Deobandi Books

تلخیص علوم القرآن - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

2 - 73
تلخیص علوم القرآن
مفتی محمد تقی عثمانی
یہ متن در اصل اپنے والد مفتی محمد شفیع کی معروف تفسیر معارف القرآن کے مقدمے کے طور پر لکھا گیا تھا لیکن جب اتنا بسیط ہو گیا تو یہ ایک الگ کتاب ’علوم القرآن‘ کے طور پر شائع کی گئی اور اسی کی تلخیص ’معارف القرآن‘ میں بطور مقدمہ شائع ہوئی ہے ۔
اردو لائبریری اس مقدمے کو ایک برقی کتاب کے طور پر پیش کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کرتی ہے ۔
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اَلْحَمْدُ لِلہِ وَکَفٰی سِلامٌ عَلیٰٓ عِبَادِہِ الَّذِیْنَ اسْطَفی
وحی اور اُس کی حقیقت
 قرآن کریم چونکہ سرور کائنات حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم پر وحی کے ذریعہ نازل کیا گیا ہے اس لیے سب سے پہلے وحی کے بارے میں چند ضروری باتیں سمجھ لینی چاہئیں ،
وحی کی ضُرورت :۔ ہر مسلمان جانتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نہ انسان کو اس دنیا میں آزمائش کے لیے بھیجا ہے ، اور اس کے ذمہ کچھ فرائض عائد کر کے پوری کائنات کو اس کی خدمت میں لگا دیا ہے ، لہٰذا دنیا میں آنے کے بعد انسان کے لیے دو کام ناگزیر ہیں ، ایک یہ کہ وہ اس کائنات سے اور اس میں پیدا کی ہوئی اشیاء سے ٹھیک ٹھیک کام لے ، اور دوسرے یہ کہ اس کائنات کو استعمال کرتے ہوۓ اللہ تعالیٰ کے احکام کو مد نظر  رکھے ، اور کوئی ایسی حرکت نہ کرے جو اللہ تبارک و  تعالیٰ کی مرضی کے خلاف ہو۔

Flag Counter