Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاخریٰ ۱۴۳۲ھ -جون ۲۰۱۱ء

ہ رسالہ

12 - 12
نقدونظر !
نقدونظر
نوٹ
(تبصرے کے لیے کتاب کےدونسخوں کا آناضروری ہے)
زاد المتقین:
مولانا محمد احمد صاحب، صفحات: ۱۲۸، قیمت: درج نہیں، ناشر: دار العصر کراچی فون: ۰۳۳۳۳۳۹۶۶۵۳-۰۳۲۱۲۱۱۸۸۰۱
زیر تبصرہ کتاب میں اسماء الحسنیٰ، منتخب جنت کی کنجی، چالیس دعائیں ، چالیس احادیث منتخب تعلیم الاسلام، آداب کا بیان،انوار الدعا اور مسائل ضروریہ کو بیان کیاگیا ہے ۔کتاب کے شروع میں حضرت مولانا ڈاکٹر عبد الرزاق اسکندرصاحب، حضرت مولانا محمد یحیٰ مدنی صاحب، حضرت مولانا مفتی عبد المجید دین پوری صاحب اور حضرت مولانا قاری شریف دامت برکاتہم جیسے اکابر کی تقریظات ثبت ہیں۔
یہ کتاب جس طرح مبتدی طلبہ اور طالبات کے لئے ضروری اور مفید ہے ، اسی طرح بڑی عمر کے افراد کے لئے بھی لائق مطالعہ اور بے حد مفید ہے۔
اشاریہ ماہنامہ القاسم
مرتب: شاہد حنیف، صفحات: ۲۱۸، قیمت: درج نہیں، ناشر: مولانا عبد القیوم حقانی، مہتمم اعلیٰ القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد نوشہرہ۔
موجودہ زمانہ تصنیف وتالیف کا زمانہ ہے ایک ایک موضوع پر کئی کئی کتب اور رسائل طبع ہوچکے ہیں خصوصاً دینی رسائل میں سے ہر ہر رسالہ میں کئی ایک موضوع پر لکھا جاتا ہے، کسی رسالہ میں اپنے موضوع کو تلاش کرنا ایک مشکل امر ہوتا ہے، کتابوں اور رسائل کے اشاریئے اسی مشکل کو حل کرنے کے لئے تیار کئے جاتے ہیں۔ اس اشاریہ کا خلاصہ ان الفاظ میں پیش کیاگیا ہے:
”ماہنامہ القاسم کے ۱۳ سال میں شائع ہونے والے ۱۲۸ شماروں کے ۱۰۶۲۶ صفحات میں ۶۰۰ مصنفین کے ۲۵۰۰ مقالات ونگارشات اور ۱۰۰۰ کے قریب کتابوں پر تبصروں کا ۱۰۰ موضوعات پر مشتمل اشاریہ“۔
اس کے علاوہ موضوعات کی فہرست حروف تہجی کے اعتبار سے آخر میں دی گئی ہے، تاکہ موضوع کی تلاش میں آسانی ہو۔
اللہ تعالیٰ مرتب، ناشر اور جملہ معاونین کی اس کاوش کو قبول فرمائے۔
محمدا قرآن کے آئینے میں
حافظ محمد بدرعالم، صفحات:۳۰۸، قیمت: درج نہیں ،ناشر:مکتبہ حمادیہ عقب جنرل بس اسٹینڈ اٹک شہر فون:۰۵۷۲۷۰۲۷۰۲
زیر تبصرہ کتاب میں حضورا کی سیرت مطہرہ کو قرآن کریم کی روشنی میں افراط وتفریط سے ماورا اعتدال کی راہ اپناتے ہوئے بڑے سوز وگذار اور دل نشین انداز میں تحریر کی گئی ہے، اس کی ادنیٰ جھلک مؤلف موصوف کے اس اقتباس میں محسوس کی جاسکتی ہے۔ لکھتے ہیں:
”آپ کے نام لیوا آپ کی محبت وتعظیم میں اس قدر افراط وتفریط کا شکار ہوجائیں، نہایت افسوس کا مقام ہے۔ قرآن کا سہارالے کر صاحب قرآن کا انکار کیا جاتا ہے، کتاب اللہ کی آڑ لے کر سنت رسول اللہ کی تشریعی حیثیت پر حرف گیری کی جاتی ہے۔
عشق ومحبت کے راستے شرک وبدعت کو فروغ دیا جاتا ہے، کوئی صیغہ خطاب سے درود پڑھنا علامة القوم سمجھتا ہے اور اس کا ترک گستاخی قرار دیتا ہے تو دوسری طرف درود میں سید ومولیٰ کے اضافے سے کسی کی توحید لٹ جاتی ہے۔ ایک طبقہ آپ ا سے شرف انسانیت چھیننا عین ایمان سمجھتا ہے اور دوسرا آپ ا کے تبرکات سے برکت حاصل کرنا بھی جرم قرار دیتا ہے… ایک کے نزدیک آپ گناہ معاف کرنے کے بھی مجاز ہیں اور دوسرے کے نزدیک آپ ا سے توسل واستشفاع بھی جرم عظیم ہے۔ کسی کے نزدیک آپ ا کا جسم اطہر معاذ اللہ جماد محض ہے اور کسی کے نزدیک پوری دنیا روضہ منورہ میں مثل کف دست آپ ا کے سامنے ہے…“
خلاصہ یہ کہ مؤلف نے بہت ہی عمدہ پیرائے میں پوری کتاب کو دلائل سے مبرہن کرکے تالیف کیا ہے۔ امید ہے کہ باذوق حضرات اس کتاب کی خوب قدر دانی فرمائیں گے ۔
تحفة القاری بحل ما فی صحیح البخاری جلد دوم
مولانا محمد یوسف مدنی، صفحات: ۵۰۴ ، قیمت: درج نہیں، ناشر: مکتبہ الشیخ ۳/۴۴۵ بہادر آباد، کراچی۔
اس سے پہلے مؤلف موصوف نے اس کی پہلی جلد مکمل کی تھی، جس کا تبصرہ چند ماہ پہلے بینات کے صفحات پر آچکا ہے۔
زیر تبصرہ کتاب طالبات صحیح بخاری کے نصاب میں شامل کتاب بدء الخلق اور کتاب الانبیاء کی تشریح وتفصیل پر مشتمل ہے ،جسے مؤلف نے بڑی محنت ، لگن اور محبت کے ساتھ قلمبند کیا ہے، اس کتاب میں مندرجہ ذیل خصوصیات کا اہتمام کیا گیا ہے:
۱:․․․معرب متن،
۲:․․․ سلیس ترجمہ
،۳:․․․ الفاظ مشکلہ کی توضیح،
۴:․․․نفس حدیث کے حل پر خصوصی توجہ،
۵:․․․تراجم بخاری پر پُر مغز کلام،
۶:․․․ ضروری متعلقہ مسائل وفوائد کی وضاحت ۔
کتاب کی ابتداء میں شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد المجید دامت برکاتہم العالیہ ،امیر مرکزیہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی تقریظ بھی ثبت ہے ،جو خود اس کتاب کی ثقاہت کی بڑی دلیل ہے۔ یہ کتاب درجہ عالمیہ کی طالبات کے علاوہ دورہ حدیث کے طلبہ اور علماء کے لئے بھی خاصے کی شے ہے۔
اشاعت ۲۰۱۱ ماہنامہ بینات , جمادی الاخریٰ:۱۴۳۲ھ -جون: ۲۰۱۱ء, جلد 74, شمارہ 
Flag Counter