Deobandi Books

حقیقت شکر

ہم نوٹ :

8 - 26
میری زبانِ حال بھی میرے بیاں سے کم نہیں
میرا سکوتِ عشق بھی میری زباں سے کم نہیں
یادِ  خدا  کا  ہر  نَفَس  کون و مکاں سے کم نہیں
اہلِ  وفا  کا  بوریا  تختِ   شہاں  سے کم نہیں
ارشاد فرمایا کہ اہلِ وفا وہ ہیں جو اللہ تعالیٰ کو ہر وقت راضی رکھتا ہے اورا یک سانس بھی اللہ کو ناراض نہیں کرتا یعنی اپنی ہر سانس اللہ تعالیٰ کی فرماں برداری کے لیے وقف رکھتا ہے اور ایک سانس بھی ان کی نافرمانی نہیں کرتا۔ اگر احیاناً کبھی خطا ہوجاتی ہے تو سجدہ گاہ کو خونِ دل،خونِ جگر سے تر کردیتا ہے،اور رو رو کر جب تک ان کو راضی نہیں کرلیتا چین سے نہیں بیٹھتا۔ یہ اہلِ وفا ہیں، یہ اللہ کا وفادار بندہ ہے، اہلِ وفا ہونا کوئی معمولی بات نہیں، یہ لفظ بول دینا آسان ہے، اہل وفا ہونا مشکل ہے، ہر سانس میں اللہ تعالیٰ کا باوفا رہنا اور ایک سانس بھی ان کو ناراض نہ کرنا بے وفاؤں کے بس کی بات نہیں،یہ صرف اہلِ وفا کا کام ہے، اس لیے اہلِ وفا بہت بڑے لوگ ہیں۔ اور اہلِ وفا کا بوریا تختِ شہاں سے کیوں افضل ہے؟ کیوں کہ  اس پر اس ذاتِ پاک کا نام لیا جاتا ہے جو بادشاہوں کو تخت و تاج کی بھیک عطا کرتی ہے۔ پھر یہ بوریا تختِ شہاں سے افضل نہ ہوگا؟اللہ تعالیٰ ہم لوگوں کو صاحبِ وفا بنادیں، ہر سانس اپنا باوفا رکھیں اور بے وفائی سے اپنی پناہ میں رکھیں۔ اور اللہ تعالیٰ  کا باوفا بننا بہت آسان ہے لیکن ہم نے اس کو مشکل بنا رکھا ہے۔ اوّابین نہ پڑھیے، تہجد نہ پڑھیے،اشراق و چاشت عمر بھر نہ پڑھیے، صرف ایک کام کیجیے کہ کام نہ کیجیےیعنی جس کام سے   اللہ تعالیٰ ناراض ہوتا ہے اس کام سے بچیے۔ پھر فرض، واجب اور سنتِ مؤ کدہ پر ولایتِ علیا، ولایتِ عظیمہ، ولایتِ صدیقیت مل جائے گی۔ کرنے کے کام زیادہ نہیں ہیں، کام نہ کیجیے، کام کو چھوڑ دیجیے،آرام سے رہیےاور ولی اللہ بن جائیے۔آنکھوں کا آرام یہ ہے کہ نامحرموں کو مت دیکھو، حرام چیزوں کو مت دیکھو۔ اپنا دل ہو یا کسی اور کا دل ہو دل کو اذیت دینا حرام ہے یا نہیں؟ مؤمن جب غیرعورتوں کو دیکھتا ہے تو دل کو تکلیف ہوتی ہے کہ نہیں؟ جس طرح دوسرے کے دل کو تکلیف دینا حرام ہے اسی طرح اپنے دل کو تکلیف دینا بھی تو حرام ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے کہ مسلمان وہ ہے جس کی ایذاؤں سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔تو آپ بھی تو مسلمان ہیں لہٰذا پَرائی عورتوں کو دیکھ کر اپنے دل کو تڑپانا، کلپانا اور ایذا پہنچانا کیسے جائز ہوگا؟
x
ﻧﻤﺒﺮﻣﻀﻤﻮﻥﺻﻔﺤﮧﻭاﻟﺪ
1 فہرست 1 0
Flag Counter