Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی رمضان،شوال ۱۴۲۹ھ اکتوبر۲۰۰۸ء

ہ رسالہ

12 - 12
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دو نسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)
تعمیر شخصیت کے رہنما اصول
حافظ محمد ہارون معاویہ‘ صفحات: ۵۲۰‘ قیمت: ۲۵۰۔ناشر: زم زم پبلشرز‘
پیش نظر کتاب حافظ محمد ہارون معاویہ کی تالیف کردہ ہے‘ یہ کتاب تقریباً آٹھ سو صفحات پر مشتمل اس سے پہلے شائع ہوچکی ہے‘ اب مؤلف نے اس کی تلخیص کرکے اس کو مزید کار آمد بنانے کی کوشش کی ہے۔پچیس عنوانات پر مشتمل راہنما اصول جن میں نمایاں طور پر تعمیر شخصیت اور خود اعتمادی‘ تعمیر شخصیت اور جذبات کے صحیح استعمال کی طاقت‘ تعمیر شخصیت اور وقت ‘ دیانت‘ محنت اور مسرت کی طاقت کے مضامین ہیں۔
فاضل مؤلف کو چونکہ کھلے دل سے اس بات کا اعتراف ہے، جیساکہ انہوں نے لکھا ہے کہ:
” یہ کتاب کوئی میری ذاتی تصنیف نہیں ہے ‘ بلکہ اپنے اکابر علماء کرام اور ماہرین نفسیات کی کتابوں سے استفادہ کرکے آسان اورسہل انداز میں ایک مجموعہ مرتب کرنے کی ادنیٰ سی کوشش ہے“۔ لہذا ایسی فلسفیانہ عبارات جو بنیادی عقیدہ کے خلاف ہیں، ایک عام قاری کو کو تشویش میں مبتلا کر سکتی ہیں۔مثلاً قوت ارادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا ہے کہ:
” روئے زمین پر پیدا ہونے والی تمام معجزاتی اور کراماتی شخصیات قوت ارادی کی فیلڈکے ماسٹر ہیں،مثلاً تمام انبیاء کرام علیہم السلام کے معجزات اور اولیاء کرام کی کرامات اسی قوت ارادی کی کار فرمائیاں ہیں“۔ (ص:۶۵)
علم عقائد کے مبتدی طلباء بھی جانتے ہیں کہ معجزہ اور کرامت کے فعل میں نبی اور ولی کی قوت ارادی مؤثر نہیں ہوتی۔ حضرت مولانا بدر عالم میرٹھی نے لکھاہے: ”نصوص قرآنیہ سے ثابت ہوتا ہے کہ معجزہ خدائی فعل ہوتا ہے‘ خود رسولوں کا فعل نہیں ہوتا‘ اس کا ظہور بھی خدا تعالیٰ کے ارادہ اور مشیت پر موقوف ہوتا ہے‘ رسولوں کے ارادہ سے نہیں ہوتا‘ رسولوں میں معجزہ نمائی کی کوئی طاقت بھی نہیں ہوتی“
لہذا آئندہ ایڈیشنوں میں ایسی تمام عبارات کو ختم کردیاجائے توامت پراحسان ہوگا۔
مجموعی طور پر یہ کتاب تعمیر شخصیت کے لئے ممد ومعاون بلکہ سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ بہترین ٹائیٹل‘ عمدہ کاغذ اور معیاری کمپوزنگ سے یہ کتاب جاذب نظر اور دلکش روپ اختیار کرچکی ہے۔
اصلاح باطن کے ستر روحانی پرہیز
حافظ محمد ہارون معاویہ‘ صفحات:۶۰۰‘ قیمت:۲۶۰‘ ناشر زمزم پبلشرز کراچی۔
زیر تبصرہ کتاب اپنے نام سے ہی اپنا تعارف کراتی ہے کہ وہ ان روحانی امراض پر مشتمل ہے جو مسلم معاشرہ کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہیں‘ اور ان کے ظاہر وباطن کو کھوکھلا کررہی ہیں‘ اس کتاب میں بخل‘ لالچ‘ بے عملی‘ چوری‘ بدگمانی وغیرہ جیسے ستر کے قریب ایسے عیوب اور امراض باطنی کے مضامین کو یکجا کیا گیا ہے ،جن سے پرہیز کرنا ایک مسلمان چاہے مرد ہو یا عورت‘ فرد ہویا معاشرہ سبھی کے لئے ضروری ہے۔
مؤلف کتاب نے قرآن وسنت اور مستند علمائے دین کی تصنیفات سے چیدہ چیدہ مضامین کو ہر عنوان کے تحت خوبصورتی کے ساتھ جمع کیا ہے اور آخر میں ایسی امراض سے پرہیز کا مشورہ دینے کے ساتھ ساتھ قاری کے لئے دعا بھی کی ہے۔بہرحال کتاب ظاہری اور معنوی دونوں خوبیوں سے آراستہ ہے اور خواص وعوام دونوں کے لئے مفید ہے۔
اشاعت ۲۰۰۸ ماہنامہ بینات , رمضان،شوال: ۱۴۲۹ھ اکتوبر۲۰۰۸ء, جلد 71, شمارہ 
Flag Counter