Deobandi Books

ماہنامہ الابرار اگست 2010

ہ رسالہ

14 - 14
خانقاہ اور جامعہ کے شب و روز
ایف جے،وائی(August 31, 2010)

مولانا ارشاد اعظم صاحب
ناظم تعلیمات جامعہ اشرف المدارس کراچی۔

مہتمم جامعہ کے اسفار

جامعہ کے مہتمم حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب دامت برکاتہم العالیہ ۲۱؍ رجب المرجب ۱۴۳۱ھ بروز اتوار صبح سوا چھ بجے کراچی سے روانہ ہوئے‘ جناب سلمان گھانچی صاحب اور آصف انصاری صاحب بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ صبح آٹھ بجے حیدر آباد پہنچے‘ جامعہ عمر (ہالہ ناکہ) میں ناشتہ کا اہتمام کیا گیا‘ تقریباً ساڑھے دس بجے ٹنڈو الہٰ یار کے لیے روانگی ہوئی۔ ایک بجے دارالعلوم ٹنڈو الہٰ یار کی جامع مسجد میں ختم بخاری کی تقریب میں خطاب فرمایا‘ بخاری شریف کی پہلی حدیث کے راوی حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ اور آخری حدیث کے راوی حضرت ابو ہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے حالات و واقعات نہایت والہانہ انداز میں بیان فرمائے‘ بعد ازاں میر پور خاص پہنچے‘ تقریباً ڈھائی بجے مدینہ مسجد (میرپور خاص) میں لسانی عصبیت اور فرقہ پرستی کے خلاف بیان فرمایا‘ بیان کے دوران آپ کی فرمائش پر حاضرین اسلامی اخوت اور بھائی چارگی کے عملی مظاہرے کے لیے ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔ بعد نماز عصر مدرسہ فاروقیہ‘ سیٹلائیٹ گائوں(میر پورخاص) میں ختم بخاری کے حوالہ سے بیان فرمایا‘ کوٹ غلام محمد (جیمس آباد) میں موجود اشرف المدارس کی شاخ میں بعد نماز عشاء جلسہ دستار بندی میں شرکت کی‘ وہاں سے فراغت کے بعد واپسی کے لیے روانہ ہوئے اور ۲۲؍رجب کی صبح چار بجے کراچی پہنچ گئے۔

جمعرات ۲۵؍رجب کو حضرت مہتمم صاحب عمرے کی ادائیگی کے لیے حرمین شریفین روانہ ہوگئے۔ اس سفر سعادت میں آپ کی اہلیہ محترمہ بھی شریک تھیں‘ ۷ شعبان المعظم ۱۴۳۱ھ کو آپ کی واپسی ہوئی۔ عمرے کے سفر کا احوال انشاء اﷲ آئندہ شمارے میں پیش کیا جائے گا۔

سالانہ امتحانات

رجب کے مہینے میں جامعہ کے تحت ہونے والے ۱۴۳۱ھ کے سالانہ امتحانات کا اعلان کردیا گیا ہے‘ امتحانات میں شریک ۳۹۷ طلباء میں درجہ ابتدائیہ (ب) کے طالب علم حافظ ذیشان ولد انارگل مرحوم (داخلہ نمبر ۱۷۸) ۷ئ۹۷ فیصد نمبر حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے‘ درجہ ثالثہ (الف) کے طالب علم عمر فاروق ولد علائو الدین (داخلہ نمبر ۷۱۴) نے ۵ئ۹۶ فیصد نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی اور تخصص فی الافتاء (سال اول) کے طالب علم سید ریحان ذکی ولد سید ذکی حسن (داخلہ نمبر ۹۶۸) ۹۶ فیصد نمبر لے کر سوم آئے۔

جامعہ کے سالانہ امتحانات کے فوراً بعد وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تحت ملک بھر میں امتحانات کا سلسلہ شروع ہوگیا جوکہ ۲؍ شعبان المعظم ۱۴۳۱ھ تک جاری رہا وفاق کے تحت ہونے والے امتحانات میں ہمارے جامعہ کے تقریباً چار سو طلباء نے شرکت کی‘ اﷲ تعالیٰ تمام طلباء کو خوب کامیابی سے نوازیں ۔ آمین
Flag Counter