Deobandi Books

ماہنامہ الابرار مئی 2010

ہ رسالہ

12 - 12
خانقاہ اور جامعہ کے شب و روز
ایف جے،وائی(June 3, 2010)

مولانا ارشاد اعظم صاحب
ناظم تعلیمات جامعہ اشرف المدارس کراچی۔

تعطیلات اور دوبارہ پڑھائی کا آغاز

طلبائے کرام ششماہی امتحانات کی چھٹیاں گذار کر دوبارہ واپس تشریف لے آئے ہیں اور جامعہ کی بہاریں پھر لوٹ آئی ہیں، امسال پورے ایک ہفتے تعطیلات رہیںاور ایسا اس سبب سے کیا گیا کہ دور دراز علاقوں سے حصول علم کے لیے آنے والے طلباء کی چھٹیاں آمدورفت ہی کی نذر نہ ہوں بلکہ انہیں اپنے گھروالوں کے ساتھ وقت گذارنے کا بھی کچھ موقع ملے۔

جامعہ کے استاد کو صدمہ

جامعہ کے استاد حدیث اور شعبہ تخصص فی الحدیث کے نگران اعلیٰ حضرت مولانا نجیب اﷲ صاحب مدظلہم کے تقریباً ڈیڑھ برس کے صاحبزادے کا گذشتہ دنوں انتقال ہوگیا، انا ﷲ وانا الیہ راجعون۔ مولانا موصوف کے ساتھ اس سے پہلے بھی اس قسم کے حادثے کئی مرتبہ پیش آچکے ہیں، اور غالباً یہ پانچواں موقع ہے کہ ان کے ایک اور صاحبزادے کا شیرخوارگی کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔ الابرار کے تمام قارئین سے خصوصی دعائوں کی درخواست ہے، اﷲ تعالیٰ مولانا موصوف اور دیگر لواحقین کو صبر جمیل کی توفیق اور نعم البدل نصیب فرمائیں، آمین۔

حضرت والا کے مواعظ کی تقسیم

جامعہ میں ایسے طلباء کی خاصی تعداد موجود ہے جو وطن عزیز کے ان علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں پشتو بولی اور سمجھی جاتی ہے، ششماہی امتحانات کے دوران ایسے طلباء کو حضرت مہتمم صاحب دامت برکاتہم کی طرف سے شیخ العرب والعجم حضرت اقدس عارف باﷲ حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے پشتو ترجمہ پر مشتمل گرانقدر مواعظ تعطیلات کے ایام میں اپنے اپنے علاقوں میں تقسیم کرنے کے لیے بڑی تعداد میں عنایت فرمائے گئے، اﷲ تعالیٰ حضرت والا کے فیض کو اسی طرح چار دانگ عالم میں پھیلائیں اور اس کے لیے ہمیں بھی ذریعہ بننے کی توفیق نصیب فرمائیں، آمین۔

حضرت خواجہ خان محمد صاحبؒ کی رحلت

۵؍مئی ۲۰۱۰ئء بروز بدھ شیخ المشایخ حضرت خواجہ خان محمد صاحبؒ ایک طویل علالت کے بعد وفات پاگئے، انا ﷲ و انا الیہ راجعون، حضرت نے ۹۸؍ برس کی عمر پائی دارالعلوم دیوبند کے قدیم فضلاء اور حضرت مدنی قدس سرہ کے ممتاز شاگردوں میں سے تھے۔ حضرت مولانا عبداﷲ صاحبؒ سے اجازت و خلافت حاصل تھی ۱۹۷۷ء سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر تھے، ختم نبوت کے حوالہ سے آپ کی زندگی گویا کہ وقف تھی، آپ کے مریدین و متوسلین کا دائرہ نہایت وسیع ہے، اﷲ تعالیٰ نے ۶۰مرتبہ حج کی توفیق نصیب فرمائی۔

حضرت عارف باﷲ مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے خلیفۂ مجاز جناب حافظ حبیب اﷲ صاحب زید مجدہم خانقاہ امدادیہ اشرفیہ، گلشن اقبال کراچی کی نمائندگی کے طور پر حضرت خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ کی عیادت کے لئے حاضر ہوئے تھے، واپسی میں دوران سفر اطلاع ملی کہ حضرت کا انتقال ہوگیا تو پھر جنازے میں شرکت کی سعادت حاصل کی، بعد ازاں حضرتؒ کے صاحبزادگان مولانا عزیز احمد صاحب اور مولانا خلیل احمد صاحب سے تعزیت بھی کی، اور اس دوران مہتمم جامعہ اشرف المدارس حضرت مولانا حکیم محمد مظہر صاحب نے بھی فون پر اس سانحے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کے کلمات ارشاد فرمائے۔

اﷲ تعالیٰ حضرت خواجہ صاحبؒ کی خدمات کو شرف قبول عطا فرمائیں، کامل مغفرت کا معاملہ فرمائیں، درجات عالیہ سے بہرہ مند فرمائیں، آمین۔
Flag Counter