ملفوظات حکیم الامت جلد 11 - یونیکوڈ |
آپ کے بادشاہ کیسے ہیں آج کل کیا انتظامات ہیں وہ وزیر یہ سن کر رونے لگا کہ یہ باتیں تو وہاں سے چھوڑ کر آیا ہوں اور یہی یہاں سے سننے کو ملیں ( پہلے دنیا دار بھی سمجھتے تھے کہ کس مجلس میں کیا باتیں کرنا چاہئیں ) ان بزرگ نے فرمایا کہ بھائی یہ باتیں تو میں نے تیری خاطر سے کیں ورنہ میرا اصل مذاق تو وہی ہے ۔ مولانا جامی کی ظرافت فرمایا کہ مولانا جامی رحمۃ اللہ علیہ ایک مرتبہ غلبہ حال میں پڑھ رہے تھے کہ بسکہ درجاں فگار و چشم بیدارم توئی ہر کہ پیدا می شود از دور پندرام توئی جیسے مومن کہتا ہے جب کوئی بولا صدا کانوں میں آئی آپ کی ایک منکر شخص بھی وہاں تھا اس نے اعتراض کیا کہ اگر خر پیدا شود ۔ تو آپ نے اس کی طرف اشارہ کر کے فرمایا پندارم توئی ۔ غلبہ حال بعض وقت حد سکر تک ہوتا ہے جب ہی تو اسے تفریع کا جواب دیا بے چارے مزے لے رہے تھے اس گدھے نے خواہ مخواہ کو ۔۔ ڈالی ۔ حفاظت خداوندی کا ایک عجیب واقعہ فرمایا کہ اللہ تعالی اپنی مخلوق کی عجیب عجیب طرح سے حفاظت کرتا ہے ایک جگہ سے کچھ مزدور ایک دیوار کو گرا رہے تھے اور جلدی گرانے کی وجہ سے یہ سوچا کہ اس کی جڑ خالی کر دو دیوار خود بخود گر جائے گی ۔ چنانچہ اس کی جڑ خالی کر دی جب دیوار گرنے کو ہوئی تو سب یہ کہتے ہوئے بھاگے ( ارے بھاگو دیوار گری ) ایک آدمی جو ہاتھ میں بلبل لئے ہوئے تھا یہ کلمہ سن کر بدحواسی میں ادہر ہی کو بھاگا جدہر دیوار گر رہی تھی بس وہ اسی دیوار کے تلے دب گیا جس وقت مٹی اٹھا کر نکالا ہے تو آدمی کا تو سرمہ ہو گیا تھا مگر اس کے ہاتھ میں جو بلبل تھی وہ صحیح و سالم تھی کیونکہ اس کے آس پاس دو اینٹیں اس صورت سے آ کر کھڑی ہو گئیں کہ جس سے بیچ میں خلاء بن گیا اس میں بلبل بیٹھی رہی ۔ دیکھئے جس کو اللہ