Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی رمضان المبارک ۱۴۳۱ھ - ستمبر ۲۰۱۰ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقدونظر !
تبصرے کے لیے ہرکتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)
اختلاف ائمہ اور حدیث نبوی:
شیخ محمد عوامہ، ترجمہ: علاء الدین جمال، صفحات:۲۴۰، ناشر:النادی العربی، دارالعلوم زکریا جنوبی افریقہ، ملنے کا پتہ: دارالمعارف دیوبند، فون: ۲۳۲۴۴۲۴۰۔۰۱۱
قرآن کریم کے بعد شریعت کا دوسرا مأخذ حدیث رسول اللہ ہے۔ قرآن کریم کی طرح یہ بھی وحی کے حکم میں ہے، جیسا کہ حدیث میں ہے:
”حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حضرت جبریل علیہ السلام آپ پر سنت کو بھی اسی طرح نازل کرتے تھے، جس طرح قرآن کریم لے کر آتے تھے اور جس طرح قران کریم کی تعلیم دیتے تھے، اسی طرح سنت کی تعلیم دیتے تھے۔“ (مراسیل ابی داؤد)
حدیث کو نظر انداز کرکے صرف قران کریم کو شریعت اور اسلامی فکر و نظر کا ماخذ تصور کرنا جمہور علما اور ارباب فکر و بصیرت کے نزدیک باطل و مردود ہے۔
زیر تبصرہ کتاب ”اختلاف ائمہ اور حدیث نبوی“ شیخ محمد عوامہ کی کتاب ”اثر الحدیث الشریف فی اختلاف الائمة الفقہأ“کا ترجمہ ہے۔ شیخ محمد عوامہ، شیخ عبدالفتاح ابو غدہ کے شاگرد رشید ہیں، کئی کتابوں کے مصنف ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کو حدیث و فقہ میں خاص ملکہ اور ذوق سے نوازا ہے۔ اس کتاب میں شیخ نے فقہی اختلافات میں حدیث کے کردار پر تفصیل سے بحث کی ہے اور موضوع کے تمام پہلوؤں کا گہری نظر اور بصیرت سے جائزہ لیا ہے۔
حضرت مولانا علاء الدین جمال حفظہ اللہ فاضل جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن و حالیہ استاذ فقہ و حدیث دارالعلوم زکریا جنوبی افریقہ نے اس کتاب کا اردو ترجمہ کرکے اردواں خواں طبقہ پر احسان عظیم فرمایا ہے اور حضرت مولانا شبیر احمد صالوجی مہتمم دارالعلوم زکریا لینز جنوبی افریقہ نے اس کتاب کا جاندار مقدمہ لکھ کر اس کتاب کو چار چاند لگادیئے ہیں۔شیخ محمد عوامہ کے استاذ شیخ مصطفی احمد الزرقا نے لکھا کہ:
”مصنف اپنی اس کتاب کے ذریعے ہدایت و درایت کے درمیان اور روایت الفاظ حدیث اور اس کے معانی و تفقہ کے درمیان ایک پل تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔“
اور حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا نوراللہ مرقدہ نے فرمایا:
”یہ کتاب اس لائق ہے کہ ہر مدرس اور طالب علم اس کا مطالعہ کرے، یہ کتاب گمراہی اور سرکشی کی راہ سے بچانے والی ہے اور ائمہ عظام کی شان میں گستاخی کرنے والے جفا جو اور حرماں نصیب لوگوں کی روش سے حفاظت کا سامان بہم پہنچانے والی ہے۔“
اللہ تبارک و تعالیٰ اس کتاب کو قبولیت عامہ سے سرفراز فرمائیں اور مولف و مترجم کے لئے نجات آخرت اور قارئین کے لئے راہِ ہدایت کا ذریعہ بنائیں۔آمین۔
برکاتِ ذوقِ عنایاتِ رحیم درتجوید القرآن کریم:
ابو احمد قاری محمد شفیق رحیمی پانی پتی انصاری، صفحات:۱۹۲، قیمت: درج نہیں، ملنے کا پتہ: جامعہ رشیدیہ جھنگ قاسمی کالونی، جھنگ روڈ جھنگ صدر۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: اللہ تبارک و تعالیٰ اس کتاب کے ذریعہ ایک قوم کو سربلندی اور رفعت سے نوازتے ہیں اور اسی کتاب کے ذریعہ دوسری قوم کو پستی اور ذلت سے رسوا کرتے ہیں۔ حضرت مولانا قاری شفیق احمد مدظلہ حضرت مولانا قاری رحیم بخش قدس سرہ کے شاگرد ہیں اور ربع صدی سے زیادہ عرصہ سے آپ قرآن کریم کی تصحیح، تجوید اور تعلیم و اشاعت سے منسلک ہیں۔
آپ نے مقاصد تجوید کو سوال و جواب کے پیرائے اور سہولت و آسانی کے اسلوب میں کتابی شکل میں مرتب فرمایا۔ مسائل، آداب ، فضائل غرضیکہ قرآن کریم کے متعلق ایک ایک چیز کو انہوں نے امکانی حد تک اس کتاب میں سمو نے کی کوشش کی ہے، اس کتاب کو تجوید کا انسائیکلو پیڈیا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ یہ کتاب طلبا، علما بلکہ عوام الناس میں سے جو حضرات قرآن کریم سے شغف اور محبت رکھتے ہیں ان کے لئے یکساں مفید ہے۔
راہِ اعتدال:
مولانا محمد وسیم میواتی، صفحات: ۱۲۴، قیمت: درج نہیں، ناشر: مکتبة المیوات ،سیکٹر جے۔۵، نیو کراچی، ملنے کا پتہ: ادارة الانور نزد علامہ بنوری ٹاؤن کراچی۔
حضرت مولانا محمد وسیم میواتی نوجوان فاضل عالم ہیں، اللہ تعالیٰ نے امت کی صلاح و فلاح کا درد ان میں ودیعت فرمایا ہے۔ عام فہم اور سہل انداز میں نور و بشر، علم غیب، حاضر و ناظر اور مختار کل جیسے مسائل میں ہر دو فریق کا نقطہٴ نظر اور عقائد کو اس کتاب کی زینت بنایا ہے اور ہر مسئلہ کے متعلق دلائل لکھنے کے بعد فیصلہ قاری پر چھوڑا ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا ہے؟
کتاب کا مطالعہ کرتے ہوئے ایک چیز کی کمی محسوس کی گئی کہ فریق مخالف کے عقائد لکھتے وقت ان کے ماخذ اور منبع کا حوالہ نہیں دیا گیا۔ حالانکہ اس کتاب مین ان کا ہونا ضروری تھا۔ ماشاء اللہ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے، کاغذ، کمپوزنگ اور طباعت بہت عمدہ ہے۔
تذکار پروفیسر عبدالجبار شاکر
ترتیب و تدوین: ڈاکٹر زاہد اشرف، صفحات:۳۶۸، قیمت: ۱۵۰ روپے، ملنے کا پتہ: مکتبہ المنبر، عبدالرحیم اشرف ٹرسٹ کمپلیکس، شاہراہ الاشرف سرگودھا روڈ، فیصل آباد (پاکستان)۔
زیر تبصرہ کتاب:پندرہ روزہ ”المنبر“ فیصل آباد کی خصوصی اشاعت ہے، جو جناب پروفیسر عبدالجبار شاکر مرحوم کی یاد میں، ان پر لکھے گئے ۵۲ مقالات اور نگارشات کا مجموعہ ہے۔ جناب پروفیسر عبدالجبار شاکر مرحوم صاحب علم، وسیع المطالعہ اور فن خطابت میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، ان کی عمر کا طویل حصہ درس و تدریس، مطالعہ اور علمی نوادرات کی تلاش میں گزرا ۔آپ پنجاب پبلک لائبریری اور دعوہ اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدہ پر متمکن رہے اور اس کے علاوہ شاہ فیصل مسجد اسلام آباد کی خطابت فرائض انجام دیتے رہے۔ انہیں کتاب اور مطالعہ سے خوب شغف تھا، جس کا اظہار ان کی وسیع لائبریری سے ہوتا ہے۔
لکھا گیا ہے کہ اس لائبریری جس کا نام انہوں نے ”بیت الحکمة“ رکھا ہے، وہ اسم بامسمّٰی ہے ، تقریباً ڈیڑھ لاکھ کتب اس لائبریری میں محفوظ و موجود ہیں جو انہوں نے عوام الناس کی علمی تسکین کے لئے وقف کررکھی تھیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائے۔
قاموس عائشہ
تالیف: معلمات مدرسہ عائشہ صدیقہ، صفحات:۵۲۹، عام قیمت: ۴۵۰ روپے، ناشر: زمزم پبلشرز شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔
پاکستان میں عربی زبان کی تعلیم و ترویج کے لئے جو کوششیں کی جارہی ہیں، اس سلسلے میں طلبا کے لئے، خصوصاً ابتدائی مراحل کے طلبا کے لئے عربی اردو لغات کی تالیف و اشاعت بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ اس ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے قاموس عائشہ مرتب کی گئی ہے، جسے طلبا کی سہولت کے لئے ابجدی ترتیب پر رکھا گیا ہے۔ یہ ایک مختصر قاموس ہے، صرف کثیر الاستعمال الفاظ پر مشتمل ہے، شاذ اور قلیل الاستعمال حروف کو چھوڑ دیا گیا ہے۔ اسی طرح ہر لفظ کے صرف وہی معنی درج کئے گئے ہیں جس میں وہ اکثر استعمال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ جدید اصطلاحات بھی ذکر کی گئی ہیں۔ کتاب ملون (سیاہ، سرخ) عمدہ کاغذ، اعلیٰ طباعت، سادہ مگر پروقار ٹائٹل پر مشتمل ہے۔ امید ہے کہ باذوق حضرات اس کی پذیرائی فرمائیں گے۔
الدعاء المسنون
مولانا مفتی ارشاد صاحب القاسمی، صفحات: ۶۸۴، عام قیمت: ۳۲۵ روپے، ناشر:زمزم پبلشرز شاہ زیب سینٹر نزد مقدس مسجد اردو بازار کراچی۔
اللہ تبارک وتعالیٰ غنی ہیں اور انسان سرتا پا محتاج وفقیر ہے، غنی کا کام دینا ہے اور فقیر کا کام مانگنا ہے۔ یہ ایسا غنی ہے جو مانگنے سے خوش ہوتا ہے اور نہ مانگنے سے ناراض ہوتا ہے، جیساکہ قرآن کریم میں ارشاد ہے: وقال ربکم ادعونی استجب لکم، ان الذین یستکبرون عن عبادتی سیدخلون جہنم داخرین“ یعنی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے مجھ سے مانگو میں تمہاری دعا کو قبول کروں گا جو لوگ مانگنے سے تکبر کرتے ہیں، ان کو جہنم رسید کروں گا“۔
اب مانگنے کا طریقہ بھی اپنے نبی کی زبانی خود بتلایا: آپ ا نے ہرہرموقع ومحل پر دعائیں تلقین فرمائی ہیں، جنہیں علمائے امت نے اپنے اپنے انداز میں ان دعاؤں کو ترتیب دیا ہے۔ ان میں ایک ”الدعاء المسنون“ ہے جو اپنے موضوع پر نہایت ہی جامع اور بہترین کتاب ہے۔
اللہ تعالیٰ جزائے خیر عطا فرمائے زمزم پبلشرز کے احباب کوکہ انہوں نے زر کثیر صرف فرماکر یہ سوغات تیار کی ہے۔کتاب ہراعتبار سے قابل قدر اور عمدہ ہے۔
فیصلہٴ قرآن المسمی خدائی فیصلہ:
مولانا ابوالقاسم محمد رمضان غفاری نقشبندی، صفحات: ۱۲۰، قیمت: درج نہیں، پتہ مکتبہ زکریا چوبارہ روڈ لیہ۔
اس رسالہ کے مختلف ابواب میں رد شرک، حاجت روا ،مشکل کشا کون؟ مسئلہ علم غیب ، مختار کل، مسئلہ حاضر وناظر اور مسئلہ نور وبشر جیسے اہم مسائل کو قرآنی دلائل سے مبرہن کیا گیا ہے، رسالہ اس لائق ہے کہ اس کا مطالعہ کیا جائے۔
ذکر مصطفی ﷺ
جناب صابر کاسگنجوی، صفحات: ۳۲۰، قیمت: درج نہیں، پتہ: بزم شعر وادب اسلام آباد۔
حضور اکرم ا سے محبت کرنا ایمان میں سے ہے، آپ کا تذکرہ عبادت، آپ پر درود پڑھنا آخرت میں شفاعت اور آپ کی قربت کا ذریعہ ہے۔جناب صابر صاحب جو غزل کے انداز میں نعت کہتے ہیں، ان کی نعتوں کا مجموعہ ”قندیل نور“ شائع ہوکر ادبی اور دینی حلقوں سے خراج تحسین حاصل کرچکا ہے اور اب ”ذکر مصطفی ا “ پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔اللہ تعالیٰ اس مجموعہ کو عوام الناس کے لئے نافع بنائے، آمین۔
اشاعت ۲۰۱۰ ماہنامہ بینات , رمضان المبارک:۱۴۳۱ھ - ستمبر: ۲۰۱۰ء, جلد 73, شمارہ 
Flag Counter