Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی محرم الحرام ۱۴۲۹ھ فروری۲۰۰۸ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقد و نظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دو نسخوں کا آنا ضروری ہے (ادارہ)

محبوب خدا کی دل رُبا ادائیں
مولانا عبد القیوم حقانی ‘ صفحات:۱۹۷‘ قیمت:درج نہیں‘ پتہ: القاسم اکیڈمی‘ جامعہ ابو ہریرہ‘ خالق آباد‘ ضلع نوشہرہ‘ سرحد پاکستان ۔ جیساکہ نام سے ظاہر ہے یہ کتاب آنحضرت ا کے شمائل کی ایک جھلک ہے‘ جس میں شمائل ترمذی کی ۳۶ احادیث کی تشریح وتوضیح کی گئی ہے‘ چنانچہ کتاب کے اندرونی صفحہ پر اس کا تعارف یوں کرایا گیا ہے:
”حضور ا کے خوشبو کا استعمال‘ سراپائے معطر سے خوشبو کی مہک عطر بینریاں‘ امت کے لئے دستور العمل‘ پسینہ مبارک عمدہ ترین خوشبو‘ گفتگو‘ انداز بیان اور طرز تقریر‘ شیرینی گفتار‘ بشاشت‘ وتبسم‘ سرنگین آنکھیں‘ خندہ روئی وخوش طبعی‘ دل لگی‘ لطائف وظرائف‘ مزاج نبوت یا علوم ومعارف کا گنجینہ‘ ذوق شعر وادب‘ محبوب مصرعے‘ پسندیدہ اشعار‘ رات کی قصہ گوئی‘ حدیث خرافہ‘ حدیث ام زرع‘ گیارہ خواتین کی دل چسپ توصیف ازواج کی حیرت انگیز داستان وغیرہ “ ۳۶ احادیث کی توضیح وتشریح پر مشتمل ہے۔ کتاب ہر اعتبار سے لائق مطالعہ ہے۔
صدائے دل: جلد دوم
حضرت مولانا عبد اللہ صاحب کا پودروی‘ رئیس جامعہ دار العلوم فلاح دارین ‘ ترتیب: مولانا فضل محمود فلاحی ترکیسر‘ سورت‘ گجرات‘ صفحات: ۲۸۰‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: مجلس معارف کاپودرا‘ وایا انکلیشور ضلع بھروچ‘ گجرات انڈیا۔ حضرت مولانا عبد اللہ کاپودروی دامت برکاتہم گجرات کے اکابر اور اہل علم وفضل میں سے ہیں‘ ایک عرصہ تک گجرات میں دینی خدمات انجام دیتے رہے‘ آج کل موصوف کنیڈا میں مصروف خدمت دین ہیں‘ موصوف بلاشبہ ان اکابر میں سے ہیں کہ ان کی بات از دل خیز د بردل ریزد کا مصداق ہے۔ موصوف مسلمانوں کی موجودہ پستی‘ ضعف و کمزوری اور زبوں حالی پر بہت ہی دل گرفتہ رہتے ہیں‘ اسی سلسلہ میں ان کے بیانات اور خطابات میں یہ موضوع زیادہ تر زیر بحث رہتا ہے ۔ پیشِ نظر ان کے اسی سلسلہ کے موثر ودل نشیں سات بیانات کا مجموعہ ہے جو زیادہ تر لیسٹر برطانیہ کی مختلف مجالس میں ہوئے۔ اس سلسلہ کا حصہ اول چھپ کر قبول عام حاصل کرچکا ہے۔پیشِ نظر یہ دوسرا مجموعہ” صدائے دل“ واقعی اسم بامسمی ہے‘ تمام اہل ایمان عموماً اور علمأ خصوصاً موصوف کی اس فکر اور صدائے دل کو اپنائیں اور اس کی راہ نمائی میں اپنی زندگی کے خطوط متعین فرمائیں۔
حقانی تبصرے
مولانا عبد القیوم حقانی‘ صفحات: ۳۱۵‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: القاسم اکیڈمی جامعہ ابو ہریرہ برانچ پوسٹ آفس خالق آباد‘ ضلع نوشہرہ‘ سرحد پاکستان۔ ماہنامہ القاسم جامعہ ابو ہریرہ کا ترجمان‘ خالص علمی ادبی رسالہ ہے جس کے مدیر حضرت مولانا عبد القیوم حقانی ہیں موصوف کو اللہ تعالیٰ نے سیال قلم اور شہرا ذوق تحریر عطا فرمایا ہے‘ اور خیر سے ان کے وقت واوقات میں برکت بھی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں ان کی تصانیف میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ٹھیک اسی طرح ماہنامہ القاسم کی آئے دن کوئی نہ کوئی اشاعت خاص کی زیارت نصیب ہوتی ہے ۔ پیش نظر کتاب بھی ماہنامہ القاسم کی دسویں اشاعت خاص ہے جس میں مدیر مولانا عبد القیوم حقانی کے قلم سے نکلنے والے تعارف وتبصرہٴ کتب کو باقاعدہ مرتب کرکے کتابی شکل دے دی گئی ہے۔ اس اشاعت خاص کو ۱۳/ ابواب پر تقسیم کیا گیا ہے جن میں سے قرآنی آیات‘ تفسیر‘ حدیث‘ فقہ‘ احکام حکم مصالح سیرت‘ خاندان نبوت‘ اصحاب کرام کا تذکرہ وتاریخ ‘ سوانح ‘ درسی کتب‘ تعلیمات‘ شروح‘ مضامین‘ مقالات‘ مکتوبات مواعظ‘ خطبات‘ رسائل‘ جرائد‘ خصوصی اشاعتی ادبیات‘ اور رد فرق باطلہ کو باب وار ذکر کیا گیا ہے بلاشبہ تعارف کتب پر مبنی اپنی نوعیت کی پہلی تعارفی کتاب ہے۔امید ہے اہل ذوق اس کی قدردانی فرمائیں گے۔
اشاعت ۲۰۰۸ ماہنامہ بینات , محرم الحرام ۱۴۲۹ھ فروری۲۰۰۸ء, جلد 70, شمارہ 
Flag Counter