ملفوظات حکیم الامت جلد 16 - یونیکوڈ |
9/جمادی الاولی 1333ھ ہر شخص کے کہنے پر بغیر اپنے معالج کے عمل نہ کرنا چاہیے ملفوظ (127) چونکہ نزلہ کی وجہ سے ناک میں پھنسی ہو کر سارے چہرے پر بہت ورم ہو گیا ہے جس سے سخت تکلیف ہے دفع تحریک نزلہ کے لئے ایک صاحب کی تجویذ اس احقر نے عرض کی فرمایا کہ ہر شخص کے کہنے پر بجز اپنے معالج کے عمل نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ بے قاعدہ بات ہے ـ خدائی لشکر ملفوظ (128) جمعہ کی نماز جامع مسجد میں جا کر نہ پڑھ سکے حوض والی مسجد میں نماز پڑھی تمام چہرہ پر بہت ورم ہو گیا ہے ہم لوگ خدام حضور کی تکلیف کی وجہ سے پریشان حوض والی مسجد میں بغرض عیادت حاضر ہوئے دفع پریشانی کی نیت سے حضور نے مزاح میں فرمایا کہ جی چہرہ خوب رعب دار ہو گیا ہے پھر اور باتیں فرماتے ہوئے سہ دری میں تشریف لائے وہاں دیر تک زائرین کے پاس بیٹھے رہے اور ڈاک کے جواب لکھائے بفضلہ تعالی خلاف معمول ڈاک بہت ہی کم تھی جو بہت جلدی ختم ہو گئی ایک صاحب نے پوچھا طبیعت کیسی ہے فرمایا کہ طبیعت تو اچھی ہے ناک البتہ بری ہے احقر نے عرض کیا کہ چھوٹی سی پھنسی نے تمام جگہ اپنا اثر پھیلا رکھا ہے فرمایا کہ جناب خدائی لشکر ہے خدائی لشکر کا ایک ادنی پیادہ بھی کم نہیں وہ بھی بہت کچھ کر سکتا ہے ـ عیاشی کی برائی ملفوظ (129) ایک شخص بوجہ عیاشی وبد چلنی کے اپنا سرمایہ خرچ کر کے اب چوری اور دغا کا پیشہ کر نے لگا ہے جھوٹ موٹ اپنے کو حضرت کاعزیز ظاہر کر کے کئی جگہ مہمان رہ کر روپیہ صول کیے اور چیزیں چرالے گیا فرمایا کہ عیاشی ایسی بری چیز ہے حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب عیاچی کی برائی میں شعر پڑھا کرتے تھے ؎ دریں ورطہ کشتی فروشد ہزار کہ پیدانہ شد تختئہ بر کنار