ان تمام اکابرین امت کے فتنہ قادیانیت کے خلاف رشحات قلم کامطالعہ آپ کے ایمان کو جلابخشے گا
فبھت الذی کفر
ابویوسف مبارک علی قادیانی صدر بازار سیالکوٹ سے اتفاقی
مباحثہ بتاریخ ۲؍شوال المکرم ۱۳۱۵ھ بمطابق ۲۴؍فروری۱۸۹۸ء
راقم… اہل سنت ، اہل تشیع کو کیوں برا جانتے ہیں؟
صدر بازاری… چونکہ اہل تشیع، صحابہؓ کے شان میں گستاخ ہیں۔ اس لئے اہل سنت جو ان کے متبعین ہیں ان کو بحکم ’’ومن کفر بعد ذالک فاؤلئک وھم الفاسقون (النور:۵۵)‘‘ فاسق اعتقاد کرتے ہیں۔
راقم… چند روز سے کچھ آیات بنیات میرے دل میں آرہی ہیں جن سے صاف طور پر ثابت ہوتا ہے کہ اہل تشیع جادۂ ہدایت سے بمراحل بعید ہیں۔ امید ہے کہ آپ بھی سن کر ان پر صاد کریںگے اور وہ یہ ہیں۔
’’فان اٰمنوا بمثل ما اٰمنتم بہ فقد اھتدوا وان تولوا فانما ھم فی شقاق (بقرہ:۱۳۷)‘‘ اس آیت میں اﷲتعالیٰ نے ایمان کی صحت کے لئے صحابہؓ کی موافقت کو لازم ٹھہرایا ہے۔ پس جو کوئی ان محبوبین رب العالمین سے بغض وعداوت رکھے اس کا ایمان، کہاں اور اسلام کہاں۔
’’ومن یشاقق الرسول من بعد ما تبین لہ الھدی ویتبع غیر سبیل المؤمنین نولہ ما تولی ونصلہ جھنم وسأت مصیرا (نسائ:۱۱۵)‘‘
اس آیت شریفہ میں اﷲتعالیٰ نے اصحاب نبیﷺ کی اتباع کو ایسا لازمی کردیا کہ درصورت خلاف ورزی باب ہدایت مسدود ہوجاتا ہے اور جہنم (جس کے عذاب سے اﷲتعالیٰ اپنی پناہ میں رکھے) جگہ ہوتی ہے۔
’’والسابقون الا ولون من المہاجرین والانصار والذین اتبعو ھم باحسان رضی اﷲ عنہم ورضواعنہ (توبہ:۱۰۰)‘‘ اس آیت کریمہ میں اﷲ جل شانہ نے اپنی رضا ان کے اتباع کے لئے خاص کر لی۔ کیونکہ جب ان کی اتباع میں بحر رضوان الٰہی موج زن ہوتا ہے تو ان کی مخالفت میں غضب الٰہی جوش میں آتا ہے۔
’’وعد اﷲ الذین اٰمنوا منکم وعملوا الصٰلحت لیستخلفنھم فی الارض کما استخلف الذین من قبلھم ولیمکنن لھم دینھم الذی ارتضے لھم ولیبد لنھم من بعد خوفھم امنا یعبد وننی لا یشرکون بی شیئا ومن کفر بعد ذالک فاؤلئک ھم الفاسقون (نور:۵۵)‘‘ اس آیت میں اﷲجل شانہ نے صحابہؓ کے ہاتھوں سے اس پاک دین کو پکا کرنے کا وعدہ دیا ہے اور جو کوئی اس پیچھے بھی کفر کریں تو وہ پرلے درجہ کے نافرمان ہیں، اور یہ معلوم ہے کہ ہمارا دین عقائد واعمال کا مجموعہ ہے۔ پس جونسا عقیدہ کہ ان کے عہد سعادت مہد میں رائج وشائع نہیں ہوا وہ مستحدث ہے۔ ولہٰذا غیر مقبول!