطاب میں حضرت اقدس نے مدارسِ دینیہ کی اہمیت اور موجودہ دور میں علمائے کرام پر عائد ذمہ داریوں کا تذکرہ فرمایا۔
بعد ازاں حضرت شیخ الحدیث چارسدہ سے ایبٹ آباد کے لیے روانہ ہوئے۔ اور مولانا حبیب الرحمان صاحب کے مدرسہ میں ”علماء طلباء کنونشن“ سے خطاب فرمایا۔ کنونشن کے بعد ایبٹ آباد اور گردونواح سے حضرت کے متعلقین اور جامعہ کے فضلاء وقتاً فوقتاً حضرت سے ملاقات کے لئے تشریف لاتے رہے۔
بروز اتوار 24 جمادی الاولیٰ ایبٹ آباد کی عید گاہ میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے فتنہٴ قادیانیت اور ختم نبوت میں علماء کے کردار پر حضرت شیخ الحدیث مدظلہم نے تفصیلی روشنی ڈالی۔ کانفرنس کے اختتام پر حضرت راولپنڈی روانہ ہوگئے۔ دوران سفر ہری پور میں عصر کی نماز ادا کی، مختصر قیام کے بعد اپنی منزل کی طرف روانہ ہوئے اور عشاء کی نماز سے قبل ”جامعہ فاروقیہ دھمیال کیمپ“ بعافیت پہنچ گئے۔ عشاء کی نماز سے فراغت کے بعد جامعہ محمدیہ کے رئیس دار الافتاء اور جامعہ فاروقیہ کراچی کے سابق استاذ مفتی سیف الدین صاحب حضرت سے ملاقات کے لئے تشریف لائے اور مختلف امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
بروز پیر 25 جمادی الاولیٰ بعد نماز فجر حضرت شیخ الحدیث نے جامعہ فاروقیہ دھمیال کیمپ کے مہتمم قاضی عبد الرشید صاحب کی درخواست پر طلبہ دورہٴ حدیث کو بخاری شریف کا درس دیا اور آخر میں شرکاء دورہٴ حدیث کو اجازت حدیث بھی مرحمت فرمائی۔
بعد ازاں تقریباً 10 بجے اسلام آباد ائیر پورٹ کی طرف روانہ ہوئے۔ ائیر پورٹ پہنچ کر مولانا حبیب الرحمان صاحب نے حضرت کے لئے VIP لاوٴنج میں انتظام کروایا، جہاں سے حضرت واپس کراچی کی طرف روانہ ہوئے۔ اس طرح دوپہر ساڑھے بارہ بجے حضرت شیخ الحدیث مدظلہم، والد محترم حضرت مولانا عبید اللہ خالد صاحب مدظلہ اور راقم بخیر وعافیت جامعہ فاروقیہ کراچی واپس پہنچ گئے۔
مہمانوں کی جامعہ آمد
بروز پیر 25 جمادی الاولیٰ خطیب جامع مسجد صدیق اکبر حضرت مولانا او رنگ زیب فاروقی صاحب جامعہ فاروقیہ تشریف لائے اور ناظمِ اعلیٰ مدظلہ سے مختلف امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
بروز پیر 10جمادی الثانیہ جامعہ احسن العلوم کراچی کے مہتمم حضرت مولانا مفتی زر ولی خان صاحب مدظلہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہم سے ملاقات کے لئے تشریف لائے۔ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہٴ خیال کیا۔
بروز اتوار 16 جمادی الثانیہ حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ، مولانا عبید اللہ خالد صاحب علی الصبح حیدر آباد کی قدیمدینی درسگاہ جامعہ مفتاح العلوم تشریف لے گئے۔ جہاں جامعہ مفتاح العلوم کے منتظم حضرت مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن صاحب نے حضرت کو دار الحدیث کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیا تھا۔
وفاق کے مسئولین کا اجلاس
بروز اتوار 16 جمادی الثانیہ حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ، مولوی عمار خالد سلمہ اور مولانا طلحہ رحمانی وفاق کے مسئولین کے اجلاس میں شرکت کے لئے لاہور روانہ ہوئے۔ جو بروز پیر 17 جمادی الثانیہ کو مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب کے مدرسہ ”جامعة الخیر“ میں منعقد ہوا۔
بروز منگل 18 جمادی الثانیہ کو حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اور مولوی عمار خالد سلمہ بخیر وعافیت واپس کراچی پہنچ گئے۔
تقریب سنگ بنیادجامع مسجد القمر
19 جمادی الثانیہ 1431ھ مطابق2 جون2010ء بروزبدھ جامع مسجد القمر، احسن آباد، بلاک نمبر3، کراچی کا سنگ بنیاد استاذ العلماء شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ، بانی جامعہ فاروقیہ کراچی، صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے دیگر اکابر علماء کے ہمراہ نصب فرمایا اور دعا فرمائی۔

Flag Counter