Deobandi Books

ماہنامہ البینات کراچی جمادی الاولیٰ۱۴۲۷ھ جون۲۰۰۶ء

ہ رسالہ

10 - 10
نقدونظر
تبصرے کے لیے ہر کتاب کے دونسخوں کا آنا ضروری ہے
(ادارہ)

تحفہٴ عفت وعصمت:
موٴلف : سید عرفان احمد ، صفحات ۲۶۶، قیمت :۱۲۰روپے ، ملنے کا پتہ : زمزم پبلشرز ،نزد مقدس مسجد ،اردو بازار ،کراچی۔
پاک دامنی ، حیا اور عفت وعصمت کا جو تصور دین اسلام نے پیش کیاہے کسی اور مذہب میں نہیں پایا جاتا ، اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے فطرت کے تمام تقاضوں کو مد نظر رکھ کر حضرت انسان کو ایک مکمل ضابطہٴ حیات عطا کیا ،اورحیا کو دین کے اساسی شعبوں میں سے ایک شعبہ قرار دیا گیاہے ،اوریہی وہ وصف ہے جسے برائیوں کے سامنے ”بند“ کا درجہ حاصل ہے ،اگرانسان حیا کی دیوار کو پھلانگ جائے تو اس کے بعد انسان کو برائیوں اور بے حیائیوں سے روکنے والا کوئی اور داعیہ نہیں بچتا، ارشاد نبوی ہے”جب حیا نہ رہے تو پھر جو چاہے کرتے پھرو“۔یہی وجہ ہے کہ شریعت نے مسلمانوں کو دائرہ حیا میں رکھنے کے لیے ایسے تمام حیوانی اور شہوانی اورنفسانی جذبات سے مغلوب کروانے والے عوامل اورمحرکات کو ممنوع قراردیا ہے اور مسلمانوں کو پابند بنایا ہے کہ نفسانی خواہشات میں بھی انسانی و فطری طریقوں کو ملحوظ رکھیں ، چنانچہ اس کے متعلق قرآن وحدیث میں فطری تقاضوں کے عین مطابق پاکباز انسانی زندگی کے ایسے تفصیلی احکامات بیان کیے گئے ہیں اگر ان پر واقعی عمل کیا جائے تو اس کے نتیجے میں ایک صحت مند اسلامی معاشرتشکیل پائے گا اوراخلاقی برائیوں اور فواحش و منکرات کاخود بخود خاتمہ ہوجائیگا ۔
فاضل موٴلف نے اسلام کے نظام عفت وعصمت پر قرآن ،حدیث اور مستند کتابوں کی روشنی میں کافی عمدہ اور مفید معلومات، موضوع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے سنجیدہ اسلوب میں جمع کر دیں ہیں،کتاب کے آخری تین مضامین تین مختلف قلم نگاروں کے ہیں جنہیں موٴلف نے اپنی اس کاوش میں فراخدلی کے ساتھ جگہ دی ہے ، کتاب کا کاغذ ہلکا البتہ طباعت اور سرورق تسلی بخش ہے ، یہ کتاب ہر مسلمان کے لیے لائق مطالعہ ہے ۔
ایضاح المعانی فی شرح مقدمة مختصر المعانی:
موٴلف:مولانا زرسید صاحب، صفحات ۱۵۲، قیمت : درج نہیں ، ملنے کا پتہ: بیت العلم ٹرسٹ ، نزد مقدس مسجد اردو بازار ، کراچی۔
قرآن کریم کائنات کی فصیح وبلیغ ترین کتاب ہے اوراس کے بعد احادیث نبوی کو فصاحت وبلاغت کے اعتبار سے فضیلت حاصل ہے ، چونکہ قرآن وحدیث ہی دین کی اصل اور اساس ہیں اس لیے فن فصاحت وبلاغت سے مناسبت قرآن وحدیث کے سمجھنے کے لیے بہت ضروری ہے ، درس نظامی کے نصاب میں شامل علامہ تفتازانی  کی تالیف کردہ کتاب ”مختصر المعانی“ اس فن کی بہترین کتاب ہے،مختصر المعانی میں فنون ثلاثہ یعنی معانی ، بیان اور بدیع مذکور ہیں اور ان سے پہلے ”مقدمة العلم“ کے طور پر فصاحت وبلاغت کی تعریف اور ابتدائی اہم مباحث ذکر کی گئیں ہیں ،زیر نظر کتاب اسی مقدمہ کی ابتدائی مباحث کی شرح ہے ، جیسے کہ موٴلف نے تمہید میں لکھا ہے ، امید ہے کہ یہ کتاب وشرح استاذ وطلبہ دونوں کے لیے یکساں مفید ثابت ہوگی ۔اس لیے کہ درحقیقت یہ کتاب درس نظامی میں اپنے موضوع کے اعتبار سے اہم ترین کتاب ہے ،لیکن بعض مرتبہ ماتن وشارح کے دقیق انداز بیان سے اصل بحث کا سمجھنا اور سمجھانا مشکل ہوجاتا ہے ، مذکورہ کتاب میں ان مباحث کی شرح بسط وتحقیق سے کی گئی ہے ، کمپوزنگ کی ترتیب بھی عمدہ ہے ، اللہ تعالی اس کتاب کو موٴلف کے لیے ذریعہ نجات بنائے ، آمین ۔
پریشانی کے بعد راحت
تالیف ابراہیم بن عبدا للہ الحازمی ، ترجمہ :مولوی خلیل الرحمن، صفحات :۲۲۸،قیمت :درج نہیں ، ملنے کا پتہ:بیت العلم ٹرسٹ ، نز د مقدس مسجد، اردو بازار ، کراچی۔
قرآن کریم کی آیت ”لقد خلقنا الانسان فی کبد“ سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان تکوینی ، فطری اور قدرتی طور پر ہی دنیا میں مختلف مصائب وآلام میں مبتلا رہتا ہے ، لیکن انبیا ء علیہم السلام اور ان کے متبعین عموما اس آزمائش میں زیادہ مبتلا رہتے ہیں ، اس میں منجملہ اور حکمتوں کے یہ حکمت بھی بتائی گئی ہے کہ یہ مصائب وتکالیف اہل ایمان وعمل کے لیے مختلف سیئات ومعاصی سے کفارہ کا باعث بنتی ہیں ،لیکن اس وقت جب انسان آزمائش وابتلاء کے دور میں کفریہ کلمات زبان سے نہ نکالے اور رحمت الہی سے مایوسی کی کیفیت دل پر ظاہر نہ کرے ۔ پیش نظر کتاب علامہ حازمی کی کتاب ”الفرج بعد الشدة “ کا اردو ترجمہ ہے جسے بیت العلم ٹرسٹ نے اپنے ذوق کے موافق ترجمہ کے لیے منتخب کیا ، اس کتاب کا مقصد ایسے واقعات کو جمع کرنا ہے جن کے ذریعے دل میں یہ یقین پیدا ہو کہ اگرآج اللہ کے حکم سے کوئی تکلیف آئی ہے تو ”ان مع العسر یسرا“ کے قاعدے کے تحت فراخی وعافیت کے دن بھی ضرور آئیں گے ، اس لحاظ سے یہ کتاب ہر خاص وعام کے لیے مفید ثابت ہوگی ، اللہ تعالی ادارہ کی اس کوشش کو قبول فرماکر ادارہ اور اس کے متعلقین کے لیے ذریعہ نجات بنائے ، آمین۔
حجاب،پردہ کے شرعی احکام:
ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن مدنی مدظلہ‘ صفحات:۱۵۰‘ قیمت: درج نہیں‘ پتہ: کتب خانہ مظہری‘ گلشن اقبال:۲‘ کراچی۔
پردہ شرعی حکم‘ عفت کا ضامن اور مسلمان خواتین کا شعار اور پہچان‘ مگر شومئی قسمت کہ اب مغرب کی نقالی میں مسلمان خواتین پردہ سے بے نیاز ہوتی نظر آرہی ہیں‘ اس سلسلہ میں جہاں اور بہت سے اکابر نے تصنیفات فرمائی ہیں‘ وہاں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی قدس سرہ کے خادم وتربیت یافتہ حضرت اقدس ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن صاحب نے بھی اس پر دلائل سے مزین رسالہ تصنیف فرمایاہے‘ جس پر اکابر کی تقریظات ثبت ہیں چنانچہ حکیم العصر حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہید اس پر تقریظ لکھتے ہوئے فرماتے ہیں: ”مستورات کے لئے حجاب وستر کا حکم قرآن وسنت کے نصوص صریحہ سے ثابت اور قریباً تمام اہل حق کے نزدیک متفق علیہ ہے‘ عقل سلیم بھی اسی کی متقاضی ہے: لیکن بفحوائے ارشاد ربانی: ”ویرید الذین یتبعون الشہوات ان تمیلوا میلاً عظیماً“ بہت سے لوگ پردہ شرعی پر طرح طرح نکتہ چینیاں کرتے ہیں‘ جس سے اصل مقصود اتباع شہوات ہے‘ اس لئے اکابر امت نے اس موضوع پر متعدد رسائل تالیف فرمائے ہیں۔ ہمارے مخدوم محترم جناب ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن المدنی کا یہ رسالہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس میں بہت عام فہم انداز پر مسائل حجاب کی تشریح وتفصیل کی گئی ہے‘ اس ناکارہ نے جستہ جستہ اس رسالہ کا مسودہ دیکھا‘ ماشاء اللہ اکابرکی تحریرات کی روشنی میں اس مسئلہ کو خوب منقح فرمایاہے“۔(ص:۸)خلاصہ یہ کہ ہراعتبار سے یہ رسالہ لائق مطالعہ ہے۔
حق چار یار قائد اہل سنت حضرت مولاناقاضی مظہر حسین نمبر
ترتیب وتدوین: حافظ زاہد حسین رشیدی‘ صفحات: ۱۳۷۶‘قیمت: رعایتی:۲۲۵ روپے پتہ: دفتر ماہنامہ حق چار یار‘ متصل جامع مسجد میاں برکت علی زیلدار روڈ اچھرہ‘ لاہور۔
قائد اہل سنت حضرت مولانا قاضی مظہر حسین قدس سرہ کی ہمہ گیر شخصیت اور متنوع خدمات‘ ان کی عظمت ورفعت اور گیرائی وگہرائی کا تقاضا تھا کہ ان کے اخلاف ان کی شخصیت وخدمات سے نئی نسل اور بعد میں آنے والی نسل کو متعارف کراتے‘ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے حضرت قاضی صاحب قدس سرہ کے تربیت یافتہ خدام کو جنہوں نے اس ذمہ داری کا احساس کیا اور اس خدمت کو حضرت مرحوم کے شایان شان نبھایا‘ چنانچہ دیر آید درست آید کے مصداق اگرچہ اشاعت خاص میں کسی قدر تاخیر ہوگئی‘ مگر حضرت قاضی صاحب کی حیات وخدمات پر بہت ہی عمدہ دستاویز مرتب ہوکر سامنے آگئی ہے ۔ ماشأ اللہ ملک بھر کے قریب قریب تمام اہل علم واصحاب قلم کے مضامین وتاثرات آگئے ہیں،میں ماہنامہ حق چار یار کے ذمہ داران کو اور خصوصاً حضرت قاضی صاحب کے جانشینان کو اس عمدہ اور حسین سعی وکوشش پر مبارک باد دیتاہوں‘ خداکرے یہ دستاویز لکھنے‘ پڑھنے والوں کی مغفرت اور آنے والی نسلوں کے لئے ذریعہ ہدایت اور حضرت قاضی صاحب کے لئے ترقی درجات کا باعث بنے ‘ آمین۔
اشاعت ۲۰۰۶ ماہنامہ بینات, جمادی الاولیٰ۱۴۲۷ھ جون۲۰۰۶ء, جلد 69, شمارہ 
Flag Counter