مقدمۂ ناشر
بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
الحمد ﷲ وسلام علیٰ عبادہ الذین اصطفیٰ! علمائے امت نے قادیانی فتنہ کے کسی پہلو کو تشنۂ بحث نہیں چھوڑا، بلکہ اس کے جلی وخفی تمام گوشوں کو بالکل واضح کر دیا ہے۔ تاکہ اﷲتعالیٰ کی حجت اس کے بندوں پر قائم ہو جائے اور کوئی شخص کل میدان محشر میں یہ نہ کہہ سکے کہ اہل علم کے ذمہ ہماری راہنمائی کا جو فریضہ عائد تھا وہ انہوں نے ادا نہیں کیا۔
قادیانیت پر جو کتابیں لکھی گئی ہیں ان میں سے یہ کتاب، جو آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس میں اسلام اور قادیانیت کا تقابلی مطالعہ پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قادیانیت نے کن کن امور میں اسلام سے خروج وانحراف کا راستہ اختیار کیا ہے اور اسلامی عقائد بالخصوص عقیدۂ ختم نبوت اور حیات عیسیٰ علیہ السلام کو ایسے قطعی دلائل وبراہین سے آراستہ کیا ہے کہ ایک سلیم الفطرت آدمی کو اسلامی عقائد کی حقانیت میں ذرا بھی شبہ نہیں رہ جاتا۔
’’مجلس تحفظ ختم نبوت‘‘ کی جانب سے ’’رئیس قادیان‘‘ مؤلفہ ابوالقاسم رفیق دلاوری مرحوم، ’’خاتم النبیین‘‘ (فارسی، اردو) مؤلفہ امام العصر مولانا محمدانور شاہ کشمیریؒ، ’’التصریح بما تواتر فی نزول المسیح‘‘ از حضرت کشمیریؒ، ’’مغلظات مرزا‘‘ از مولانا نور محمد خان، ’’مجموعہ رسائل‘‘ از مولانا سید مرتضیٰ حسن چاندپوری اور دیگر بہت سے رسائل شائع ہو چکے ہیں۔ الحمدﷲ کہ احباب کی فرمائش پر آج ہم مولانا عبدالغنی صاحب پٹیالویؒ کی اس کتاب کو شائع کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
مقام مسرت ہے کہ حضرت اقدس مولانا سید محمد یوسف بنوری نور اﷲ مرقدہ، کے مدرسہ ’’جامعۃ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کراچی نمبر۵‘‘ میں یہ کتاب شامل نصاب کر لی گئی ہے۔ ہم دیگر اکابر سے بھی یہ توقع رکھیں گے کہ وہ اس طرف بطور خاص توجہ فرمائیں۔ والحمدﷲ اولاً وآخراً!
محمد یوسف لدھیانوی
مجلس تحفظ ختم نبوت ملتان، پاکستان
۱۲؍محرم الحرام۱۳۹۹ھ
عرض مرتب وتعارف کتب ورسائل
بسم اﷲ الرحمن الرحیم!
نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم۰ امابعد! احتساب قادیانیت کی اس ۱۷ویں جلد میں حضرت مولانا عبدالغنی پٹیالویؒ اور حضرت مولانا نور محمد خان سہارنپوریؒ کی چھ کتب ورسائل شامل اشاعت ہیں۔
۱… مدرسہ عین العلم شاہجہان پور۔ یو۔پی کے صدر مدرس حضرت مولانا عبدالغنی پٹیالوی نے ۱۹۲۷ء میں ھدایۃ الممتری عن غوایۃ المفتری کے نام سے یہ کتاب تالیف کی۔ اس کتاب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کتاب میں اسلام اور قادیانیت کا تقابل کر کے قادیانی کفر کو واشگاف الفاظ